🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
فوائد: ➊ اذان اور نماز کے درمیان وقفے کے متعلق مشہور حدیث وہ ہے جو جابر رضی اللہ عنہ...
فوائد:
➊ اذان اور نماز کے درمیان وقفے کے متعلق مشہور حدیث وہ ہے جو جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بلال رضی اللہ عنہ سے کہا: «اجْعَلْ بَيْنَ أَذَانِكَ وَإِقَامَتِكَ قَدْرَ مَا يَفْرُعُ الآكِلُ مِنْ أَكْلِهِ وَالشَّارِبُ مِنْ شُرْيه وَالْمُعْتَصِرُ إِذَا دَخَلَ لِقَضَاءِ حَاجَتِهِ» [ترمذي: 195] ”(اے بلال!) اپنی اذان اور اقامت کے درمیان اتنا فاصلہ رکھو کہ کھانے والا اپنے کھانے سے، پینے والا اپنے پینے سے اور قضائے حاجت والا جو اپنی حاجت کے لیے گیا ہو اپنی حاجت سے فارغ ہو جائے۔“ مگر یہ حدیث بہت ہی ضعیف ہے، کیونکہ اس کے راویوں میں سے بقول حافظ ابن حجر رحمہ اللہ عبد المنعم متروک اور یحییٰ بن مسلم مجہول ہے۔ اس لیے امام بخاری رحمہ اللہ نے اس حدیث اور اس کی ہم معنی احادیث کے ضعف کی طرف اشارہ کرنے کے لیے ان سب سے صرفِ نظر کر کے یہ حدیث ذکر فرمائی ہے کہ اذان اور اقامت کے درمیان کم از کم اتنا فاصلہ ضرور ہونا چاہیے کہ اگر کوئی اس میں نفل نماز پڑھنا چاہے تو دو رکعت ضرور پڑھ لے۔ یاد رہے کہ حدیث میں «أَذانَيْنِ» سے مراد اذان اور اقامت ہے، کیونکہ اقامت کے الفاظ بھی وہی ہیں جو اذان کے ہیں اور «صلاة» سے مراد نقل نماز ہے، کیونکہ ”اذانین“ سے مراد اگر دو اذانیں ہی ہوں تو ان کے درمیان تو فرض نماز ہے جو ہر ایک کو پڑھنا لازم ہے، جب کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لِمَنْ شَاءَ» ”جو چاہے۔“ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ «أَذَانَيْنِ» سے مراد دو اذانیں ہی ہوں، مگر «صَلَاةٌ» سے مراد نفل نماز ہو اور مطلب یہ ہو کہ ہر دو اذانوں کے درمیان فرض نماز کے علاوہ نفل نماز ہے، اس لیے ممنوع اوقات کے علاوہ جو نفل نماز پڑھنا چاہے پڑھ سکتا ہے۔
➋ بعض لوگوں نے کہا ہے کہ یہ حدیث مغرب کی اذان اور اقامت کے لیے نہیں، ان کے کہنے کے مطابق مغرب کی اذان کے بعد نفل پڑھنا جائز نہیں، یہ حدیث صرف دوسری نمازوں کے لیے ہے، کیونکہ مغرب کا وقت بہت کم ہے۔ مگر یہ بات درست نہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں صحابہ کثرت سے مغرب کی اذان کے بعد دو رکعتیں پڑھتے تھے، جیسا کہ اس کے بعد والی حدیث میں ہے۔ رہی وقت تنگ ہونے کی بات تو نووی نے شرح مسلم میں لکھا ہے کہ ”یہ بات کہ ان دو رکعتوں سے مغرب کے اول وقت سے تاخیر ہوتی ہے، یہ سنت کو پرے پھینک دینے والی فاسد بات ہے۔“ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بعض اوقات مغرب کی نماز میں سورۃ اعراف پڑھا کرتے تھے جو سوا پارے کی سورت ہے، تو کیا مغرب میں اذان کے بعد دو رکعت کی گنجائش بھی نہیں؟ اگر گنجائش ہی نہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص مغرب کا نام لے کر کیوں فرمایا: «صَلُّوا قَبْلَ صَلَاةِ الْمَغْرِبِ، قَالَ فِي الثَّالِثَةِ: لِمَنْ شَاءَ، كَرَاهِيَةَ أَن يَتَّخِذَهَا النَّاسُ سُنَّةٌ» [بخاري: 1183] ”مغرب کی نماز سے پہلے نماز پڑھو۔“ تیسری دفعہ فرمایا: ”جو چاہئے“ اس بات کو ناپسند کرتے ہوئے کہ لوگ اسے ضروری طریقہ نہ سمجھ لیں۔“
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 624