🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: اس تفصیلی مدلل بیان کا خلاصہ یہ ہے کہ غلام لونڈی اگر اپنے آقاؤں سے چھٹکارا حاصل...
حدیث حاشیہ:
اس تفصیلی مدلل بیان کا خلاصہ یہ ہے کہ غلام لونڈی اگر اپنے آقاؤں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے مکاتبت کا معاملہ کرنا چاہیں اور ان میں اتنی اہلیت بھی ہو کہ کسی نہ کسی طرح اس معاملہ کو باحسن طریق پورا کریں گے تو آقاؤں کے لیے ضروری ہے کہ وہ یہ معاملہ کرکے ان کو آزاد کردیں۔
آیت کریمہ ﴿إِنْ عَلِمْتُمْ فِيهِمْ خَيْرًا﴾ (النور: 33) (اگر تم ان میں خیر دیکھو تو ان سے مکاتبت کرلو)
میں خیر سے مراد یہ ہے کہ وہ کمائی کے لائق اور ایماندار ہوں، محنت مزدوری کرکے بدل کتابت ادا کردیں، لوگوں کے سامنے بھیک مانگتے نہ پھریں۔
﴿وَآتُوهُمْ مِنْ مَالِ اللَّهِ الَّذِي آتَاكُمْ﴾ (النور: 33) (اور اپنے مال میں سے جو اللہ نے تم کو دیا ہے ان کی کچھ مدد بھی کرو)
سے مراد یہ کہ اپنے پاس ان کو بطور امداد کچھ دو، تاکہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں یا بدل کتابت میں سے کچھ معاف کردو۔
روح کے اثر کو اسماعیل قاضی نے احکام القرآن میں اور عبدالرزاق اور شافعی نے وصل کیا ہے۔
حضرت عطاءنے واجب قرار دیا کہ بشرط مذکور آقا غلام کی مکاتبت قبول کرلے۔
امام ابن حزم اور ظاہریہ کے نزدیک اگر غلام مکاتبت کا خواہاں ہو تو مالک پر مکاتبت کردینا واجب ہے۔
کیوں کہ قرآن میں ﴿فکاتبوهم﴾ امر کے لیے ہے جو وجوب کے لیے ہوتا ہے۔
مگر جمہور یہاں امر کو بطور استحباب قرار دیتے ہیں۔
حضرت عطاءنے جب اپنا خیال ظاہر کیا تو عمروبن دینار نے ان سے سوال کیا کہ وجوب کا قول آپ نے کسی صحابی سے سنا ہے یا اپنے قیاس اور رائے سے ایسا کہتے ہو۔
بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ عمرو بن دینار نے عطاءسے یہ پوچھا لیکن حافظ نے کہا یہ صحیح نہیں ہے بلکہ ابن جریج نے عطاءسے یہ پوچھا۔
جیسے عبدالرزاق اور شافعی کی روایت میں اس کی تصریح ہے۔
اس صورت میں قال عمروبن دینار جملہ معترضہ ہوگا۔
اور نسفی کی روایت میں یوں ہے وقاله عمرو بن دینار یعنی عمرو بن دینا بھی وجوب کے قائل ہوئے ہیں اور ترجمہ یوں گا ”اور عمروبن دینا نے بھی اس کو واجب کہا ہے۔
“ ابن جریج نے کہا میں نے عطاءسے پوچھا کیا یہ تم کسی سے روایت کرتے ہو؟ آگے حضرت عمر ؓ کا قول مذکور ہے اور عمل بھی ظاہر ہے کہ وہ بشرط مذکور مکاتبت کو واجب کہتے تھے۔
جیسے ابن حزم اور ظاہریہ کا قول ہے۔
حضرت بریرہ ؓ پر پانچ اوقیہ چاندی پانچ سال میں ادا کرنی مقرر ہوئی تھی۔
اسی سے باب کا مطلب نکلا۔
بعض علماءنے کہا کہ آیت کریمہ ﴿وَآتُوهُمْ مِنْ مَالِ اللَّهِ الَّذِي آتَاكُمْ﴾ (النور: 33)
سے مکاتب کو مال زکوٰۃ میں سے بھی امداد دی جاسکتی ہے۔
دور حاضرہ میں ناحق مصائب قید میں گرفتار ہوجانے والے مسلمان مرد عورت بھی حق رکھتے ہیں کہ ان کی آزاد ی کے لیے ان طریقوں سے مدد دی جائے۔
انس بن مالک رضی اللہ عنہ قبیلہ خزرج سے تھے۔
ان کی والدہ کا نام ام سلیم بنت ملحان تھا۔
رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم خاص تھے۔
جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو ان کی عمر دس سال کی تھی۔
حضرت عمر ؓ کے زمانہ خلافت میں بصرہ میں قیام کیا۔
وہاں لوگوں کو91ھ تک علوم دین سکھاتے رہے۔
عمر سو سال کے لگ بھگ پائی۔
ان کی اولاد کا بھی شمار سو کے قریب ہے۔
بہت سے لوگوں نے ان سے روایت کی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2560