🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: شیطان یہ وسوسہ اس طرح ڈالتا ہے کہ دنیا میں سب چیزیں علل اور معلولات اور اسباب...
حدیث حاشیہ:
شیطان یہ وسوسہ اس طرح ڈالتا ہے کہ دنیا میں سب چیزیں علل اور معلولات اور اسباب اور مسببات ہیں یعنی ایک چیز سے دوسری چیز پیدا ہوتی ہے وہ چیز دوسری سے مثلاً بیٹا باپ سے باپ دادا سے، دادا پر دادا سے، اخیر میں انتہا خدا تک ہوتی ہے۔
تو شیطان یہ کہتا ہے پھر خدا کی بھی کوئی علت ہوگی، اس مردود کا جواب أعوذ باللہ پڑھنا ہے۔
اگر خواہ مخواہ عقلی جواب ہی مانگے تو جواب یہ ہے کہ اگر ازل میں برابر علل اور معلولات کا سلسلہ چلا جائے اور کسی علت پر ختم نہ ہو تو پھر لازم آتا ہے کہ مابالعرض بغیر ما بالذات کے موجود ہو اور یہ محال ہے۔
پس معلوم ہوا کہ اس سلسلہ کی انتہا ایک ایسی ذات مقدس پر ہے جو علت محضہ ہے اور وہ کسی کی معلول نہیں اور وہ موجود بالذات ہے اپنے وجود میں کسی کی محتاج نہیں۔
وہی ذات مقدس خدا ہے۔
بہتر یہ ہے کہ ایسے عقلی ڈھکوسلوں میں نہ پڑے اور أعوذ باللہ پڑھ کر اپنے مالک حقیقی سے مدد چاہے۔
وہ شیطان کا وسوسہ دور کردے گا جیسے اس نے خود فرمایا ہے ﴿إِنَّ عِبَادِي لَيْسَ لَكَ عَلَيْهِمْ سُلْطَانٌ ۚ﴾ یعنی اے شیطان! میرے خاص بندوں پر تیری کوئی دلیل نہیں چل سکے گی۔
صدق اللہ تبارك و تعالیٰ
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3276