🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: آیت کریمہ: ﴿ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ أَنْ يَكْتُمْنَ مَا خَلَقَ اللَّهُ فِي أَرْحَامِهِنَّ﴾ (البقرة: 228) کی تفسیر...
حدیث حاشیہ:
آیت کریمہ:
﴿ وَلَا يَحِلُّ لَهُنَّ أَنْ يَكْتُمْنَ مَا خَلَقَ اللَّهُ فِي أَرْحَامِهِنَّ﴾ (البقرة: 228)
کی تفسیر میں زہری ؒ اور مجاہد ؒ نے کہا کہ عورتوں کواپنا حیض یاحمل چھپانا درست نہیں، ان کو چاہیے کہ حقیقت حال کو صحیح صحیح بیان کردیں۔
اب اگران کا بیان ماننے کے لائق نہ ہو تو بیان سے کیا فائدہ۔
اس طرح حضرت امام بخاری ؒ نے اس آیت سے باب کا مطلب نکالا ہے۔
ہوا یہ تھا کہ قاضی شریح ؒ کے سامنے ایک مقدمہ آیا۔
جس میں طلاق پر ایک ماہ کی مدت گزر چکی تھی۔
خاوند رجوع کرنا چاہتا تھا۔
لیکن عورت کہتی تھی کہ میری عدت گزر گئی اور ایک ہی ماہ میں تین حیض آگئے ہیں۔
تب قاضی شریح نے یہ فیصلہ حضرت علی ؓ کے سامنے سنایا، اس کو دارمی نے سند صحیح کے ساتھ موصولاً روایت کیا ہے۔
قاضی شریح کے فیصلہ کو سن کر حضرت علی ؓ نے فرمایاکہ تم نے اچھا فیصلہ کیا ہے۔
اس واقعہ کو اسی حوالہ سے امام قسطلانی ؒ نے بھی اپنی کتاب جلد1،ص: 295 پر ذکر فرمایا ہے۔
قاضی شریح بن حرث کوفی ہیں۔
جنھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زمانہ پایا، مگر آپ سے ان کو ملاقات نصیب نہ ہوسکی۔
قضاۃ میں ان کا مقام بہت بلند ہے۔
حیض کی مدت کم سے کم ایک دن زیادہ سے زیادہ پندرہ دن تک ہے۔
حنفیہ کے نزدیک حیض کی مدت کم سے کم تین دن اور زیادہ سے زیادہ دس دن ہیں۔
مگر اس بارے میں ان کے دلائل قوی نہیں ہیں۔
صحیح مذہب اہل حدیث کا ہے کہ حیض کی کوئی مدت معین نہیں۔
ہر عورت کی عادت پر اس کا انحصارہے، اگرمعین بھی کریں توچھ یا سات روز اکثر مدت معین ہوگی، جیسا کہ صحیح حدیث میں مذکور ہے۔
ایک مہینہ میں عورت کو تین بارحیض نہیں آیا کرتا، تندرست عورت کو ہر ماہ صرف چندایام کے لیے ایک ہی بار حیض آتا ہے، لیکن اگر کبھی شاذ و نادر ایسا ہوجائے اور عورت خود اقرار کرے کہ اس کو تین بار ایک ہی مہینہ میں حیض آیا ہے تواس کا بیان تسلیم کیا جائے گا۔
جس طرح استحاضہ کے متعلق عورت ہی کے بیان پر فتویٰ دیا جائے گا کہ کتنے دن وہ حالت حیض میں رہتی ہے اور کتنے دن اس کو استحاضہ کی حالت رہتی ہے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی حضرت فاطمہ بنت ابی حبیش ؓ ہی کے بیان پر ان کو مسائل متعلقہ تعلیم فرمائے۔
علامہ قسطلانی فرماتے ہیں:
''ومناسبة الحديث للترجمة في قوله:
قدر الأيام التي كنت تحيضين فيها فيوكل ذلك إلى أمانتهاوردّها إلى عادتها'' (شرح القسطلاني: 362/1)
”یعنی حدیث اور باب میں مناسبت حدیث کے اس جملہ میں ہے کہ نماز چھوڑدو ان دنوں کے اندازہ پر جن میں تم کو حیض آتا رہا ہے۔
پس اس معاملہ کو اس کی امانت داری پر چھوڑدیا جائے گا۔
“
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 325