🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� لغوی تشریح : «بَابُ الْآنِيَةِ» «آنية»، «إِنَاءٌ» کی جمع ہے جس کے معنی برتن کے ہیں۔ (بلوغ المرام کے)...
� لغوی تشریح:
«بَابُ الْآنِيَةِ» «آنية» ، «إِنَاءٌ» کی جمع ہے جس کے معنی برتن کے ہیں۔ (بلوغ المرام کے) ابواب الطھارۃ کے درمیان میں برتنوں کے احکام بیان کرنے سے یہ بتانا مقصود ہے کہ شریعت اسلامیہ میں بعض برتن ایسے ہیں جنہیں استعمال کرنا جائز ہے اور کچھ ایسے ہیں جن کا استعمال ممنوع ہے۔ اس طرح ایک پاک باز انسان کو جائز اور ممنوع برتنوں میں امتیاز ہو جاتا ہے۔
«صِحَافِهَا» یہ «صَحْفَة» کی جمع ہے جس کے معنی پیالے کے ہیں۔
«لَهُمْ» سے مشرکین مراد ہیں۔
«فِي الدُّنْيَا» یعنی دنیا میں یہ برتن ان کے لیے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ سونے اور چاندی کے برتن مشرکین کے لیے حلال ہیں بلکہ ان کا عمل بیان کرنا مقصد ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث سے یہ معلوم ہوا کہ سونے چاندی کے برتنوں میں کھانا پینا حرام ہے اور اس پر نص آ چکی ہے، نیز ان برتنوں کے پانی سے وضو اور غسل کرنا ناجائز ہے۔ یہ بات اس حدیث کے عموم میں شامل ہے کہ ان کا استعمال درست نہیں۔
➋ اس حدیث کو اس مقام پر پیش کرنے کا مقصد بھی یہی ثابت کرنا ہے ورنہ اس حدیث کا اصل مقام کھانے پینے کا باب تھا۔ ضمناً یہ بھی معلوم ہوا کہ جواہرات اور یاقوت وغیرہ کے برتنوں میں کھانا پینا اور وضو و غسل کرنا جائز ہے، البتہ جن برتنوں پر سونے چاندی کا پانی ملمع کیا گیا ہو ان کے بارے میں اختلاف ہے۔ اجتناب کرنا بہرحال بہتر اور اولیٰ ہے۔

راویٔ حدیث:
سیدنا حذیفہ رضی اللہ عنہ: حذیفہ تصغیر ہے۔ ان کی کنیت ابوعبداللہ ہے۔ مشہور صحابی ہیں اور صحابی رسول سیدنا یمان رضی اللہ عنہ (”میم“ کی تخفیف کے ساتھ) کے بیٹے ہیں۔ رازدان رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے لقب سے مشہور و معروف ہیں۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ (ذوالنورین) کی شہادت کے چالیس روز بعد 35 یا 36 ہجری میں مدائن میں فوت ہوئے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 14