🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: یہ آیتیں غزوۂ تبوک کے بارے میں نازل ہوئیں۔ تبوک مکہ سے شہر مدینہ کے شمال کی...
حدیث حاشیہ:
یہ آیتیں غزوۂ تبوک کے بارے میں نازل ہوئیں۔
تبوک مکہ سے شہر مدینہ کے شمال کی سرحد پر واقع ہے۔
مدینہ منورہ سے تبوک کی مسافت بارہ منزلوں کی ہے۔
شام پر اس وقت عیسائیوں کی حکومت تھی‘ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم غزوۂ حنین سے فارغ ہو کر مدینہ منورہ واپس ہوئے تو آپؐ کو خبر ملی کہ عیسائی فوجیں مقام تبوک میں جمع ہو رہی ہیں اور مدینہ پر حملہ کرنے کی تیاریوں میں لگی ہوئی ہیں‘ جن کی آپؐ نے خود ہی بڑھ کر مدافعت کرنی چاہی۔
چنانچہ تیس ہزار فوج آپؐ کے ساتھ ہوگئی‘ لیکن موسم سخت گرمی کا تھا‘ کھجوروں کی فصل پکنے اور کٹنے کا زمانہ تھا جس پر اہل مدینہ کی گزران بڑی حد تک موقوف تھی‘ مقابلہ بھی ایک باقاعدہ فوج سے تھا اور وہ بھی اپنے وقت کی بڑی سلطنت کی فوج اور سفر بھی دور دراز‘ اس لئے بعضوں کی ہمتیں جواب دے گئیں اور منافقین نے تو خوب ہی بہانے لگائے پھر بھی جب عیسائیوں کو حالات کی ناموافقت کے باوجود مسلمانوں کی اس تیاری کا علم ہوا تو خود ہی ان کے حوصلے پست ہوگئے اور انہیں فوج کشی کی ہمت نہ ہوئی۔
لشکر اسلام ایک مدت تک انتظار کے بعد واپس چلا آیا (سورۂ توبہ میں)
آیات شریفہ ﴿یَعْتَذِرُوْنَ اِلَیْکُمْ اِذَا رَجَعْتُمْ اِلَیْھِمْ﴾ (التوبة: 94)
میں اس جنگ سے متعلقین منافقین کا ذکر ہے دنیا کارگاہ عمل ہے‘ وقت آنے پر جی چرانے والوں کو اسلامی اصطلاح میں لفظ منافق سے یاد کیا گیا ہے کیونکہ اسلام سراسر عملی زندگی کا نام ہے‘ سچ ہے ؎ عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 2825