🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: 1۔ رسول اللہ ﷺ نے جوستر70 قراء بھیجے تھے، وہ دن کے وقت لکڑیاں اکٹھی کرکے فروخت...
حدیث حاشیہ:
1۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جوستر70 قراء بھیجے تھے، وہ دن کے وقت لکڑیاں اکٹھی کرکے فروخت کرتے، پھر اس قیمت سے اہل صفہ کے لیے کھانا تیار کرتے اور رات کے وقت قرآن کریم پڑھتے اور پڑھاتے تھے۔
انھیں جس کام کے لیے روانہ فرمایا روایات میں اس کی وضاحت ہے کہ قبیلہ رعل اور ذکوان والوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے فوجی مدد مانگی تو آپ نے ان کی خواہش کا احترام کرتے ہوئے ستر قاری ان کے ہمراہ روانہ کردیے۔
ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں دعوت دین اوراشاعت اسلام کے لیے بھیجا تھا۔
بہرحال یہ دونوں اغراض پیش نظر تھیں۔
تعلیم اسلام بھی مقصود تھی اور ان سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ ان کے ہمراہ کفار سے جہاد بھی کرنا ہے لہذا دونوں قسم کی روایات میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
بہرحال ان قراء کو قتل کرنے والے دوسرے لوگ تھے اگرچہ وہ ان کے قبیلے سے تھے۔
جو انھیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس لائے تھے وہ ان کے قاتل نہ تھے۔
اس سریے کو سریۃ القراء بھی کہا جاتا ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ ابوبراء عامر بن مالک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے اسلام کی دعوت دی لیکن مسلمان نہ ہوا بلکہ اس نے کہا کہ آپ میرے ساتھ کچھ لوگوں کو بھیج دیں جومیری قوم کو دین کی دعوت دیں، امید ہے کہ وہ اس دین کوقبول کرلیں گے۔
میں ان کی طرف سے ضمانت دیتا ہوں۔
آپ نے ستر قراء اس کے ہمراہ بھیج دیے۔
جب بئر معونہ کے پاس پہنچے تو انھوں نے حضرت حرام بن ملحان کو عامر بن طفیل کے پاس بھیجا جو ابوالبراء کا بھتیجا تھا۔
اس نےرعل اور ذکوان قبائل کو ساتھ ملا کر ان تمام قراء کو گھیر لیا۔
لڑائی ہوئی بالآخر یہ حضرات شہید ہوگئے۔
ابوبراء کو جب ان حضرات کی اطلاع ملی تو اس نے اظہار افسوس کیا۔
(فتح الباري: 483/7)
2۔
مصیبت، جنگ اور غلبہ دشمن کے وقت کی جانے والی دعا کو قنوت نازلہ کہا جاتا ہے۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب کسی پر بددعا یاکسی کے لیے دعا کا ارادہ فرماتے توآخری رکعت کے رکوع کے بعد:
(سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ رَبَّنَا لَكَ الحَمْدُ)
کہنے کے بعد اونچی آواز سے دعا فرماتے تھے۔
(صحیح البخاري، التفسیر، حدیث: 4559۔
4560)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 4089