🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: (1) اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ازواج مطہرات ؓ کے غلاموں اور لونڈیوں کو صدقہ دینا...
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ازواج مطہرات ؓ کے غلاموں اور لونڈیوں کو صدقہ دینا جائز ہے، البتہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلام اور لونڈی صدقہ نہیں لے سکتے، جیسا کہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بنو مخزوم کے ایک آدمی کو زکاۃ کی وصولی پر مقرر فرمایا، اس نے حضرت ابو رافع ؓ سے کہا کہ تم میرے ساتھ چلو، تمہیں بھی اس میں سے کچھ حصہ مل جائے گا، انہوں نے کہا:
میں اس وقت تک نہیں جاؤں گا جب تک میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر اس کے متعلق دریافت نہ کر لوں، چنانچہ وہ آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا تو آپ نے فرمایا:
”قوم کا آزاد کردہ غلام بھی انہیں میں شمار ہوتا ہے اور ہمارے لیے صدقہ حلال نہیں ہے۔
“ (سنن أبي داود، الزکاة، حدیث: 1650) (2)
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے آزاد کردہ غلاموں کے لیے بھی فرضی و نفلی دونوں قسم کا صدقہ حرام ہے، البتہ خود ازواج مطہرات ؓ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آل میں شامل ہیں اور ان کے لیے صدقہ و خیرات حرام ہے، جیسا کہ خلال نے اس روایت کو نقل کیا ہے، حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ ہم آل محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے ہیں اور ہمارے لیے صدقہ حرام ہے۔
(فتح الباري: 448/3)
اسی طرح مصنف ابن ابی شیبہ میں ہے کہ خالد بن سعید نے حضرت عائشہ ؓ کو کچھ صدقہ بھیجا تو انہوں نے فرمایا:
”ہم آل محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے تعلق رکھتی ہیں، ہمارے لیے صدقہ جائز نہیں۔
“ (المصنف لابن أبي شیبة: 214/3، وعمدةالقاري: 545/6)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 1492