🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: نوٹ: حضور اکرم ﷺ ابوبکر ؓ سے دو سال کئی مہینے عمر میں بڑے تھے لیکن اس...
حدیث حاشیہ:
نوٹ:
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ابوبکر ؓ سے دو سال کئی مہینے عمر میں بڑے تھے لیکن اس وقت تک آپ کے بال سیاہ تھے اس لئے معلوم ہوتا تھا کہ آپ نوجوان ہیں لیکن ابوبکر ؓ کی داڑھی کے بال کافی سفید ہو چکے تھے۔
راوی نے اسی کی تعبیر بیان کی ہے ابوبکر ؓ چونکہ تاجر تھے اوراکثر اطراف عرب کا سفر کرتے رہتے تھے اس لئے لوگ آپ ؓ کو پہچانتے تھے۔
حدیث مذکور میں واقعہ ہجرت سے متعلق چند امور بیان کئے گئے ہیں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے 27 صفر13 نبوی روز پنج شنبہ مطابق12 ستمبر622ء مکۃ المکرمہ سے مدینہ منورہ کے لئے سفر شروع فرمایا مکہ سے چند میل فاصلہ پر کوہ ثور ہے ابتدا ء میں آپ نے اپنے سفر میں قیام کے لئے اسی پہاڑ کے ایک غار کو منتخب فرمایا جہاں تین راتوں تک آپ نے قیام فرمایا۔
اس کے بعد یکم ربیع الاول روز دو شنبہ مطابق 16 ستمبر622 ء میں آپ مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئے راستے میں بہت سے موا فق اور نا موافق حالات پیش آئے مگر آپ بفضلہ تعالیٰ ایک ہفتہ کے سفر کے بعد خیریت وعافیت کے ساتھ8 ربیع الاول13نبوی روز دوشنبہ مطابق 23 ستمبر622 ء مدینہ کے متصل ایک بستی قبا نامی میں پہنچ گئے اور پنج شنبہ تک یہاں آرام فرمایا اس دوران میں آپ نے یہاں مسجد قبا کی بنیاد ڈالی12ربیع الاول 1 ھ جمعہ کے دن آپ قبا سے روانہ ہو کر بنو سالم کے گھروں تک پہنچے تھے کہ جمعہ کا وقت ہو گیا اور آپ نے یہاں سو مسلمانوں کے ساتھ جمعہ ادا کیا جو اسلام میں پہلا جمعہ تھا جمعہ سے فارغ ہو کر آپ یثرب کے جنوبی جانب سے شہر میں داخل ہوئے اور آج شہر یثرب مدینہ النبی کے نا م سے موسوم ہو گیا۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے یہود سے جو کچھ فرمایا وہ ان پیش گوئیوں کی بنا پر تھا جو توراۃ میں موجود تھیں چنانچہ حبقوق نبی کی کتاب باب 3درس 3 میں لکھا ہوا تھا کہ اللہ جنوب سے اور وہ جوقدوس ہے کوہ فاراں سے آیا اس کی شوکت سے آسمان چھپ گیا اور زمین اس کی حمد سے معمور ہوئی یہاں مدینہ کے داخلہ پر یہ اشارے ہیں۔
کتاب بسویا 42 باب 11 میں ہے کہ سلع کے باشندے ایک گیت گائیں گے۔
یہ گیت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری پر گایا گیا۔
مدینہ کا نام پہلے انبیاءکی کتابوں میں سلع ہے۔
جنگ خندق میں مسلمانوں نے جس جگہ خندق کھودی تھی وہاں ایک پہاڑی کا نام جبل سلع مدینہ والوں کی زبان پر عام مروج تھا۔
ان ہی پیش گوئیوں کی بنا پر حضرت عبد اللہ بن سلام ؓ نے اسلام قبول فرما لیا۔
ترمذی کی روایت کے مطابق عبد اللہ بن سلام ؓ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا کلام پاک آپ کے لفظوں میں سنا تھا جس کے سنتے ہی وہ اسلام کے شید ا بن گئے۔
«يَا أَيُّهَا النَّاسُ، أَفْشُوا السَّلَامَ، وَصِلُوا الْأَرْحَامَ، وَأَطْعِمُوا الطَّعَامَ، وَصَلُّوا بِاللَّيْلِ وَالنَّاسُ نِيَامٌ» یعنی ”اے لوگو! امن وسلامتی پھیلاؤ اور کھانا کھلاؤ اور صلہ رحمی کرو اور رات میں جب لوگ سوئے ہوئے ہوں اٹھ کر تہجد کی نماز پڑھو۔
ان عملوں کے نتیجہ میں تم جنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہو جاؤ گے۔
“ اولین میزبان رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم حضرت ابو ایوب انصاری ؓ بڑے ہی خوش نصیب ہیں جن کو سب سے پہلے یہ شرف حاصل ہوا۔
عمر میں حضرت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت ابو بکر ؓ دو سال چھوٹے تھے مگر ان پربڑھاپا غالب آگیا تھا۔
بال سفید ہو گئے تھے۔
وہ اکثر اطراف عرب میں بہ سلسلہ تجارت سفر بھی کیا کرتے تھے اس لئے لوگ ان سے زیادہ واقف تھے۔
ابو ایوب انصاری ؓ بنو نجار میں سے تھے۔
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے دادا کی ماں اسی خاندان سے تھیں اس لئے یہ قبیلہ آپ کا نانہال قرار پایا۔
حضرت ابو ایوب ؓ کا نام خالد بن زید بن کلیب انصاری ہے۔
آپ کی وفات 51ھ میں قسطنطنیہ میں ہوئی اور یہ اس وقت یزید بن معاویہ کے ساتھ تھے۔
جب کہ ان کے والد حضرت امیر معاویہ ؓ قسطنطنیہ میں جہاد کر رہے تھے تو ان کے ساتھ نکلے اور بیمار ہو گئے۔
جب بیماری نے زور پکڑا تو اپنے ساتھیوں کو وصیت فرمائی کہ جب میرا انتقال ہو جائے تو میرے جنازے کو اٹھا لینا پھر جب تم دشمن کے سامنے صف بستہ ہو جاؤ تو مجھے اپنے قدموں کے نیچے دفن کر دینا۔
لوگوں نے ایسا ہی کیا۔
آپ کی قبر قسطنطنیہ کی چار دیواری کے قریب ہے جو آج تک مشہور ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 3911