🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد: ➊ اچھی اور بری تقدیر پر ایمان لانا صحت ایمان کی شرط ہے اور اس پر ایمان لائے...
فوائد:
➊ اچھی اور بری تقدیر پر ایمان لانا صحت ایمان کی شرط ہے اور اس پر ایمان لائے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا، لہذا تقدیر کا سرے سے انکار، تقدیر کی غلط تقسیم (یعنی خیر کا مالک اللہ تعالیٰ کو قرار دینا اور شر کا خالق شیطان لعین کو قرار دینا) یا مسئلہ تقدیر میں موشگافیاں کرنا ایمان کے منافی ہے۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے براءت کا اعلان کیا ہے اور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اس امت کے مجوسی قرار دیا ہے۔ عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما روایت کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «الْقَدَرِيَّةٌ مَجُوسُ هَذِهِ الْأُمَّةِ، إِنْ مَرِضُوا فَلا تَعُودُوهُمْ، وَإِنْ مَاتُوا فَلَا تَشْهَدُوهُمْ» قدریہ (منکرین تقدیر) اس امت کے مجوسی ہیں اگر وہ بیمار ہوں تو ان کی عیادت نہ کرو اور اگر وہ مر جائیں تو ان کی نماز جنازہ میں شرکت نہ کرو۔ [ابو داود: 4691، حاكم: 117/1، اسناده حسن]
➋ توحید و رسالت کا اقرار، نماز قائم کرنا، زکوۃ ادا کرنا، رمضان کے روزے رکھنا اور صاحب استطاعت شخص کا حج کرنا یہ پانچ ارکان اسلام ہیں جن پر اسلام کی عمارت استوار ہے، ان میں سے کسی ایک رکن کے انکار سے انسان دائرہ اسلام سے خارج ہو جاتا ہے، لٰہذا صحت اسلام کے لیے ان ارکان پر دائمی پابندی شرط ہے۔
➌ عمرہ ارکان اسلام میں شامل نہیں، نیز اس کی فرضیت کے بارے بھی اختلاف ہے اور راجح قول کے مطابق عمرہ ادا کرنا مستحب عمل ہے واجب نہیں۔
➍ صحت نماز کے لیے وضو کا مکمل ہونا شرط ہے اور جیسے بغیر وضو کے نماز ادا نہیں ہوتی اسی طرح فریضہ وضو کے لیے وضو کا مکمل کرنا لازم ہے اور وضو کی ناتمامی کی صورت میں بھی نماز ادا نہیں ہوتی، نیز اتمام وضو کی دو شرطیں ہیں جنہیں ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔
◈ سر کے مسح سمیت تمام اعضائے وضو کو ایک ایک مرتبہ دھونا لازم، ان میں سے کوئی ایک فرض چھوٹنے سے وضو نامکمل رہتا ہے۔ عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں: «رَجَعْنَا مَعَ رَسُولِ اللهِ صلى الله عليه وسلم مِنْ مَكَّةَ إِلَى الْمَدِينَةِ حَتَّى إِذَا كُنَّا بِمَاءٍ بِالطَّرِيْقِ، تَعَجَّلَ قَوْمٌ عِنْدَ الْعَصْرِ فَتَوَضَّوا، وَهُمْ عُجَالٌ، فَانْتَهَيْنَا إِلَيْهِمْ وَأَعْقَابُهُمْ بِيضٌ تَلُوحُ، لَمْ يَمَسُّهَا الْمَاءُ . فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم: وَيْلٌ لِلْأَعْقَابِ مِنَ النَّارِ .» ”ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں مکہ سے مدینہ واپس روانہ ہوئے حتٰی کہ جب ہم راستے میں ایک پانی کے قریب پہنچے تو کچھ لوگوں نے نماز عصر کے وقت (نماز عصر کی ادائیگی کے لیے) عجلت کی اور انہوں نے جلد بازی میں وضو کیا چنانچہ جب ہم ان تک پہنچے تو ان کی (خشک) ایڑیاں چمک رہی تھیں، جنہیں پانی نہیں پہنچا تھا۔ اس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا (وضو میں خشک رہ جانے والی) ایڑیوں کے لیے آگ کی ہلاکت ہے۔ (تم وضو مکمل کیا کرو)۔ [مسلم: 241]
اسی طرح عبد اللہ بن حارث رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَيْلٌ لِلاعْقَابِ مِنَ النَّارِ، وَبُطُونِ الْأَقْدَامِ مِنَ النَّارِ» ”وضو میں خشک رہ جانے والی ایڑھیوں اور پاؤں کے اندرونی (درمیانی) حصوں کے لیے آگ سے ہلاکت ہے۔“ [صحيح الجامع الصغير: 7133، صحيح]
◈ وضو کے آغاز میں بسم اللہ پڑھنا صحت وضو کی شرط ہے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لا صَلَاةَ لِمَنْ لا ُوضُوْءَ لَهُ، وَلا وَضُوْءَ لِمَنْ لَمْ يَذْكُرِ اسْمَ اللهَ عَلَيْهِ» بے وضو شخص کی نماز نہیں اور جس نے وضو کرتے «بسم الله» اللہ کا نام نہ لیا اس کا وضو نہیں ہے۔ [ابوداؤد: 101، ابن ماجه: 399، صحيح الجامع: 7514، صحيح]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 1