🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: حضرت إمام الدنیا في الحدیث امام بخاری ؒ نے اپنی پاکیزہ کتاب کے پارہ سوم کو کتاب...
حدیث حاشیہ:
حضرت إمام الدنیا في الحدیث امام بخاری ؒ نے اپنی پاکیزہ کتاب کے پارہ سوم کو کتاب مواقیت الصلوٰة سے شروع فرمایا، آگے باب مواقیت الصلوٰة الخ منعقد کیا، ان ہر دو میں فرق یہ کہ کتاب میں مطلق اوقات مذکور ہوں گے، خواہ فضیلت کے اوقات ہوں یا کراہیت کے اورباب میں وہ وقت مذکور ہورہے ہیں جن میں نماز پڑھنا افضل ہے۔
مواقیت کی تحقیق اورآیت کریمہ مذکورہ کی تفصیل میں شیخ الحدیث حضرت مولانا عبیداللہ صاحب مبارک پوری ؒ تحریر فرماتے ہیں:
''مواقيت الصلاة، جمع ميقات وهو مفعال من الوقت. والمراد به الوقت الذي عينه الله لأداء هذه العبادة، وهو القدر المحدود للفعل من الزمان. قال تعالى:
{إن الصلاة كانت على المؤمنين كتاباً موقوتاً} [103: 4] أي:
مفروضاً في أوقات معينة معلومة، فأجمل ذكر الأوقات في هذه الآية، وبينها في مواضع أخر من الكتاب من غير ذكر تحديد أوائلها وأواخرها، وبين على لسان الرسول - صلى الله عليه وسلم - تحديدها ومقاديرها الخ.'' (مرعاة:
جلد 1، ص: 383)
”یعنی لفظ مواقیت کا ماہ وقت ہے اوروہ مفعال کے وزن پر ہے اوراس سے مراد وقت ہے۔
جسے اللہ نے اس عبادت کی ادائیگی کے لیے متعین فرمادیا اوروہ زمانہ کاایک محدود حصہ ہے۔
اللہ نے فرمایانماز کہ ایمان والوں پر وقت مقررہ پر فرض کی گئی ہے۔
اس آیت میں اوقات کامجمل ذکر ہے، قرآن پاک کے دیگر مقامات پر کچھ تفصیلات بھی مذکورہیں، مگروقتوں کا اول وآخر اللہ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک ہی سے بیان کرایاہے۔
“ آیت کریمہ:
﴿ أقم الصلوٰة طرفي النهار وزلفا من اللیل﴾ میں فجر اورمغرب اور عشاء کی نمازیں مذکور ہیں۔
آیت کریمہ ﴿أقم الصلوٰۃ لدلوك الشمس﴾ میں ظہر وعصر کی طرف اشارہ ہے۔
﴿إلی غسق الليل﴾ میں مغرب اورعشاء مذکورہیں ﴿وقرآن الفجر﴾ میں نماز فجر کا ذکر ہے۔
آیت کریمہ ﴿فسبحان اللہ حین تمسون﴾ میں مغرب اورعشاء مذکور ہیں ﴿وحین تصبحون﴾ میں صبح کا ذکر ہے۔
﴿وعشیا﴾ میں عصر اور ﴿حین تظهرون﴾ میں ظہر اورآیت شریفہ ﴿وسبح بحمدربك قبل طلوع الشمس﴾ میں فجر اور ﴿قبل غروبها﴾ میں عصر ﴿ومن آنآءاللیل﴾ آیت کریمہ ﴿وزلفا من اللیل﴾ کی طرح ہے۔
﴿فسبحه وأطراف النهار﴾ میں ظہر کا ذکر ہے۔
الغرض نماز پنجگانہ کی یہ مختصر تفصیلات قرآن کریم میں ذکرہوئی ہیں، ان کے اوقات کی پوری تفصیل اللہ کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عمل اورقول سے پیش کی ہیں، جن کے مطابق نماز کا ادا کرنا ضروری ہے۔
آج کل کچھ بدبختوں نے احادیث نبوی کا انکار کرکے صرف قرآن مجید پر عمل پیرا ہونے کا دعویٰ کیاہے، چونکہ وہ قرآن مجید کی تفسیر محض اپنی رائے ناقص سے کرتے ہیں اس لیے ان میں کچھ لوگ پنج وقت نمازوں کے قائل ہیں، کچھ تین نمازیں بتلاتے ہیں اورکچھ دونمازوں کو تسلیم کرتے ہیں۔
پھر ادائیگی نماز کے لیے انھوں نے اپنے ناقص دماغوں سے جو صورتیں تجویز کی ہیں وہ انتہائی مضحکہ خیز ہیں۔
احادیث نبوی کو چھوڑنے کایہی نتیجہ ہونا چاہیے تھا، چنانچہ یہ لوگ اہل اسلام میں بدترین انسان کہے جاسکتے ہیں۔
جنھوں نے قرآن مجید کی آڑمیں اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھلی ہوئی غداری پر کمرباندھی ہے۔
اللہ تعالیٰ ان کو ہدایت نصیب فرمائے۔
آیت مذکورہ باب کے تحت امام شافعی ؒ فرماتے ہیں کہ اگرتلوار چل رہی ہو اورٹھہرنے کی مہلت نہ ہو توتب بھی نماز اپنے وقت پر پڑھ لینی چاہیے، امام مالک ؒ کے نزدیک ایسے وقت میں نماز میں تاخیر درست ہے۔
ان کی دلیل خندق کی حدیث ہے جس میں مذکورہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی نمازوں کو تاخیر سے ادا فرمایا، وہ حدیث یہ ہے:
''عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ، أَنَّ عُمَرَ بْنَ الخَطَّابِ، جَاءَ يَوْمَ الخَنْدَقِ، بَعْدَ مَا غَرَبَتِ الشَّمْسُ فَجَعَلَ يَسُبُّ كُفَّارَ قُرَيْشٍ، قَالَ:
يَا رَسُولَ اللَّهِ مَا كِدْتُ أُصَلِّي العَصْرَ، حَتَّى كَادَتِ الشَّمْسُ تَغْرُبُ، قَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:
«وَاللَّهِ مَا صَلَّيْتُهَا» فَقُمْنَا إِلَى بُطْحَانَ، فَتَوَضَّأَ لِلصَّلاَةِ وَتَوَضَّأْنَا لَهَا، فَصَلَّى العَصْرَ بَعْدَ مَا غَرَبَتِ الشَّمْسُ، ثُمَّ صَلَّى بَعْدَهَا المَغْرِبَ۔
'' (متفق علیه)
”یعنی جابر بن عبداللہ ؓ روایت کرتے ہیں کہ حضرت عمر ؓ خندق کے دن سورج غروب ہونے کے بعد کفار قریش کو برابھلا کہتے ہوئے خدمت نبوی میں حاضر ہوئے اور کہا کہ حضور میری عصر کی نماز رہ گئی، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ میں بھی نہیں پڑھ سکاہوں۔
پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اورہم نے وضوکیا اور پہلے عصرکی نماز پھرمغرب کی نماز ادا کی۔
“ معلوم ہوا کہ ایسی ضرورت کے وقت تاخیر ہونے میں مضائقہ نہیں ہے۔
بعض روایات سے معلوم ہوتاہے کہ اس موقعہ پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اورصحابہ رضی اللہ عنہم کی چار نمازیں فوت ہوگئیں تھیں، جن کو مغرب کے وقت ترتیب کے ساتھ پڑھایاگیا۔
بعض علمائے احناف کا یہ کہنا کہ حضرت عمربن عبدالعزیز ؒ کے زمانہ میں عصر کی نماز دیر کرکے پڑھنے کا معمول غلط تھا روایت میں صاف موجود ہے کہ أخّر الصلوٰة یوما ایک دن اتفاق سے تاخیر ہوگئی تھی، حنفیہ کے جواب کے لیے یہی روایت کافی ہے۔
واللہ أعلم۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 521