🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: 1۔ اس حدیث سے ظاہر ہے کہ لوگوں کو اپنے اعمال پر غرور نہیں کرنا چاہیے اور...
حدیث حاشیہ:
1۔
اس حدیث سے ظاہر ہے کہ لوگوں کو اپنے اعمال پر غرور نہیں کرنا چاہیے اور کسی کے ظاہری حال سے اس کی آخرت کا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔
ظاہری اعمال پر حکم نہیں لگانا چاہیے جب تک اندرونی حالات کی درستی کاعلم نہ ہو۔
2۔
اس حدیث سے یہ لازم نہیں آتا کہ جو کوئی خودکشی کرے اسے ضرور دوزخی کہا جائے گا بلکہ مراد یہ ہے کہ اس فعل کے سبب انسان سزا اور دوزخ کا مستحق ہوجاتا ہے ممکن ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے معاف کردے یا مذکورہ گناہ کی سزا پاکر بالآخر وہ جنت میں پہنچ جائے جیسا کہ عام گناہ گار اہل ایمان کے ساتھ معاملہ ہوگا۔
3۔
طبرانی کی روایت میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو دوزخی قراردیا تولوگوں کو بہت گراں گزرا، انھوں نے عرض کی:
اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! جب ایسی محنت اور کوشش کرنے والا انسان دوزخی ہے تو پھر ہمارا کیا حال ہوگا؟ آپ نے فرمایا:
”بلاشبہ یہ دوزخی ہے اور اس نے اپنے نفاق کو چھپا رکھا تھا۔
“ (المعجم الکبیر للطبرانی: 296/1، 297)
4۔
اس حدیث میں جس آدمی کا ذکر ہوا ہے اس سے ملتا جلتا واقعہ آگے آنے والی حضرت سہل بن سعد ؓ کی روایت میں ہے۔
اس میں اختلاف ہے کہ دونوں واقعات ایک شخص سے متعلق ہیں یا الگ الگ۔
بعض شارحین نے ان واقعات کو الگ الگ قراردیا ہے کیونکہ حضرت سہل بن سعد ؓ کی روایت میں ہے کہ اس نے تلوار کی دھار پر سینہ رکھ کر خود کشی کی جبکہ حضرت ابوہریرہ ؓ کی حدیث میں ہے کہ اس نے تیر سے خود کو ہلاک کرڈالا، نیز سہل بن سعد ؓ کی روایت میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس واقعے کا علم ہواتو آپ نے بلال ؓ کو اعلان کرکے بھیجا جبکہ حضرت ابوہریرہ ؓ کی روایت میں خاتمے اور انجام کا بیان ہے۔
لیکن ہمارے رجحان کے مطابق ایک ہی واقعے کے مختلف پہلو بیان کیے گئے ہیں، نیز ممکن ہے کہ اس نے پہلے تیر سے کوشش کی ہو، پھر اس کے لیے تلوار استعمال کی ہو۔
امام بخاری ؒ کا رجحان بھی یہی ہے کہ دونوں واقعات ایک ہیں اور ان میں مختلف پہلوؤں کو بیان کیا گیا ہے۔
(فتح الباري: 589/7)
واللہ اعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 4205