🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: 1۔ شق القمر، یعنی چاند کے دو ٹکڑے ہونے کے متعلق امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے...
حدیث حاشیہ:
1۔
شق القمر، یعنی چاند کے دو ٹکڑے ہونے کے متعلق امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے پانچ احادیث پیش کی ہیں جو تین صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین سے مروی ہیں حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس وقت مدینہ طیبہ میں تھے اور حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ اس وقت ابھی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی عینی شاہد ہیں بہر حال ان کے علاوہ کئی صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین نے شق القمر کا واقعہ نقل کیا ہے۔
2۔
چاند کا پھٹ جانا بالکل حق الیقین ہےاس کی بے جا تاویل کرنا عقل کے خلاف ہے۔
اگر شق القمر کا واقعہ پیش نہ آیا ہوتا اور قرآن اس کا ذکر کرتا تو سب لوگ قرآن کو غلط کہتے اور اسلام سے پھر جاتے یہی ایک دلیل اس کے ثبوت کے لیے کافی ہے اس لیے یہ تاویل کرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے کہ یہ قرب قیامت کے وقت ہوگا اور ماضی مستقبل کے معنی میں ہے۔
اگر ایسا ہوتا تو اہل مکہ کو جادو کہنے کی ضرورت نہ تھی مشرکین کے مطالبے پرشق القمر ہوا۔
اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام حاضرین سے فرمایا:
”دیکھو اور گواہ رہو۔
“ جب سب لوگوں نے صاف طور پر اس معجزے کو دیکھ لیا تو یہ دونوں ٹکڑے پھر آپس میں مل گئے۔
3۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ مکہ مکرمہ میں رات کے وقت پیش آیا۔
اس وقت بہت سے ممالک میں تو دن ہوگا۔
وہاں اس واقعے کے ظاہر ہونے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
اور کچھ ممالک میں نصف یا آخر شب ہوگی۔
جس وقت عام دنیا سوئی ہوتی ہے جاگنے والے بھی ہر وقت چاند کو نہیں دیکھتے رہتے کہ چند لمحات کے واقعےکو وہ دیکھ سکتے پھر زمین پر پھیلی ہوئی روشنی میں چاند کے دو ٹکڑے ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا جس کی وجہ سے کسی کو اس طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہوتی اس لیے دنیا کی عام تاریخوں میں اس کا ذکر نہ ہونے سے اس واقعے کی تکذیب نہیں کیا جا سکتی۔
اس کے علاوہ برصغیر کی مستند تاریخ ”تاریخ فرشتہ“ میں اس واقعے کا ذکر موجود ہے کہ ہندوستان میں مہاراجہ مالیبار نے یہ واقعہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اس اپنے روزنامچے میں لکھوایا۔
پھر یہی واقعہ اس کے مسلمان ہونے کا سبب بنا۔
4۔
بعض روایات میں ہے کہ خود مشرکین مکہ نے بھی باہر سے آنے والے لوگوں سے اس کی تصدیق کی۔
اس وقت مختلف اطراف سے آنے والے لوگوں نے یہ واقعہ دیکھنے کی شہادت دی تھی۔
5۔
ہمارے نزدیک سب سے زیادہ مستند اور معتبر تاریخ کتب حدیث ہیں جب ان میں یہ واقعہ موجود ہے تو دوسری کتب تاریخ میں اسے تلاش کرنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں رہتی پھر اس دور میں جیسی اور جتنی توجہ تاریخ نویسی پردی جاتی تھی وہ سب کو معلوم ہے نیز جب دنیا کی اکثریت اور ایسے تاریخ نویسوں نے اس دیکھا ہی نہ ہو تو لکھیں کیا؟ بہرحال شق القمر یعنی چاند پھٹنے کا واقعہ ہو چکا ہے۔
اور یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معجزہ اور قیامت کی علامتوں میں سے ایک علامت ہے۔
واللہ اعلم۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 4868