🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد: ➊ قبرستان کی زیارت کے وقت مذکورہ دعا کا اہتمام مسنون و مستحب ہے البتہ اس سے یہ...
فوائد:
➊ قبرستان کی زیارت کے وقت مذکورہ دعا کا اہتمام مسنون و مستحب ہے البتہ اس سے یہ ثابت کرنا کہ مردے سنتے ہیں یہاں مردوں کے سننے نہ سننے کا بیان نہیں بلکہ یہ ان کی سلامتی کی دعا ہے۔
➋ «وَدِدْتُ أَنَّا قَدْ رَأَيْنَا إِخْوَانَنَا» علماء کہتے ہیں، اس حدیث کی رو سے کار خیر کی اور فضلاء وصلحاء سے ملاقات کی تمنا کرنا جائز ہے اور آپ کے اس فرمان «وَدِدْتُ أَنَّا قَدْ رَأَيْنَا اِخْوَانَنَا» سے مقصود یہ خواہش ہے کہ ہم اپنے بھائیوں کو دنیا کی زندگی میں دیکھ پاتے۔ قاضی عیاض رحمہ اللہ کہتے ہیں۔ ایک قول ہے کہ اس سے مراد موت کے بعد ملاقات کی تمنا ہے۔ امام باجی بیان کرتے ہیں کہ آپ کے اس فرمان «بَلْ أَنتُمْ أَصْحَابِي» (بلکہ تم میرے صحابہ ہو) میں صحابہ کے بھائی نہ ہونے کی نفی نہیں ہے، بلکہ آپ نے صحابہ کی صحبت ان کا زائد مرتبہ بیان کی ہے۔ یعنی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم رفقاء اور بھائی ہیں اور جو لوگ بعد میں آئیں گے وہ بھائی ہیں لیکن صحابی نہیں۔ جیسا که فرمان باری تعالیٰ «إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ» [الحجرات: 10] ”مومن تو بھائی بھائی ہیں۔“ میں اس موقف کی وضاحت ہے۔ [نووي: 137/3]
➌ اہل لغت بیان کرتے ہیں کہ الغُرة گھوڑے کی پیشانی میں سفیدی اور التحجيل، گھوڑے کی ٹانگوں اور ہاتھوں میں سفیدی ہے۔ علماء کی ایک جماعت نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ وضو امت محمدیہ کا خاصہ و امتیاز ہے، جس سے اللہ تعالیٰ نے اس امت کو شرف و فضیلت میں زیادہ کیا ہے اور کچھ دیگر علماء کا قول ہے کہ وضو اس امت کا خاصہ نہیں بلکہ روز قیامت اعضائے وضو کی چمک اس امت کا خاصہ و امتیاز ہے۔ [شرح النووى: 134/3]
➍ جن لوگوں کو حوض کوثر سے دھتکار دیا جائے گا یہ کون لوگ ہوں گے؟ اس بارے میں علماء کے مختلف اقوال ہیں۔
1. اس سے مراد منافقین و مرتدین ہیں، ہو سکتا ہے انہیں اعضائے وضو کی چمک کے ساتھ اٹھایا جائے اور اس علامت کو دیکھ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم انہیں ندا دیں پھر آپ کو بتا دیا جائے گا کہ یہ وہ لوگ نہیں ہیں جن سے حوض کوثر پر وارد ہونے کا وعدہ کیا گیا ہے بلکہ یہ دین سے منحرف ہو گئے تھے۔
2. اس سے مقصود وہ لوگ ہیں جو حیات نبی ہی میں مسلمان تھے پھر آپ کی وفات کے بعد مرتد ہو گئے اگرچہ ان پر وضو کے نشانات کی چمک نہیں ہو گی، لیکن ذاتی شناسائی کی وجہ سے آپ انہیں پہچانتے ہوں گے۔ پھر آپ کو آگاہ کیا جائے گا کہ یہ لوگ آپ کے بعد مرتد ہو گئے تھے۔
3. اس سے مراد اہل معاصی اور کبیرہ گناہوں کے مرتکبین ہیں، جو عقیدہ توحید پر فوت ہوئے اور وہ بدعتی لوگ مراد ہیں، جو بدعات کی وجہ سے خارج از اسلام نہیں، اس آخری قول کے مطابق یہ لوگ قطعی جہنمی نہیں ہوں گے، بلکہ ان کی سزا بڑھا دی جائے گی، پھر اللہ تعالیٰ ان پر رحم کریں گے اور انہیں جنت میں بغیر عذاب کے داخل کر دیں گے۔ [نووي: 135/3، 136]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 6