🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
422 ۔ اردو حاشیہ : ➊ اس حدیث کو دو صحابی بیان کر رہے ہیں حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ...
422۔ اردو حاشیہ:
➊ اس حدیث کو دو صحابی بیان کر رہے ہیں حضرت عائشہ اور حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما، نیز دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے غسل کی بابت روایات آئی ہیں۔ امام نسائی رحمہ اللہ کا مقصود یہ ہے کہ تمام روایات (ان دو صحابہ سے بھی اور دیگر صحابہ سے بھی) اس بیان پر متفق ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم غسل کی ابتدا استنجا اور وضو سے فرماتے تھے۔
➋ اس حدیث کے آخری الفاظ: «فَهَكَذَا كَانَ غُسْلُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ۔۔ الخ» بھی امام نسائی رحمہ اللہ کے ہیں، حدیث کا حصہ نہیں۔
➌ سب سے پہلے دایاں ہاتھ تب دھونا ہے اگر اس پر نجاست لگی ہو یا وہ مشکوک ہو۔
➍ ”اگر چاہے“ گویا مٹی پر ہاتھ ملنا ضرورت کی بنا پر ہے۔ اگر نجاست سے لیس دار ہو تو لیس دور کرنے کے لیے مٹی پر مل لے ورنہ کوئی ضروری نہیں۔ آج کل صابن مٹی کے قائم مقام ہے۔
➎ ”مسح نہ کرے“ کیونکہ سر دھونا تو مسح بے فائدہ ہو گا۔ کسی بھی حدیث میں غسل کے دوران میں صراحتاً مسح کرنے کا ذکر نہیں ہے، البتہ یہ الفاظ ہیں: «توضا وضوءہ للصلاة غیر رجلیه» ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز والا وضو کیا سوائے اپنے پاؤں کے، یعنی پاؤں نہیں دھوئے۔“ ان الفاظ سے کوئی سمجھ سکا ہے کہ مسح کرنا چاہیے مگر یہاں استثنا دھوئے جانے والے اعضاء کے لحاظ سے ممکن ہے اور یہی درست ہے۔ اس حدیث میں اس کی صراحت ہے «لَمْ يَمْسَحْ» ”مسح نہ کرے۔“ جبکہ بعض حضرات کا خیال ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دونوں طرح منقول ہے، کبھی مسح کر لیتے اور کبھی چھوڑ دیتے جیسا کہ مذکورہ روایت میں ہے۔ جبکہ مسح کرنے کی تائید بظاہر ان الفاظ سے ہوتی ہے: «توضا وضوءہ للصلاة غیر رجلیه» بہرحال غسل جنابت میں پہلے وضو کرتے وقت سر کا مسح کرنا ضروری نہیں۔ واللہ اعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 422