🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: واقعہ ہجرت اجمال اور تفصیل کے ساتھ موقع بہ موقع کئی جگہ بیان میں آیا ہے۔ تاریخ...
حدیث حاشیہ:
واقعہ ہجرت اجمال اور تفصیل کے ساتھ موقع بہ موقع کئی جگہ بیان میں آیا ہے۔
تاریخ اسلام میں اس کی بڑی اہمیت ہے، 27 صفر13نبوت پنج شنبہ12 ستمبر621 ء کی تاریخ تھی کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت ا بوبکر صدیق ؓ کو ساتھ لے کر شہر مکہ سے نکلے مکہ سے چار۔
پانچ میل کے فاصلہ پر کوہ ثور ہے جس کی چڑھائی سر توڑ ہے۔
آپ بصد مشقت پہاڑ کے اوپر جاکر ایک غار میں قیام پذیر ہوئے۔
الحمد للہ1970 ء کے حج مبارک کے موقعہ پر میں بھی اس غار تک جاکر وہاں تھوڑی دیر تاریخ ہجرت کو یاد کرچکا ہوں۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا تین دن وہاں قیام رہا چو تھی شب میں وہاں سے ہر دو بزرگ عازم مدینہ ہوئے۔
عامر بن فہیرہ ؓ اور عبد اللہ بن اریقط ؓ کو بھی معاونین سفر کی حیثیت سے ساتھ لے گئے۔
مدینہ کی جانب یکم ربیع الاول روز دو شنبہ16 ستمبر622ء کو روانگی ہوئی۔
مکہ والوں نے آپ ہر دو کی گرفتاری کے لئے چاروں طرف جاسوس دوڑادیئے تھے۔
جن میں ایک سراقہ بن جعشم (رضي اللہ عنه)
بھی تھا جو اپنی گھوڑی پر سوار مسلح رابغ سے کچھ آگے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب پہنچ گیا تھا مگر آپ کی بد دعا سے گھوڑی کے پیر زمین میں دھنس گئے اور سراقہ سمجھ گیا کہ ایک سچے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر حملہ آسان نہیں ہے جس کے ساتھ اللہ کی مدد ہے۔
آخر وہ امن کا طلب گار ہوا اور تحریری طور پر اسے امان دے دی گئی۔
غار سے نکل کر پہلے ہی دن آپ کا گزر ام معبد کے خیمہ پر ہوا تھا جو قوم خزاعہ سے تھی اور سرراہ مسافروں کی خدمت کے لئے مشہور تھی۔
الاستیعاب میں ہے کہ جب سراقہ واپس ہونے لگا تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا سراقہ اس وقت تیری کیا شان ہو گی جب کسریٰ کے شاہی کنگن تیرے ہاتھوں میں پہنائے جائیں گے سراقہ ؓ احد کے بعد مسلمان ہوئے اور خلافت فاروقی میں مدائن فتح ہوا اور کسریٰ کا تاج اور زیورات دربار خلافت میں آئے تو حضرت عمر ؓ نے سراقہ ؓ کو بلا کر اس کے ہاتھوں میں کسریٰ کے کنگن پہنا دیئے اور زبان سے فرمایا اللہ اکبر اللہ کی بڑی شان ہے کہ کسریٰ کے کنگن سراقہ اعرابی کے ہاتھوں میں پہنادیئے۔
خیمہ ام معبد پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے آرام فرمایا۔
وہاں سے روانہ ہونے پر راستہ میں بریدہ اسلمی ملا جو آپ کی تلاش میں نکلا تھا مگر آپ سے ہم کلام ہونے پر اپنے ستر ساتھیوں کے ساتھ مسلمان ہوگیا۔
نیز راستہ ہی میں زبیر بن عوام ؓ بھی ملے جو شام سے آرہے تھے اور مسلمانوں کا تجارت پیشہ گروہ بھی ان کے ساتھ تھا انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابو بکر ؓ کے لئے سفید پارچا جات پیش کئے۔
8 ربیع الاول روز دو شنبہ13 نبوی مطابق23 ستمبر کو آپ قبا میں پہنچ گئے۔
پنچ شنبہ تک یہا ں قیام فرمایا اور اس دوران میں مسجد قبا کی بھی بنیاد رکھی اسی جگہ شیر خدا حضرت علی مرتضیٰ ؓ بھی یہاں پہنچ گئے۔
12 ربیع الاول 1ھ مطابق 27 ستمبر 622ء بروز جمعہ آپ قبا سے روانہ ہوئے جمعہ کا وقت بنو سالم کے گھر وں میں ہوگیا۔
یہاں آپ نے سو آدمیوں کے ساتھ جمعہ پڑھا جو اسلام میں پہلا جمعہ تھا۔
اس کے بعد آپ یثرب کی جنوبی جانب سے شہر میں داخل ہوئے اور آج ہی سے شہر کا نام مدینہ النبی ہو گیا۔
عامر بن فہیرہ ؓ جو آپ کے ساتھ سفر میں تھا یہ حضرت ابوبکرصدیق ؓ کا غلام تھا۔
حضرت اسماء ؓ حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی صاحبزادی ہیں انہوں نے توشہ ایک چمڑے کے تھیلے میں رکھا اور اس کا منہ باندھنے کے لئے اپنے کمر بند کے دو ٹکڑے کر دیئے اور اس سے تھیلے کا منہ باندھا اس روز سے اس خاتون کا لقب ذات النطاقین ہوگیا۔
عبد اللہ بن اریقط راستہ کا ماہر تھا اور عاص بن وائل سہمی کے خاندان کا حلیف تھا۔
جس نے عربی قاعدہ کے مطابق پیالہ میں ہاتھ ڈبو کر اس کے ساتھ حلف کی تھی ایسے پیالے میں کوئی رنگ یا خون بھر ا جاتا تھا۔
سراقہ بن مالک ؓ کہتے ہیں کہ میں نے پانسے کئے اور فال کھولی کہ مجھ کو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا پیچھا کرنا چاہیئے یا نہیں مگر فال میرے خلاف نکلی کہ میں ان کا کچھ نقصان نہ کر سکو ں گا۔
عرب تیروں پر فال کھولا کرتے تھے۔
ایک پر کام کرنا لکھتے دوسرے پر نہ کرنا لکھتے پھر تیر نکالنے میں جونسا تیر نکلتا اس کے مطابق عمل کرتے۔
سراقہ نے پروانہ امن حاصل کرکے اپنے ترکش میں رکھ لیا تھا۔
روایت میں لفظ یزول بھم السراب کے الفاظ ہیں۔
سراب وہ ریتی جو دھوپ میں پانی کی طرح چمکتی ہے۔
حافظ نے کہا بعض نے اس کا مطلب یوں کہا ہے کہ آنکھ میں ان کے آنے کی حرکت معلوم ہو رہی تھی لیکن نزدیک آچکے تھے۔
یہ یہودی کا ذکر ہے جس نے اپنے محل کے اوپر سے سفر میں آئے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر اہل مدینہ کو بشارت دی تھی کہ تمہارے بزرگ سردار آ پہنچے۔
شروع میں مدینہ والے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نہ پہچان سکے اس لئے حضرت ابو بکر ؓ آپ پر کپڑے کا سایہ کرنے کھڑے ہو گئے۔
ابوبکر ؓ بوڑھے سفید ریش تھے اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک ڈاڑھی سیاہ تھی۔
لہٰذا لوگوں نے ابوبکر ؓ ہی کو پیغمبر سمجھا ابوبکر ؓ کو جلدی سفید ی آگئی تھی ورنہ عمر میں وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے دو اڑھائی برس چھوٹے تھے۔
آخر حدیث میں ذکر ہے کہ مسجد نبوی کی تعمیر کے وقت آپ نے ایک رجز پڑھا جس میں خیبر کے بوجھ کا ذکر ہے۔
خیبر سے لوگ کھجور انگور وغیرہ لاد کر لایا کرتے تھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ خیبر کا بوجھ اس بوجھ کے مقابلہ پر جو مسلمان تعمیر مسجد نبوی کے لئے پتھر اور گارے کی شکل میں اٹھا رہے تھے کچھ بھی نہیں ہے وہ دنیا میں کھاپی ڈالتے ہیں اور یہ بوجھ تو ایسا ہے جس کا ثواب ہمیشہ قائم رہے گا۔
جس مسلمان کا شعر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے پڑھا تھا وہ عبد اللہ بن رواحہ ؓ تھے حدیث ہجرت کے بارے میں یہ چند وضا حتی نوٹ لکھے گئے ہیں ورنہ تفصیلات بہت کچھ ہیں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3906