🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
فوائد: ➊ اس میں ان لوگوں کا رد ہے جن کا کہنا ہے کہ اقامت کہنے والا جب «قَدْ...
فوائد:
➊ اس میں ان لوگوں کا رد ہے جن کا کہنا ہے کہ اقامت کہنے والا جب «قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ» کہے تو امام پر واجب ہو جاتا ہے کہ وہ «اللهُ أَكْبَرُ» کہہ کر نماز شروع کر دے۔
➋ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ضرورت ہو تو اقامت اور نماز کے درمیان لمبا وقفہ بھی ہو سکتا ہے۔ ہاں! بلا ضرورت ایسا نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا عام معمول نہیں تھا۔
➌ لوگوں کے سونے سے مراد بیٹھے بیٹھے سونا ہے، ایسی نیند نہیں جس میں آدمی کو وضو ٹوٹنے کا پتا نہ چل سکتا ہو، کیونکہ ایسی نیند سے وضو ٹوٹ جاتا ہے جو دوبارہ کرنا ضروری ہوتا ہے۔ [ابن حبان 2035] میں حمید سے ہشام کی روایت میں ہے: «حَتَّى
نَعَسَ بَعْضُ الْقَوْمِ»
یہاں تک کہ بعض لوگ اونگھنے لگے۔ اس سے بھی معلوم ہوا کہ سونے سے اونگھنا مراد ہے۔
➍ لوگوں کی موجودگی میں دو آدمی علیحدہ ہو کر باتیں کر سکتے ہیں، البتہ تین آدمی ہوں تو ان میں سے دو کو الگ ہو کر بات کرنا منع ہے، جیسا کہ حدیث میں آیا ہے۔
➎ اس حدیث سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حسنِ خلق اور حلم بھی ظاہر ہے کہ اس آدمی کی بات اتنی دیر تک تحمل سے سنتے رہے کہ کچھ لوگ سو گئے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی آپ کی اتباع کی توفیق عطا فرمائے۔
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 642