🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
فائدہ: ابن سیرین کی بات کا مقصد یہ ہے کہ رہ جانے یا فوت ہو جانے کی نسبت نماز...
فائدہ:
ابن سیرین کی بات کا مقصد یہ ہے کہ رہ جانے یا فوت ہو جانے کی نسبت نماز کی طرف نہیں کرنی چاہیے کہ وہ رہ گئی، بلکہ اپنی طرف کرنی چاہیے اور یوں کہنا چاہیے کہ ہم نماز نہیں پا سکے۔ ان کی یہ بات [مصنف ابن ابي شيبه 265/2، ح: 8826] میں مروی ہے۔ امام بخاری نے اس پر حدیث ذکر کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَمَا فَاتَكُمْ فَأَتِمُّوا» ”اور جو تم سے رہ جائے (فوت ہو جائے) اسے پورا کرو۔“ مطلب یہ ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ الفاظ کہہ رہے ہیں اور فوت ہونے کی نسبت نماز کی طرف کر رہے ہیں تو یہ کہنا ناپسند اور مکروہ کیوں ہے۔ امام صاحب کے الفاظ «وَقَوْلُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَصَحُ» (اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان زیادہ صحیح ہے) کا یہ مطلب نہیں کہ ابن سیرین کی بات بھی صحیح ہے مگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بات زیادہ صحیح ہے، کیونکہ جو بات نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف آئے گی وہ غیر صحیح ہے، اس کے صحیح ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ اسم تفضیل ہمیشہ مقابلے کے لیے نہیں آتا بلکہ مبالغے کے لیے بھی آتا ہے، مطلب یہ ہو گا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بات بہت صحیح ہے۔ [مسند احمد 22575] میں ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث ہے جس میں صحابہ کے نماز سے سوئے رہنے کا ذکر ہے، اس میں یہ الفاظ ہیں کہ ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں: «فَقُلْتُ: يَا رَسُوْلَ اللهِ! فَاتَتْنَا الصَّلَاةُ» ”میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہماری نماز رہ گئی۔“ تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر کوئی انکار نہیں کیا۔ اگر اس طرح کہنا درست نہ ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر خاموش نہ رہتے۔
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 635