🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
حدیث حاشیہ: روایت مذکورمیں ظہر کی نماز کونماز اولیٰ اس لیے کہا گیا ہے کہ جس وقت آنحضرت ﷺ...
حدیث حاشیہ:
روایت مذکورمیں ظہر کی نماز کونماز اولیٰ اس لیے کہا گیا ہے کہ جس وقت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو اوقات نماز کی تعلیم دینے کے لیے حضرت جبریل ؑ تشریف لائے تھے توانھوں نے پہلے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو ظہر کی نماز ہی پڑھائی تھی۔
اس لیے راویان احادیث اوقات نماز کے بیان میں ظہر کی نماز ہی سے شروع کرتے ہیں۔
اس روایت اوردوسری روایات سے صاف ظاہر ہے کہ عصر کی نماز آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اوّل وقت ایک مثل سایہ ہو جانے پر ہی ادا فرمایا کرتے تھے۔
اس حقیقت کے اظہار کے لیے ان روایات میں مختلف الفاظ استعمال کيے گئے ہیں۔
بعض روایتوں میں اسے:
''والشمس مرتفعة حیة'' سے تعبیر کیا گیا ہے کہ ابھی سورج کافی بلند اورخوب تیز ہوا کرتا تھا۔
حضرت عائشہ ؓ نے اس حقیقت کو یوں بیان فرمایاکہ ”عصر کے وقت دھوپ میرے حجرہ ہی میں رہتی تھی۔
“ کسی روایت میں یوں مذکور ہوا ہے کہ ”نماز عصر کے بعد لوگ اطراف مدینہ میں چار چار میل تک کا سفر کر جاتے اور پھر بھی سورج رہتا تھا۔
“ ان جملہ روایات کا واضح مطلب یہی ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں عصر کی نماز اوّل وقت ایک مثل سایہ ہونے پر ادا کرلی جاتی تھی۔
اس لیے بھی کہ عصر ہی کی نماز صلوٰۃ الوسطیٰ ہے جس کی حفاظت کرنے کا اللہ نے خاص حکم صادر فرمایا ہے۔
چنانچہ ارشاد باری ہے کہ ﴿حَافِظُوا عَلَى الصَّلَوَاتِ وَالصَّلَاةِ الْوُسْطَى وَقُومُوا لِلَّهِ قَانِتِينَ ﴾ (البقرة: 238)
یعنی نمازوں کی حفاظت کرو اوردرمیانی نماز کی خاص حفاظت کرو (جوعصر کی نماز ہے)
اوراللہ کے لیے فرمانبردار بندے بن کر (باوفا غلاموں کی طرح مؤدب)
کھڑے ہو جایا کرو۔
ان ہی احادیث وآیات کی بنا پر عصر کا اول وقت ایک مثل سایہ ہونے پر مقرر ہوا ہے۔
حضرت امام شافعی ؒ امام احمد بن حنبل ؒ ودیگر اکابر علمائے اسلام اور ائمہ کرام کا یہی مسلک ہے۔
مگر محترم علمائے احناف عصر کی نماز کے لیے اول وقت کے قائل نہیں ہیں۔
اورمذکورہ احادیث کی تاویلات کرنے میں ان کو بڑی کاوش کرنی پڑی ہے۔
ولے تاویل شاں در حیرت انداخت خدا و جبرئیل و مصطفی را عجیب کاوش:
یہ عجیب کاوش ہے کہ حضرت عائشہ ؓ کے بیان پر جس میں ذکر ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم عصر کی نماز ایسے اول وقت میں پڑھ لیا کرتے تھے کہ دھوپ میرے حجرہ سے باہر نہیں نکلتی تھی جس کا مطلب واضح ہے کہ سورج بہت کافی بلند ہوتا تھا۔
مگر بعض علمائے احناف نے عجیب بیان دیا ہے جو یہ ہے کہ:
”ازواجِ مطہرات کے حجروں کی دیواریں بہت چھوٹی تھیں۔
اس لیے غروب سے پہلے کچھ نہ کچھ دھوپ حجرہ میں باقی رہتی تھی۔
اس لیے اگر آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز عصر کے وقت حضرت عائشہ ؓ کے حجرہ میں دھوپ رہتی تھی تو اس سے یہ ثابت نہیں ہو سکتا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز سویرے ہی پڑھ لیتے تھے۔
“ (تفهیم البخاري،پ 3،ص: 18)
حمایت مسلک کا خبط ایسا ہوتا ہے کہ انسان قائل کے قول کی ایسی توجیہ کرجاتا ہے، جو قائل کے وہم وگمان میں بھی نہیں ہوتی۔
سوچنا یہاں یہ تھا کہ بیان کرنے والی حضرت عائشہ صدیقہ ؓ ہیں، جن کا ہر لحاظ سے امت میں ایک خصوصی مقام ہے۔
ان کا اس بیان سے اصل منشاء کیا ہے۔
وہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز عصر کا اوّل وقت ان لفظوں میں بیان فرما رہی ہیں یا آخر وقت کے لیے یہ بیان دے رہی ہیں۔
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے بیان میں ادنیٰ غور وتامل سے ظاہر ہوجائے گا کہ ہمارے محترم صاحب تفہیم البخاری کی یہ کاوش بالکل غیرمفید ہے۔
اوراس بیان صدیقہ ؓ سے صاف ظاہر ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم بلاشک وشبہ عصر کی نماز اوّل وقت ہی میں پڑھ لیا کرتے تھے۔
جیسا کہ حرمین شریفین کا معمول آج بھی دنیائے اسلام کے سامنے ہے۔
خودہمارے وطن کے ہزاروں حاجی حرمین شریفین ہرسال جاتے ہیں اوردیکھتے ہیں کہ وہاں عصرکی نماز کتنے اول وقت پر ادا کی جاتی ہے۔
صاحب تفہیم البخاری نے اس بیان سے ایک سطر قبل خود ہی اقرار فرمایا ہے۔
چنانچہ آپ کے الفاظ یہ ہیں:
”حضرت عائشہ ؓ کی روایت سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم بھی اوّل وقت ہی میں پڑھتے تھے۔
“ حوالہ مذکور اس حقیقت کو تسلیم کرنے کے بعد کیا ضرورت تھی کہ امام طحاوی ؒ کے بیان کا سہارا لے کر حضرت صدیقہ ؓ پر ایسی رکیک تاویل کی جائے کہ دیکھنے اورپڑھنے والوں کے لیے وجہ حیرت بن جائے۔
حجرات نبوی کی دیواریں چھوٹی ہوں یا بڑی اس سے بحث نہیں مگریہ تو ایک امر مسلمہ ہے کہ سورج جس قدر اونچا رہتا ہے حجرات نبوی میں دھوپ باقی رہتی اورجوں جوں سورج غروب ہونے کو جاتا وہ دھوپ بھی حجروں سے باہر نکل جاتی تھی۔
پھر دوسری روایات میں مزید وضاحت کے لیے یہ صریح الفاظ موجود ہیں کہ سورج بلند اورخوب روشن رہا کرتا تھا، ان الفاظ نے امام طحاوی ؒ کی پیش کردہ توجیہ کو ختم کرکے رکھ دیا۔
مگرواقعہ یہ ہے کہ تقلید شخصی کی بیماری سے سوچنے اور سمجھنے کی طاقت روبہ زوال ہوجاتی ہے اور یہاں بھی یہی ماجرا ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 547