🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: عبداللہ بن ابی خزرج کا سردار تھا، مدینہ والے اس کو بادشاہ بنانے کو تھے، آنحضرت ﷺ...
حدیث حاشیہ:
عبداللہ بن ابی خزرج کا سردار تھا، مدینہ والے اس کو بادشاہ بنانے کو تھے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور یہ امر ملتوی رہا، لوگوں نے آپ کو یہ رائے دی کہ آپ اس کے پاس تشریف لے جائیں گے تو اس کی دلجوئی ہوگی اوربہت سے لوگ اسلام قبول کریں گے۔
پیغمبر مغرور نہیں ہوتے، آپ بلاتکلف تشریف لے گئے۔
مگر اس مردود نے جو اپنے آپ کو بہت نفیس مزاج سمجھتا تھا، آپ کے گدھے کو بدبودار سمجھا اور یہ گستاخانہ کلام کیا جو اس کے خبث باطنی کی دلیل تھا۔
ایک انصاری صحابی نے اس کو منہ توڑ جواب دیا جسے سن کر اس منافق کے خاندان کے کچھ لوگ طیش میں آگئے اور قریب تھا کہ باہم جنگ بپا ہوجائے، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر دو فریق میں صلح کرادی، آیت میں مسلمانوں میں صلح کرانے کا ذکر ہے۔
یہ ہر دو گروہ مسلمان ہی تھے۔
کتاب الصلح میں اس لیے اس حدیث کو حضرت امام ؒ نے درج کیا کہ آپس کی صلح صفائی کے لیے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سخت ترین تاکیدات ہیں اور یہ عمل عنداللہ بہت ہی اجروثواب کا موجب ہے۔
آیت مذکورہ فی الباب میں یہ ہے کہ مسلمانوں کے دو گروہ آپس میں لڑپڑیں تو ان میں صلح کرادو۔
مگر یہاں یہ اعتراض ہوتا ہے کہ آیت تو مسلمانوں کے بارے میں ہے اور عبداللہ بن ابی کے ساتھی تو اس وقت تک کافر تھے۔
قسطلانی نے کہا ابن عباس ؓ کی تفسیر میں ہے کہ عبداللہ بن ابی کے ساتھی بھی مسلمان ہوچکے تھے، آیت میں لفظ ”مومنین“ خود اس امر پر دلیل ہے۔
اہل اسلام کا باہمی قتل و قتال اتنا برا ہے کہ اس کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے۔
اللھم ألف بین قلوبنا وأصلح ذات بیننا بعض متعصب مقلد علماءنے اپنے مسلک کے سوا دوسرے مسلمانوں کے خلاف عوام میں اس قدر تعصب پھیلا رکھا ہے کہ وہ دوسرے مسلمانوں کو بالکل اجنبیت کی نگاہوں سے دیکھتے ہیں۔
ایسے علماءکو خدا نیک سمجھ عطا کرے۔
آمین۔
خاص طور پر اہل حدیث سے بغض و عناد اہل بدعت کی نشانی ہے جیسا کہ حضرت شاہ عبدالقادر جیلانی ؒنے تحریر فرمایا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2691