🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت امام قدس سرہ یہاں بھی ثابت فرما رہے ہیں کہ ایمان اور عمل ہردوشے درحقیقت ایک...
حدیث حاشیہ:
حضرت امام قدس سرہ یہاں بھی ثابت فرما رہے ہیں کہ ایمان اور عمل ہردوشے درحقیقت ایک ہی ہیں اور قرآنی آیات میں جو یہاں مذکور ہیں لفظ عمل استعمال کرکے ایمان مراد لیا گیا ہے۔
جیسا کہ آیت کریمہ:
﴿وَتِلْكَ الْجَنَّةُ الَّتِي أُورِثْتُمُوهَا بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ﴾ (الزخرف: 72)
میں ہے اور بہت سے اہل علم جیسے حضرت انس بن مالک اور مجاہد اور عبداللہ بن عمر نے بالاتفاق کہا ہے کہ آیت کریمہ ﴿فَوَرَبِّكَ لَنَسْأَلَنَّهُمْ أَجْمَعِينَ میں عَمَّا كَانُوا يَعْمَلُونَ﴾ (الحجر: 93)
سے کلمہ طیبہ لاإله إلاالله پڑھنا اور اس پر عمل کرنا مراد ہے کہ قیامت کے دن اسی کے بارے میں پوچھا جائے گا۔
آیت شریفہ:
﴿لِمِثْلِ هَـٰذَا فَلْيَعْمَلِ الْعَامِلُونَ﴾ (الصافات: 61)
میں بھی ایمان مراد ہے۔
مقصد یہ کہ کتاب اللہ کی اسی قسم کی جملہ آیات میں عمل کالفظ استعمال میں لا کر ایمان مراد لیا گیا ہے۔
پھر حدیث مذکور میں نہایت صاف لفظوں میں موجود ہے "أي العمل أفضل" کون سا عمل بہترہے؟ جواب میں فرمایا:
ایمان باللہ ورسوله اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا۔
یہاں اس بارے میں ایسی صراحت موجود ہے جس میں کسی تاویل کی گنجائش ہی نہیں۔
باب کا مطلب بھی یہیں سے نکلتا ہے، کیونکہ یہاں ایمان کو صاف صاف لفظوں میں خود آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے لفظ عمل سے تعبیر فرمایا ہے اور دوسرے اعمال کو اس لیے ذکر فرمایا کہ ایمان سے یہاں اللہ ورسول پر یقین رکھنا مراد ہے۔
اسی ایمانی طاقت کے ساتھ مرد مومن میدان جہاد میں گامزن ہوتا ہے۔
حج مبرور سے خالص حج مراد ہے جس میں ریا ونمود کا شائبہ نہ ہو۔
اس کی نشانی یہ ہے کہ حج کے بعد آدمی گناہوں سے توبہ کرے۔
پھر گناہ میں مبتلا نہ ہو۔
علامہ سندی فرماتے ہیں:
"فما وقع في القرآن من عطف العمل على الإيمان في مواضع، فهو من عطف العام على الخاص لمزيد الإهتمام بالخاص والله تعالى أعلم." یعنی قرآن پاک کے بعض مقامات پر عمل کا عطف ایمان پر واقع ہوا ہے اور یہ اہتمام خاص کے پیش نظر عام کا عطف خاص پر ہے۔
خلاصہ یہ کہ جو لوگ ایمان قول بلاعمل کا عقیدہ رکھتے ہیں وہ سراسر خطا پر ہیں اور کتاب وسنت سے ان کا یہ عقیدہ باطل ظاہر و باہر ہے۔
علامہ ابن حجر فتح الباری میں فرماتے ہیں:
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کرنے والے حضرت ابوذرغفاری تھے۔
امام نووی فرماتے ہیں:
اس حدیث میں ایمان باللہ کے بعد جہاد کا پھر حج مبرور کا ذکر ہے۔
حدیث ابوذر میں حج کا ذکر چھوڑ کر عتق یعنی غلام آزاد کرنے کا ذکر ہے۔
حدیث ابن مسعود میں نماز پھر بر (نیکی)
پھر جہاد کا ذکر ہے۔
بعض جگہ پہلے اس شخص کا ذکر ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے لوگ سلامتی میں رہیں۔
یہ جملہ اختلافات احوال مختلفہ کی بنا پر اور اہل خطاب کی ضروریات کی بنا پر ہیں۔
بعض جگہ سامعین کو جو چیز معلوم تھیں ان کا ذکر نہیں کیا گیا اور جو معلوم کرانا تھا اسے ذکر کر دیا گیا۔
اس روایت میں جہاد کو مقدم کیا جو ارکان خمسہ میں سے نہیں ہے اور حج کو مؤخر کیا جوارکان خمسہ میں سے ہے۔
یہ اس لیے کہ جہاد کا نفع متعدی ہے یعنی پوری ملت کو حاصل ہو سکتا ہے اور حج کا نفع ایک حاجی کی ذات تک منحصرہے۔
آیت شریفہ ﴿وَتِلْكَ الْجَنَّةُ الَّتِي أُورِثْتُمُوهَا بِمَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ﴾ سورۃ زخزف میں ہے اور آیت شریفہ ﴿فَوَرَبِّكَ لَنَسْأَلَنَّهُمْ أَجْمَعِينَ﴾ سورۃ حجر میں ہے اور آیت شریفہ ﴿لِمِثْلِ هَـٰذَا فَلْيَعْمَلِ الْعَامِلُونَ﴾ سورۃ صافات میں ہے۔
تنبیہ:
حضرت امام الدنیا فی الحدیث امام بخاری کے جملہ تراجم ابواب پر نظر غائر ڈالنے سے آپ کی دقت نظر و وسعت معلومات، مجتہدانہ بصیرت، خداداد قابلیت روز روشن کی طرح واضح ہوتی ہے۔
مگرتعصب کا برا ہو آج کل ایک جماعت نے اسی کو ”خدمت حدیث“ قرار دیا ہے کہ آپ کی علمی شان پر جا و بےجا حملے کر کے آپ کے خداداد مقام کو گرایا جائے اور صحیح بخاری شریف کو اللہ نے جوقبولیت عام عطا کی ہے جس طور پر بھی ممکن ہو اسے عدم قبولیت میں تبدیل کیا جائے۔
اگرچہ ان حضرات کی یہ غلط کوشش بالکل بے سود ہے۔
پھر بھی کچھ سادہ لوح مسلمان ان کی ایسی نامبارک مساعی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
ان ”حضرات“ کی ایک نئی اپچ یہ بھی ہے کہ حضرت امام بخاری حدیث نبوی کے لیے ناقل محض تھے۔
مجتہدانہ بصیرت ان کے حصہ میں نہیں آئی تھی۔
یہ قول اتنا باطل اور بے ہودہ ہے کہ اس کی تردید میں دفاتر لکھے جاسکتے ہیں۔
مگربخوف طوالت ہم سردست صرف حجۃ الہند حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی کا ایک مختصر تبصرہ نقل کرتے ہیں جس سے واضح ہوجائے گا کہ حضرت امام بخاری کی شان میں ایسی ہرزہ سرائی کرنے والوں کی دیانت وامانت کس درجہ میں ہے۔
یہ تبصرہ حضرت العلام مولانا وحیدالزماں کے لفظوں میں یہ ہے۔
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی نے اپنی بعض تالیفات میں لکھا ہے کہ ایک دن ہم اس حدیث میں بحث کررہے تھے:
" ‏لو كان الإيمانُ عند الثُّرَيّا لَنالَهُ رِجالٌ مِن هَؤُلاءِ يعني أهل فارس و في رواية لناله رجال من هؤلاء." میں نے کہا امام بخاری ان لوگوں میں داخل ہیں۔
اس لیے کہ خدائے منان نے حدیث کا علم انھیں کے ہاتھوں مشہور کیا ہے اور ہمارے زمانے تک حدیث باسناد صحیح متصل اسی مرد کی ہمت مردانہ سے باقی رہی۔
(جس شخص کے ساتھ بحث ہو رہی تھی)
وہ شخص اہل حدیث سے ایک قسم کا بغض رکھتا تھا جیسے ہمارے زمانے کے اکثر فقیہوں کا حال ہے۔
خدا ان کو ہدایت کرے اس نے میری بات کو پسند نہ کیا اور کہا کہ امام بخاری حدیث کے حافظ تھے نہ عالم۔
ان کو ضعیف اور حدیث صحیح کی پہچان تھی لیکن فقہ اور فہم میں کامل نہ تھے (اے جاہل! تونے امام بخاری کی تصنیفات پر غور نہیں کیا ورنہ ایسی بات ان کے حق میں نہیں نکالتا۔
وہ توفقہ اور فہم اور باریکی استنباط میں طاق ہیں اور مجتہد مطلق ہیں اور اس کے ساتھ حافظ حدیث بھی تھے، یہ فضیلت کسی مجتہد کو بہت کم نصیب ہوتی ہے)
شاہ صاحب نے فرمایا کہ میں نے اس شخص کی طرف سے منہ پھیر لیا۔
(کیونکہ جواب جاہلاں باشد خموشی)
اور اپنے لوگوں کی طرف متوجہ ہوا اور میں نے کہا کہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ تقریب میں لکھتے ہیں:
محمد ابن اسماعیل امام الدنیا فی فقہ الحدیث یعنی امام بخاری سب دنیا کے امام ہیں فقہ حدیث میں اور یہ امر اس شخص کے نزدیک جس نے فن حدیث کا تتبع کیا ہو، بدیہی ہے۔
بعد اس کے میں نے امام بخاری کی چند تحقیقات علمیہ جو سوا ان کے کسی نے نہیں کی ہیں، بیان کیں اور جو کچھ خدا نے چاہا وہ میری زبان سے نکلا۔
(مقدمہ تیسیرالباری:
ص 27-28)
صاحب ایضاح البخاری (دیوبند)
نے بھی حضرت امام بخاری کو ایک مجتہد تسلیم کیا ہے۔
جیسا کہ اسی کتاب کے مقدمہ پر مرقوم ہے۔
مگر دوسری طرف کچھ ایسے متعصب بھی موجود ہیں جن کا مشن ہی یہ ہے کہ جس طور بھی ممکن ہو حضرت امام بخاری کی تخفیف و تنقیص وتجہیل کی جائے۔
ایسے حضرات کو یہ حدیث قدسی یادرکھنی چاہیئے:
«مَنْ عَادَى لِي وَلِيًّا فَقَدْ آذَنْتُهُ بِالْحَرْبِ» اللہ کے پیارے بندوں سے عداوت رکھنے والے خدا سے جنگ کرنے کے لیے تیار ہوجائیں اور نتیجہ دیکھ لیں کہ اس جنگ میں ان کو کیا حاصل ہوتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ حضرت امام بخاری اللہ کے پیارے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے فدائی تھے۔
یہ عرض کردینا بھی ضروری ہے کہ حضرت امام ابوحنیفہ بھی اپنی جگہ پر امت کے لیے باعث صدفخر ہیں۔
ان کی مجتہدانہ مساعی کے شکریہ سے امت کسی صورت میں بھی عہدہ برآ نہیں ہوسکتی۔
مگران کی تعریف اور توصیف میں ہم امام بخاری کی تنقیص و تجہیل کرنا شروع کردیں، یہ انتہائی غلط قدم ہوگا۔
اللہ ہم سب کو نیک سمجھ عطا فرمائے۔
آمین۔
حضرت امام بخاری قدس سرہ کے مناقب کے لیے یہ ہی کافی ہے کہ وہ نہ صرف محدث، فقیہ، مفسر بلکہ ولی کامل بھی تھے۔
خدا پر ستی اور استغراق کا یہ عالم تھا کہ ایک مرتبہ نماز کی حالت میں آپ کو زنبور نے سترہ بار کاٹا اور آپ نے نماز میں اف تک نہ کی۔
نماز کے بعدلوگوں نے دیکھا کہ سترہ جگہ زنبور کا ڈنک لگا اور جسم کا بیشتر حصہ سوج گیا ہے۔
آپ کی سخاوت کا ہرطرف چرچا تھا خصوصاً طلبائے اسلام کا بہت زیادہ خیال رکھا کرتے تھے، اسی لیے علمائے معاصرین میں سے بہت بڑی تعداد کا یہ متفقہ قول ہے کہ امام بخاری کو علماء پر ایسی فضیلت حاصل ہے جیسی کہ مردوں کو عورتوں پر حاصل ہے، وہ اللہ پاک کی آیات قدرت میں سے زمین پر چلنے پھرنے والی ایک زندہ نشانی تھے، (رحمۃ اللہ علیہ)
حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ یہ مناقب حضرت امام بخاری کے مشائخ اور ان کے زمانہ کے علماء کے بیان کردہ ہیں اگر ہم بعد والوں کے بھی اقوال نقل کریں توکاغذ ختم ہوجائیں گے اور عمر تمام ہوجائے گی مگر ہم ان سب کو نہ لکھ سکیں گے۔
مطلب یہ کہ بے شمار علماء نے ان کی تعریف کی ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 26