🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: (1) امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو حضرت امام مالک اور سفیان کی سندوں سے بیان...
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو حضرت امام مالک اور سفیان کی سندوں سے بیان کیا ہے لیکن سفیان کی روایت کا متن ذکر نہیں کیا۔
ان کے الفاظ کو امام حمیدی نے بیان کیا ہے کہ حضرت ابن عمر ؓ نے فرمایا:
تم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں خلاف واقعہ بات کرتے ہو کہ آپ نے میدان بیداء سے تلبیہ شروع کیا تھا، اللہ کی قسم! آپ نے مسجد ذوالحلیفہ کے پاس سے تلبیہ کا آغاز کیا تھا۔
(2)
وقت تلبیہ میں اختلاف ہے۔
بعض روایات میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب اونٹنی پر سوار ہوئے تو تلبیہ کہا جبکہ بعض روایات سے پتہ چلتا ہے کہ جب آپ میدان بیداء کی بلندی پر پہنچے تو لبیک کہا۔
یہ اختلاف راویوں کے اپنے مشاہدے کی بنا پر ہے۔
حضرت ابن عباس ؓ اس اختلاف کی حقیقت بایں الفاظ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی حج کیا ہے۔
جب آپ حج کے لیے تشریف لے گئے تو آپ نے مسجد ذوالحلیفہ میں نماز ادا فرمائی اور اس کے بعد تلبیہ کہا۔
جن لوگوں نے اس وقت آپ کا تلبیہ سنا تو انہوں نے اسی وقت کے حوالے سے بیان کیا، پھر آپ سوار ہوئے تو آپ نے سواری پر بیٹھ کر تلبیہ کہا تو سننے والوں نے سواری کے وقت تلبیہ کہنے کو بیان کیا، پھر جب آپ میدان بیداء کی چڑھائی پر پہنچے تو لبیک پکارا تو جن لوگوں نے اس وقت دیکھا تو انہوں نے اپنے مشاہدے کے مطابق اسے بیان کر دیا۔
آپ نے اس کا آغاز تو مسجد سے کیا تھا اس کے بعد جس کسی نے آپ کو جس حالت میں دیکھا اسے بیان کر دیا۔
(سنن أبي داود، المناسك، حدیث: 1770، والحاکم: 451/1، و فتح الباري: 505/3)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 1541