🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
«باب الاستهام فى الأذان» باب: اذان کے لیے قرعہ ڈالنے کا بیان۔ فائدہ: ”استہام“ کا لفظ ”سہم“ سے نکلا ہے،...
«باب الاستهام فى الأذان»
باب: اذان کے لیے قرعہ ڈالنے کا بیان۔
فائدہ:
”استہام“ کا لفظ ”سہم“ سے نکلا ہے، جس کا معنی تیر ہے۔ جب ایک چیز کے دعوے دار کئی ہوتے تو وہ ایک ایک تیر پر ایک ایک کا نام لکھ کر ایک تھیلے میں ڈال دیتے، پھر اس میں سے ایک تیر نکالتے، جس کا نام نکلتا اسے وہ چیز دے دی جاتی، پھر یہ لفظ ”قرعہ“ پر استعمال ہونے لگا خواہ وہ کسی طرح بھی ڈالا جائے، جیسے اللہ تعالیٰ نے یونس علیہ السلام کے متعلق فرمایا: «فَسَاهَمَ فَكَانَ مِنَ الْمُرْحَضِينَ» [الصافات: 141] ”پھر وہ قرعہ میں شریک ہوا تو ہارنے والوں میں سے ہو گیا۔“
«وَ يُذْكَرُ أَنَّ أَقْوَامًا اخْتَلَفُوا فِي الْأَذَانِ فَأَقْرَعَ بينهم سعد» اور ذکر کیا جاتا ہے کہ کچھ لوگوں نے اذان کہنے میں جھگڑا کیا تو سعد (بن ابی وقاص) رضی اللہ عنہ نے ان کے درمیان قرعہ ڈالا۔

فائده:
[تاريخ طبري 566/3] میں طبری نے اپنی سند کے ساتھ ابو وائل شقیق بن سلمہ سے روایت کی ہے، انھوں نے کہا: ہم نے دن کے شروع حصے میں قادسیہ فتح کیا، واپس ہوئے تو مؤذن قتل ہو چکا تھا، اذان کا وقت ہوا تو کئی آدمیوں نے اذان میں جھگڑا کیا تو (امیر لشکر) سعد رضی اللہ عنہ نے ان کے درمیان قرعہ ڈالا تو جس کا نام نکلا اس نے اذان کہی۔ [فتح الباري] ”قادسیہ“ عراق میں مشہور جگہ کا نام ہے جو ”قادس“ نامی آدمی کی طرف منسوب ہے۔ سنہ 15 ہجری میں عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت میں وہاں مسلمانوں اور ایرانیوں کے درمیان مشہور جنگ ہوئی جس سے آتش پرستوں کی کمر ٹوٹ گئی اور سلطنت فارس کا خاتمہ ہو گیا۔ اس جنگ کے سپہ سالار سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ تھے۔

فوائد:
➊ اذان اور پہلی صف میں کیا ہے:
ابوالشیخ کی ایک روایت میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے «مِنَ الْخَيْرِ وَالْبَرَكَةِ» کے الفاظ آئے ہیں، یعنی اذان اور پہلی صف میں کیا خیر و برکت ہے۔ [فتح الباري] اس خیر و برکت کو مبالغہ کے لیے مبہم رکھا ہے، یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنی ہے، مطلب یہ کہ وہ اتنی ہے کہ اس کا بیان میں آنا مشکل ہے اور لوگوں کو اس کا علم ہونا مشکل ہے، اگر انھیں علم ہو جائے تو .... الخ۔
➋ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جھگڑا ختم کرنے کے طریقوں میں سے ایک طریقہ قرعہ اندازی بھی ہے۔ جب ایک چیز کے متعدد دعوے دار ہوں اور کسی کے پاس ثبوت نہ ہو یا سب کے پاس ثبوت ہو مگر وہ صرف ایک ہی کو دی جاسکتی ہو تو قرعہ ڈال کر فیصلہ کر لیا جاتا ہے اور شریعت نے اسے معتبر مانا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس کے لیے متعدد ابواب قائم کیے ہیں، مثلاً:
«هَلْ يُقْرَعُ فِي الْقِسْمَةِ؟» [كتاب الشركة، باب: 6] ، «الْقُرْعَةُ فِي الْمُشْكِلَاتِ» [كتاب الشهادات، باب: 30] اور «القَرْعَةَ بَيْنَ النِّسَاءِ» [كتاب النكاح، باب: 98] اور امام صاحب ان میں متعدد احادیث لائے ہیں، اس کے باوجود بعض لوگ قرعہ اندازی کو جُوا قرار دے کر اس کا انکار کرتے ہیں، اللہ تعالی انھیں حق بات ماننے کی توفیق عطا فرمائے۔
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 615