🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اس بات پر ڈانٹا کہ آدمی کو رات...
حدیث حاشیہ:
ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بات پر ڈانٹا کہ آدمی کو رات کے وقت دفن کیا جائے، ہاں اگر کوئی مجبوری ہو تو الگ بات ہے۔
(صحیح ابن حبان: 41/6)
لیکن صحیح مسلم کی روایت میں اس کا سبب بیان ہوا ہے کہ کسی نے اپنے مرنے والے عزیز کا کفن اچھا نہ بنایا اور رات ہی دفن کر دیا تاکہ اس کی حرکت پر پردہ رہے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے رات کو دفن کرنے سے منع کر دیا اور میت کو اچھا کفن پہنانے کی تلقین فرمائی۔
(صحیح مسلم، الجنائز، حدیث: 2185(943)
اس روایت میں ایک اور سبب کی بھی نشاندہی ہوتی ہے۔
وہ یہ کہ آپ نے اس گمان کی وجہ سے منع فرمایا کہ نماز جنازہ میں رات کے وقت لوگ کم تعداد میں شریک ہوں گے، لہذا اگر نماز جنازہ دن کے وقت پڑھ لی گئی ہو اور کسی عذر کی وجہ سے رات کو دفن کرنا پڑے تو ایسا کرنا ممنوع نہیں۔
مذکورہ حدیث سے بھی رات کے وقت دفن کرنے کا جواز معلوم ہوتا ہے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے متعلق لوگوں سے کوئی باز پرس نہیں کی تھی، بلکہ آپ کو اطلاع نہ دینے کی بنا پر انہیں پوچھا تھا، اس لیے رات کے وقت دفن کرنے میں چنداں حرج نہیں۔
حضرت علی ؓ نے حضرت فاطمہ ؓ کو رات کے وقت دفن کیا تھا۔
(المصنف لابن أبي شیبة: 346/3)
امام بخاری ؒ نے رات کے وقت جواز دفن ثابت کرنے کے لیے یہ عنوان قائم کیا ہے، تاہم اگر دن کے وقت دفن کرنا شہرت و ریا کاری کے پیش نظر ہو تو شرعا یہ عمل بھی پسندیدہ نہیں۔
والله أعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 1340