🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
فوائد: ➊ ابن عمر رضی اللہ عنہما کی حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اذان عمر رضی...
فوائد:
➊ ابن عمر رضی اللہ عنہما کی حدیث سے بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اذان عمر رضی اللہ عنہ کے کہنے سے شروع ہوئی، مگر تمام احادیث کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مدینہ میں لوگوں کو نماز کے لیے جمع کرنے کا کام تین مرحلوں سے گزرا، کچھ مدت تک مسلمان نماز کے وقت کا اندازہ کر کے مسجد میں آ جاتے، مگر اس میں یہ نقصان ہوتا کہ پہلے آنے والوں کو انتظار میں دیر تک ٹھہرنا پڑتا، جس سے ان کے کام کاج کا نقصان ہوتا اور دیر سے آنے والوں کی وجہ سے نماز میں تاخیر ہو جاتی۔
دوسرا مرحلہ وہ ہے جو اس حدیث میں ہے کہ کسی نے نماز کے وقت ”ناقوس“ یعنی گھنٹہ بجانے کی تجویز دی۔ اس پر یہ اعتراض ہوا کہ یہ نصاریٰ کا طریقہ ہے۔ بگل کا ذکر ہوا تو اسے یہود کا طریقہ قرار دے کر رد کر دیا گیا۔ بعض احادیث میں آگ جلانے کی تجویز کا بھی ذکر ہے جو یہ کہہ کر رد کر دی گئی کہ یہ مجوسں کا طریقہ ہے۔ بعض روایتوں میں نماز کے وقت ایک جھنڈا بلند کرنے کا بھی ذکر ہے۔ [ديكهيے داؤد: 498] یہ تجویز بھی پسند نہ کی گئی۔ آخر عمر رضی اللہ عنہ کے مشورے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال رضی اللہ عنہ کو نماز کا اعلان کرنے کا حکم دیا، مگر یہ اعلان اذان کی صورت میں نہیں تھا بلکہ طبقات ابن سعد (246/1، 247) میں سعید بن مسیب رحمہ اللہ کی مرسل روایت میں ہے کہ یہ اعلان ان الفاظ کے ساتھ کیا جاتا تھا کہ «الصلاة جامعة .»
تیسرا مرحلہ عبد اللہ بن زید بن عبدِربہ رضی اللہ عنہ نے بیان کیا ہے، انھوں نے کہا: جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ناقوس (گھنٹہ) بنانے کا حکم دیا، تا کہ لوگوں کو نماز میں جمع کرنے کے لیے اسے بجایا جائے تو میں سویا ہوا تھا کہ میرے پاس سے ایک آدمی گزرا جو ہاتھ میں ناقوس اٹھائے ہوئے تھا۔ میں نے کہا: اے اللہ کے بندے کیا تو یہ ناقوس بیچے گا؟ اس نے کہا: تم اسے کیا کرو گے؟ میں نے کہا: ہم اس کے ساتھ نماز کی طرف بلائیں گے۔ اس نے کہا: کیا میں تمھیں اس سے بہتر بات نہ بتاؤں؟ میں نے کہا: کیوں نہیں۔ اس نے کہا: تم یوں کہو: ِ
«الله أَكْبَرُهُ اللَّهُ أَكْبَرُ، اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ، أَشْهَدُ أَنَّ لَا إِلَهَ الا الله، أَشْهَدُ أَنَّ لَا إِلَهَ الا الله، أشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ، أشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللَّهِ، حَيَّ عَلَى الصلاة، حي على الصلاة، حي على الفلاح، حي على الفلاح، اللهُ أَكْبَرُ اللهُ أَكْبَرُ، لَا إِلَهَ إِلَّا الله»
پهر وہ تھوڑی دیر مجھ سے پیچھے ہٹا، پھر اس نے کہا: پھر جب تم نماز کھڑی کرو تو یوں کہو:
«اللهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ، أَشْهَدُ أَن لَّا إلهَ إِلَّا اللهُ، أَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَسُولُ اللهِ، حَيَّ عَلَى الصَّلاةِ، حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ، قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ، قَدْ قامت الصلاة، الله أكبر الله أكبر، لا إله إلا الله»
جب صبح ہوئی تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور جو دیکھا تھا آپ کو بتایا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «إِنَّهَا لَرُؤْيَا حَقُّ إِنْ شَاءَ اللهُ، فَقُمْ مَعَ بِلَالٍ فَأَلْقِ عَلَيْهِ مَا رَأَيْتَ، فَلْيُؤَذ ن بِهِ، فَإِنَّهُ أَنْدَى صَوْنَا مِنْكَ .»
”یقیناََ یہ سچا خواب ہے، ان شاؑ اللہ، اس لیے تم بلال کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ اور تم نے جو دیکھا ہے اسے بتاتے جاؤ اور وہ ان الفاظ میں اذان کہے، کیونکہ وہ تم سے زیادہ خوش آواز اور بلند آواز ہے۔“
تو میں بلال رضی اللہ عنہ کے ساتھ کھڑا ہو کر انھیں بتانے لگا اور وہ اس طرح اذان کہنے لگے۔ عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے اسے سنا جب وہ اپنے گھر میں تھے تو اپنی چادر گھسیٹتے ہوئے نکلے اور وہ یہ کہہ رہے تھے: یا رسول اللہ! اس کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے! میں نے بھی اسی طرح دیکھا ہے جس طرح اس نے دیکھا ہے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «فَلِلَّهِ الحَمدُ» ”تمام تعریف اللہ ہی کے لیے ہے۔“ [ابو دائود: 499، وقال الألباني: حسن صحيح] یہ حدیث صحیح ہے مگر امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی شرط پر نہ ہونے کی وجہ سے اسے ذکر نہیں کیا۔ اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ عمر رضی اللہ عنہ کے مشورے سے صرف نماز کے اعلان کا فیصلہ ہوا تھا، ابھی تک اذان شروع نہیں ہوئی تھی، کیونکہ اذان کی ابتدا اس کے بعد عبد اللہ بن زید رضی اللہ عنہ کے خواب سے ہوئی، جس کی تائید رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وحی الٰہی کے ساتھ کی اور اللہ تعالی نے قرآنِ مجید میں بھی اس کا ذکر فرمایا۔ عمر رضی اللہ عنہ نے بلال رضی اللہ عنہ سے اذان سننے کے بعد ذکر کیا کہ انھوں نے بھی ایسا خواب دیکھا ہے۔
➋ بلال رضی اللہ عنہ کا انتخاب ان کے خوش آواز اور بلند آواز ہونے کی وجہ سے کیا گیا، «اندي» کے معنی میں دونوں باتیں شامل ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ موذن خوش آواز اور بلند آواز ہونا چاہیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ مکرمہ میں آئے تو مکہ کے لڑکوں نے اذان کی نقل اتاری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے ان میں ایک خوش آواز لڑکا سنا ہے، انھیں بلاؤ۔“ پھر آپ نے سب سے ایک ایک کر کے اذان سنی اور آخر میں ابو محذورہ رضی اللہ عنہ کو خود اذان سکھائی اور انھیں مؤذن مقرر فرمایا۔ ان کی اذان انیس (19) کلمات اور اقامت سترہ (17) کلمات پر مشتمل تھی۔
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 604