🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کا باب : «بَابُ خَلْقِ آدَمَ صَلَوَاتُ اللَّهِ عَلَيْهِ وَذُرِّيَّتِهِ:» باب اور حدیث میں مناسبت: امام بخاری...
صحیح بخاری کا باب: «بَابُ خَلْقِ آدَمَ صَلَوَاتُ اللَّهِ عَلَيْهِ وَذُرِّيَّتِهِ:»

باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں آدم علیہ السلام اور ان کی ذریت یعنی ان کی اولادوں کی تخلیق کی بابت روشنی ڈالی۔ مگر حدیث میں ایسے کوئی ظاہر الفاظ موجود نہیں، جس سے بظاہر باب اور حدیث میں مناسبت کا پتہ چلے، لیکن بغور مطالعہ سے ایک لفظ کے ساتھ حدیث کی مناسبت باب سے قائم ہوتی ہوئی دکھلاتی ہے، حدیث کے آخری لفظ کو پڑھیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ان کے سوال کے جواب میں کیا فرمایا، آپ صلی اللہ علیہ و سلم کا ارشاد ہے کہ:
«فبم يشبه الولد»
حدیث کے اس جملے میں بچے کی پیدائش کا ذکر ہے اور ترجمۃ الباب میں بھی آدم علیہ السلام اور ان کی اولاد کا بھی ذکر موجود ہے۔
◈ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«والغرض منه قوله فى آخره فبم يشبه الولد؟» [فح الباري: 307/7]
یعنی ترجمۃ الباب سے حدیث کی جو غرض ہے، وہ ان الفاظ کے ساتھ ہے،
«فبم يشبه الولد؟»
◈ علامہ بیضاوی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
«هذا استدلال على أن لها منيًّا كما للرجل منيّ والولد مخلوق منهما إذ لو لم يكن بها ماء وكان الولد من مائه المجدد لم يكن يشبهها لأن الشبه بسبب ما بينهما من المشاركة» [ارشاد الساري للقسطلاني: 9/139]
”ترجمۃ الباب سے استدلال کچھ یوں ہے کہ عورت کی بعین اسی طرح سے منی ہوتی ہے، جس طرح مرد کی ہوتی ہے اور اولاد کی تخلیق ان دونوں سے ہوتی ہے، اگر عورت کا پانی نہ ہوتا تو بچہ ماں کے مشابہ نہ ہوتا، (یعنی بچہ کی مشابہت ماں سے اس کے پانی کے سبب ہے)۔“
پس اگر آدمی کا پانی عورت کے پانی پر غالب آ جاتا ہے تو وہ بچہ باپ کے مشابہ ہوتا ہے اور اگر اس کے بر عکس ہوا یعنی عورت کا پانی غالب آ گیا مرد کے پانی پر، تو وہ بچہ ماں کے مشابہ ہو گا اور ہو سکتا ہے کہ لڑکی پیدا ہو۔
علامہ بیضاوی رحمہ اللہ کا مقصد بیان واضح ہوتا ہے کہ آپ بھی مرد اور عورت کے باہمی تعلقات سے جو حضرت انسان پیدا ہوتا ہے، اس کی پیدائش کا ذکر فرما رہے ہیں، یعنی ترجمۃ الباب میں اور حدیث میں مناسبت لفظ حدیث میں مقید ہے اور لفظ حدیث کا تعلق تولیدی نظام کے ساتھ ہے، اسی بات کی طرف حافظ ابن حجر رحمہ اللہ اور دیگر شارحین نے اشارہ فرمایا ہے، لہٰذا مناسبت باب کی حدیث سے حدیث کے آخری لفظ میں ہے۔
◈ علامہ عبدالحق الہاشمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
حدیث اور باب میں غرض حدیث کے آخری جملے میں ہے،
«فبم يشبه الولد» [لب اللباب: 190/3]
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 20