🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: 1۔ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے تراجم ابواب بخاری میں لکھا ہے کہ...
حدیث حاشیہ:
1۔
شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ نے تراجم ابواب بخاری میں لکھا ہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کی غرض طہارت زمین کاطریقہ بتانا ہے کہ وہ مطلقاً پانی بہا دینے سے حاصل ہوگی۔
اس میں نقل تراب(مٹی اٹھانے)
یاحفر مسجد(مسجد کے کھودنے)
کی ضرورت نہیں، جیسا کہ حضرت امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا موقف ہے یا آپ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ اگر زمین نرم ہو توپانی بہادینا اس کی طہارت کے لیے کافی ہے جیسا کہ امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ مسلک ہے۔
اس سے معلوم ہواکہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کامسلک پوری طرح متعین نہیں ہوسکا کہ وہ حنفیہ کے موافق ہے یا شافعیہ کے۔
واضح رہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مسلک کتاب وسنت کا اتباع ہے، انھیں نہ تو کسی کی موافقت کی ضرورت ہے اور نہ کسی کی مخالفت ہی سے انھیں کوئی غرض ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کامسلک وہ ٹھوس اورخاموش تراجم ہیں جو انھوں نے اپنی صحیح میں قائم کیے ہیں، پھر ان کے ثبوت کے لیے ناقابل تردید صحیح احادیث ہیں۔
2۔
جس اعرابی نے مسجد کے کونے میں پیشاب کیاتھا اس کا نام کیاتھا؟ وہ یمانی تھا یا تمیمی؟ اس کے متعلق حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:
” بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ذوالخویصرہ تمیمی تھا جس کا نام حرقوص بن زہیر ہے اور جوبعد میں خوارج کا سرغنہ ثابت ہوا۔
بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اقرع بن حابس یا عیینہ بن حصن تھا۔
“ والعلم عنداللہ (فتح الباری: 422/1)
ترمذی کی روایت میں ہےکہ جب وہ اعرابی آیا تو اس نے مسجد میں نماز ادا کی، پھر دعا کرنے لگا:
” اے اللہ! تو صرف مجھ پر اور محمد (صلی اللہ علیہ وسلم )
پر رحم کر اوررحم کرنے میں ہمارے علاوہ کسی اور کو شامل نہ کر۔
“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا:
” تو نے اللہ کی رحمت کو تنگ کردیا ہے۔
“ پھر وہ اٹھا اور مسجد کے کونے میں پیشاب کرنے لگا۔
(جامع الترمذي، الطھارة، حدیث: 147)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 221