🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
«وقال الحسن: إن منعته امه عن العشاء فى الجماعة شفقة لم يطعها.» ‏‏‏‏ اور امام حسن بصری نے کہا کہ...
«وقال الحسن: إن منعته امه عن العشاء فى الجماعة شفقة لم يطعها.»
‏‏‏‏ اور امام حسن بصری نے کہا کہ اگر کسی شخص کی ماں اس کو محبت کی بنا پر عشاء کی نماز باجماعت کے لیے مسجد میں جانے سے روک دے تو اس شخص کے لیے ضروری ہے کہ اپنی ماں کی بات نہ مانے۔
فائدہ:
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فرمایا: میں نے حسین بن حسن مروزی کی ”کتاب الصیام“ میں صحیح سند کے ساتھ حسن بصری رحمہ اللہ کا یہ اثر دیکھا ہے کہ ”انھوں نے اس شخص کے بارے میں جو نفل روزہ رکھتا ہے تو اس کی ماں اسے روزہ کھولنے کا حکم دیتی ہے، کہا کہ وہ روزہ کھول دے اور اس کے ذمے کوئی قضا نہیں ہے اور اسے روزے کا اجر اور ماں سے حسن سلوک کا اجر ملے گا۔ پوچھا گیا: اگر وہ اسے جماعت کے ساتھ عشاء پڑھنے سے منع کرے، تو کہا: اسے یہ حق نہیں ہے، کیونکہ یہ ایک فرض ہے۔“ امام بخاری رحمہ اللہ نے حسن بصری رحمہ اللہ کا یہ اثر اس بات کی تائید کے لیے ذکر کیا ہے کہ با جماعت نماز فرض ہے۔

فوائد:
۱؎ امام بخاری رحمہ اللہ نے جزم و یقین کے ساتھ جماعت واجب ہونے کا باب قائم فرمایا ہے، کیونکہ اس کے دلائل بہت مضبوط ہیں۔ یاد رہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ اور محدثین کے نزدیک واجب اور فرض ایک ہی چیز کا نام ہے۔ اہلِ علم میں سے کچھ لوگ جماعت کو سنتِ مؤکدہ کہتے ہیں، بعض فرضِِ کفایہ اور بعض فرضِِ عین۔ بعض جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے کو شرط قرار دیتے ہیں کہ اگر بلا عذر اکیلا فرض نماز پڑھے تو وہ ادا ہی نہیں ہوتی۔ صرف فرض عین قرار دیں تو اکیلے کی نماز ہو جائے گی، مگر ترکِ واجب کا گنہگار ہو گا۔ امام بخاری رحمہ اللہ کے باب سے ظاہر ہے کہ وہ اسے فرضِِ عین سمجھتے ہیں، کیونکہ اگر باجماعت نماز صرف سنت ہوتی تو آپ اس کے ترک کرنے والوں کو گھروں سمیت جلانے کا کبھی ارادہ نہ کرتے، بلکہ اس سے جماعت ہی نہیں مسجد میں آ کر باجماعت نماز پڑھنا فرض ثابت ہو رہا ہے۔ بعض حضرات نے اس حدیث سے الٹا مطلب نکالا ہے کہ یہ دلیل ہے کہ جماعت فرض نہیں، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارادہ کیا ہے، عمل تو نہیں کیا، حالانکہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ اس ارادے پر اس لیے عمل نہیں کیا کہ گھروں میں عورتیں اور بچے بھی ہوتے ہیں، جن پر جماعت کے لیے آنا فرض نہیں۔ تعجب ہوتا ہے کہ آدمی اپنے طے کردہ مذہب کو درست ثابت کرنے کے لیے کیا کیا اجتہاد کر گزرتا ہے۔ سوچنے کی بات ہے کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کسی غلط کام کا ارادہ کر سکتے ہیں؟
حقیقت یہ ہے کہ نماز باجماعت کی فرضیت قرآن، سنت اور اجماع سے ثابت ہے۔ قرآن مجید کے دلائل یہ ہیں:
➊ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: «وَأَقِيمُوا الصَّلوةَ وَأتُوا الزَّكوة وَارْكَعُوا مَعَ الركعِينَ» [البقرة: 43] ”اور نماز قائم کرو اور زکوۃ دو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔“ اس آیت سے رکوع کرنے والوں کے ساتھ مل کر رکوع کرنے کے حکم سے جماعت کا وجوب ثابت ہو رہا ہے۔ ایک حضرت صاحب نے اس کی عجیب تاویل کی ہے، وہ فرماتے ہیں کہ یہاں رکوع سے مراد خشوع ہے، اس لیے اس سے جماعت کا وجوب ثابت نہیں ہوتا۔ بندہ پوچھے آپ خشوع کرنے والوں کے ساتھ مل کر خشوع کی صورت بھی بیان فرما دیں کہ وہ کیا ہو گی؟
➋ اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا: «وَإِذَا كُنتَ فِيهِمْ فَأَقَمْتَ لَهُمُ الصَّلوةَ فَلْتَقُمْ طَائِفَةٌ مِنْهُم مَّعَكَ وَلْيَأْخُذُوا أَسْلِحَتَهُمْ فَإِذَا سَجَدُوا فَلْيَكُونُوا مِن وَرَابِكهر» [النساء: 102] ”اور جب تو ان میں موجود ہو، پس ان کے لیے نماز کھڑی کرے تو لازم ہے کہ ان میں سے ایک جماعت تیرے ساتھ کھڑی ہو اور وہ اپنے ہتھیار پکڑے رکھیں، پھر جب وہ سجدہ کر چکیں تو تمھارے پیچھے ہو جائیں۔“ جب حالتِ خوف میں باجماعت نماز کا حکم ہے تو حالتِ امن میں تو وہ بالا ولٰی واجب ہے۔
حدیث میں بھی نماز باجماعت فرض ہونے کے بہت سے دلائل ہیں:
➊ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک نابینا آدمی آیا، اس نے کہا: یا رسول اللہ! میرا کوئی قائد نہیں جو مجھے لے کر مسجد میں جائے اور اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت مانگی کہ آپ اسے گھر میں نماز پڑھنے کی رخصت دے دیں۔ آپ نے اسے اجازت دے دی، پھر جب وہ جانے لگا تو اسے بلایا اور فرمایا: ”کیا تم نماز کی اذان سنتے ہو؟“ اس نے کہا: جی ہاں! فرمایا: ”پھر اسے قبول کرو۔“ [مسلم: 653]
➋ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «مَنْ سَمِعَ النَّدَاءَ فَلَمْ يَأْتِهِ، فَلَا صَلَاةَ لَهُ، إِلَّا مِنْ عُدْرٍ» [ابن ماجه: 793، صحيح] ”جوشخص اذان سنے پھر اس کی طرف نہ آئے تو اس کی نماز نہیں، مگر عذر سے۔“
➌ مالک بن حویرت رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «فَإِذَا حَضَرَتِ الصَّلَاةُ فَلْيُؤَذِّنُ لَكُمْ أَحَدُكُمْ، وَلْيَؤْمَكُمْ أَكْبَرُكُمْ» [بخاري: 628] ”جب نماز کا وقت ہو جائے تو تم میں سے ایک اذان کہے اور جو تم میں سے بڑا ہے وہ جماعت کرائے۔“
➍ ابو درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انھوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے، آپ فرما رہے تھے:
«مَا مِنْ ثَلَاثَةٍ فِي قَرْيَةٍ وَلَا بَدْوِ لَا تُقَامُ فِيهِمُ الصَّلَاةُ إِلَّا قَدِ اسْتَحْوَذَ عَلَيْهِم الشَّيْطَانُ، فَعَلَيْكَ بِالْجَمَاعَةِ، فَإِنَّمَا يَأْكُلُ الذَّنْبُ الْقَاصِيَةَ» [أبو داود: 547، حسن] ”کوئی بھی تین آدمی کسی بستی میں ہوں یا بادیہ میں، جن میں نماز قائم نہ کی جاتی ہو مگر ان پر شیطان غالب آ چکا ہوتا ہے، اس لیے جماعت کو لازم پکڑ، کیونکہ بھیڑیا دور جانے والی ہی کو پکڑتا ہے۔“
رہا اجماع تو عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے باجماعت نماز پر صحابہ کا اجماع ذکر فرمایا ہے، چنانچہ وہ کہتے ہیں: «مَنْ سَرَّهُ أَن يَلْقَى اللَّهَ غَدًا مُسْلِمًا، فَلْيُحَافِظُ عَلى هَؤُلاَءِ الصَّلَوَاتِ حَيْثُ يُنَادَى بِهِنَّ، فَإِنَّ اللَّهَ شَرَعَ لِنَبِيِّكُمْ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سُنَنَ الْهُدَى، وَإِنَّهُنَّ مِنْ سُنَنِ الْهُدَى، وَلَوْ أَنَّكُمْ صَلَّيْتُمْ فِي بُيُوتِكُمْ كَمَا يُصَلِّي المُتَخَلَّفُ فِي بَيْتِهِ، لَتَرَكْتُمْ سُنَّةَ نَبِيِّكُمْ، وَلَوْ تَرَكْتُمْ سُنَّةَ نَبِيِّكُمْ لَضَلَلْتُمْ، وَمَا مِنْ رَجُلٍ يَتَطَهَّرُ فَيُحْسِنُ الطُّهُورَ، ثُمَّ يَعْمِدُ إِلى مَسْجِدٍ مِنْ هَذِهِ الْمَسَاجِدِ إِلَّا كَتَبَ اللهُ لَهُ بِكُلِّ خَطْوَةٍ يَخْطُوْهَا حَسَنَةٌ، وَيَرْفَعُهُ بِهَا دَرَجَةً، وَيَحُطُ عَنْهُ بِهَا سَيِّئَةً، وَلَقَدْ رَأَيْتُنَا وَمَا يَتَخَلَّفُ عَنْهَا إِلَّا مُنَافِقٌ، مَعْلُوْمُ النِّفَاقِ، وَلَقَدْ كَانَ الرَّجُلُ يُؤْتَى بِهِ يُهَادَى بَيْنَ الرَّجُلَيْنِ حَتَّى يُقَامَ فِي الصَّف» [مسلم: 654/257] ”جس شخص کو پسند ہو کہ کل اللہ تعالیٰ سے مسلم ہونے کی حالت میں ملے وہ ان نمازوں کو وہاں ادا کرنے کی پابندی کرے جہاں ان کے لیے اذان کہی جاتی ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے تمھارے نبی کے لیے ہدایت کے طریقے مقرر فرما دیے ہیں اور یہ (باجماعت نمازیں) ہدایت کے طریقوں میں سے ہیں۔ اور اگر تم اپنے گھروں میں نماز پڑھو جیسے فلاں گھر میں بیٹھا رہنے والا پڑھتا ہے تو تم اپنے نبی کا طریقہ چھوڑ دو گے اور اگر تم نے اپنے نبی کا طریقہ چھوڑ دیا تو گمراہ ہو جاؤ گے۔ کوئی آدمی جو پاکیزگی حاصل کرتا ہے (وضو کرتا ہے) اور اچھی طرح وضو کرتا ہے، پھر ان مساجد میں سے کسی مسجد کا رخ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے ہر قدم کے بدلے جو وہ اٹھاتا ہے ایک نیکی لکھتا ہے اور اس کے سبب اس کا ایک درجہ بلند فرماتا ہے اور اس کا ایک گناہ کم کردیتا ہے اور میں نے دیکھا کہ ہم (صحابہ) میں سے اس (جماعت) سے ایسے منافق کے سوا کوئی پیچھے نہیں رہتا تھا جس کا نفاق سب کو معلوم ہوتا تھا اور آدمی کو اس حال میں بھی مسجد میں لایا جاتا تھا کہ وہ دو آدمیوں کے درمیان سہارے سے لایا جا رہا ہوتا حتی کہ اسے صف میں کھڑا کر دیا جاتا۔“
۲؎ «عَرْقًا» (عین کے فتحہ اور راء کے سکون کے ساتھ) ہڈی جس کے ساتھ کچھ گوشت ہو۔ «مزمَاةٌ» بکرے کی کھری کے درمیان کا گوشت۔ عشاء کا ذکر خاص طور پر اس لیے کیا کہ اس وقت جماعت سے غیر حاضر زیادہ ہوتے ہیں، ورنہ ہر نماز کا یہی معاملہ ہے۔
فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام 644