🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� لغوی تشریح : «أَصْبِحُوا بِالصُّبْحِ» اور ایک دوسری روایت میں «أَسْفِرُوا بِالْفَجْرِ» کے الفاظ ہیں۔ بعض نے اس کا...
� لغوی تشریح:
«أَصْبِحُوا بِالصُّبْحِ» اور ایک دوسری روایت میں «أَسْفِرُوا بِالْفَجْرِ» کے الفاظ ہیں۔ بعض نے اس کا مفہوم یہ بیان کیا ہے کہ نماز فجر اس وقت پڑھو جب صبح خوب روشن اور واضح ہو جائے۔ مگر اس معنی کے اعتبار سے یہ حدیث غلس والی حدیث کے معارض ہو جاتی ہے، اس لیے اس کا صحیح مطلب یہ ہے کہ نماز کا آغاز تاریکی اور اندھیرے میں کیا جائے اور قرأت لمبی کی جائے حتی کہ صبح خوب روشن اور واضح ہو جائے، اس طرح دونوں روایتوں میں تطبیق ہو جاتی ہے۔ حافظ ابن قیم اور علامہ طحاوی رحمہما اللہ نے اسی کو ترجیح دی ہے مگر امام احمد اور امام شافعی رحمہما اللہ وغیرہ نے ”اسفار“ کا مفہوم یہ بتلایا ہے کہ فجر واضح ہونے میں کوئی شک نہ رہے۔ یہ مفہوم بھی اپنی جگہ صحیح ہے کیونکہ طلوع فجر کے تیقن کے بغیر فجر کی نماز پڑھنا صحیح نہیں۔

فوائد و مسائل:
➊ احناف نے اس حدیث کو مدار استدلال بنا کر اسفاء کو افضل قرار دیا ہے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دائمی عمل، خلفائے راشدین، جمہور صحابہ رضی اللہ عنہ اور تابعین کے عمل کی بنا پر یہ استدلال وزنی نہیں رہتا۔
➋ ابوداود میں سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ نے ایک بار نماز فجر غلس (تاریکی) میں پڑھی اور ایک بار اسفار میں بھی پڑھی۔ بعد ازاں وفات تک ہمیشہ غلس ہی میں پڑھتے رہے۔ [سنن أبى داود، الصلاة، باب فى المواقيت، حديث: 394]
➌ اس حدیث سے صرف اتنا معلوم ہوتا ہے کہ صبح واضح اور صاف طور پر معلوم ہونے لگے۔ کسی قسم کا شک باقی نہ رہے جیسا کہ امام احمد رحمہ اللہ وغیرہ نے فرمایا ہے۔ یا پھر مراد لمبی قرأت کر کے روشن کرنا ہے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 134