🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت امام بخاری قدس سرہ یہ ثابت فرمارہے ہیں کہ مسجد میں مختلف اموال کو تقسیم کے...
حدیث حاشیہ:
حضرت امام بخاری قدس سرہ یہ ثابت فرمارہے ہیں کہ مسجد میں مختلف اموال کو تقسیم کے لیے لانا اورتقسیم کرنا درست ہے، جیسا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے بحرین سے آیا ہوا روپیہ مسجد میں رکھوایا اورپھر اسے مسجدہی میں تقسیم فرمادیا۔
بعض دفعہ کھیتی باڑی کرنے والے صحابہ اصحاب صفہ کے لیے مسجد نبوی میں کھجور کا خوشہ لاکر لٹکادیا کرتے تھے۔
اسی کے لیے لفظ صنوان اور قنوان بولے گئے ہیں اوریہ دونوں الفاظ قرآن کریم میں بھی مستعمل ہیں۔
صنو کھجور کے ان درختوں کو کہتے ہیں جو دوتین مل کر ایک ہی جڑ سے نکلتے ہوں۔
ابراہیم بن طہمان کی روایت کو امام صاحب ؒ نے تعلیقاً نقل فرمایا ہے۔
ابونعیم نے مستخرج میں اورحاکم ؒ نے مستدرک میں اسے موصولاً روایت کیاہے۔
احمدبن حفص سے، انھوں نے اپنے باپ سے، انھوں نے ابراہیم بن طہمان سے، بحرین سے آنے والا خزانہ ایک لاکھ روپیہ تھا جسے حضرت علاء حضرمی ؓ نے خدمت اقدس میں بھیجا تھا اوریہ پہلا خراج تھا جو مدینہ منورہ میں آپ کے پاس آیا، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے سارا روپیہ مسلمانوں میں تقسیم فرمادیا اوراپنی ذات (اقدس)
کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں رکھا۔
حضرت عباس ؓ کے لیے آنحضرت ؓ نے روپیہ اٹھانے کی اجازت تومرحمت فرمادی، مگراس کے اٹھوانے میں نہ تو خود مدد دی نہ کسی دوسرے کومدد کے لیے اجازت دی، اس سے غرض یہ تھی کہ عباس ؓ سمجھ جائیں اوردنیا کے مال کی حد سے زیادہ حرص نہ کریں۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 421