🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالستار الحماد حفظہ اللہ
حدیث حاشیہ: 1۔ فسادات کے زمانے سے مراد جنگ جمل اور جنگ صفین کا زمانہ ہے۔ جب وہ مسلمان...
حدیث حاشیہ:
1۔
فسادات کے زمانے سے مراد جنگ جمل اور جنگ صفین کا زمانہ ہے۔
جب وہ مسلمان تلواریں لے کر ایک دوسرے کے مقابلے میں آ جائیں تو دونوں اجتہاد تاویل میں خطا کار ہوں گے یا ان میں سے ایک برحق اور دوسرا خطا کار ہوگا۔
ان میں تیسری صورت نہیں ہے کہ دونوں برحق ہوں کیونکہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک حق ایک ہے۔
2۔
پہلی صورت میں اگردونوں کے متعلق اصلاح کی امید ہوتو ان کی اصلاح کرنا ضروری ہے اور اگر اصلاح کی امید نہ ہو تو دونوں سے علیحدگی اختیار کرلی جائے۔
اپنی تلواروں کو توڑ کر گھر میں رہنا چاہیے۔
لڑائی کا حصہ بالکل ہی نہیں بننا چاہیے۔
3۔
دوسری صورت میں جبکہ ایک غلط اور دوسرا صحیح ہو تو صحیح موقف والے کی موافقت کرنا ضروری ہے۔
4۔
یہاں ایک اور صورت بھی ممکن ہے کہ دونوں مجتہد نہ ہوں بلکہ دونوں ظالم ہوں اور خاندانی عصبیت یا ہوس ملک گیری کے لیے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہوں تو بھی کسی کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔
دونوں سے علیحدگی اختیار کر لی جائے لیکن صحابہ رضوان اللہ عنھم اجمعین کے باہمی جھگڑوں کے متعلق خاموشی اختیار کرنے میں عافیت ہے۔
ان کے متعلق زبان کھولنا کسی طرح بھی مناسب نہیں۔
5۔
حدیث میں وہ دو مسلمان مراد ہیں جو ذاتی عناد مخالفت یا دشمنی کی بنا پر ایک دوسرے کو قتل کرنے پرآمادہ ہوں۔
اگرچہ قاتل ایک ہوگا لیکن مقتول بھی اس کے قتل کرنے کے متعلق حریص تھا اتفاق سے اس کا داؤ نہیں چلا، اس لیے وہ قتل ہوگیا، لہذا سزا کے دونوں حق دار ہوں گے، پھر ان کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے حوالے ہے اگر چاہے تو ان کو سزا دے اور چاہے تو انھیں معاف کر دے۔
لیکن مجتہدین کے متعلق یہ حکم نہیں ہوگا جس کی تفصیل پہلے بیان ہو چکی ہے۔
بعض حضرات نے حدیث کو اس معنی پر محمول کیا ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کے قتل کو حلال خیال کریں۔
(فتح الباري: 43/13)
6۔
ایک دوسری حدیث سے اس کی مزید وضاحت ہوتی ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”مجھے اس ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! دنیا اس وقت تک ختم نہ ہوگی جب تک لوگوں پر یہ وقت نہ آئے کہ قاتل کو قتل کرنے کی وجہ معلوم نہ ہو اور مقتول کو اپنے قتل ہونے کا سبب معلوم نہ ہو۔
“ پوچھا گیا:
ایسا کیونکر ہوگا؟ آپ نے فرمایا:
”جب قتل وغارت گری عام ہوگی۔
ایسے حالات میں قاتل اور مقتول دونوں جہنمی ہوں گے۔
واللہ أعلم۔
(صحیح مسلم، الفتن، حدیث: 7304(2908)
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو 7083