🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ ابو سمیعہ محمود تبسم حفظہ اللہ
«دُلُوكِ شمس» (سورج کے ڈھلنے) اور «غَسَقُ اللَّيْل» (رات کے اندھیرے) کی تفسیر میں آنے والے اقوال کا بیان...
«دُلُوكِ شمس» (سورج کے ڈھلنے) اور «غَسَقُ اللَّيْل» (رات کے اندھیرے) کی تفسیر میں آنے والے اقوال کا بیان:
فائدہ:
اس باب میں امام مالک رحمہ اللہ اس آیتِ مبارکہ کے متعلق کچھ تفسیری اقوال ذکر کر رہے ہیں جس میں بڑے اختصار اور جامعیت کے ساتھ اوقاتِ نماز کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، آیت یہ ہے:
«اَقِمِ الصَّلاةَ لِدُلُوكِ الشَّمْسِ إِلَى غسَلق اللَّيْلِ وَقُرْآنَ الْفَجْرِ» [بنى اسرائيل 17: 78]
”سورج ڈھلنے سے لے کر رات کے اندھیرے تک نماز قائم کیجیے اور نمازِ فجر بھی۔“
اس آیت مبارکہ میں ”سورج ڈھلنے سے لے کر رات کی تاریکی تک“ میں چار نمازوں کی طرف اشارہ اور اکٹھا تذکرہ ہے، کیونکہ فجر کے علاوہ باقی چاروں نمازوں کے اوقات ایک دوسرے سے متصل ہیں، ایک نماز کا وقت ختم ہوتے ہی دوسری کا وقت شروع ہو جاتا ہے اور یہ سلسلہ نصف رات تک جاری رہتا ہے اور چونکہ نماز فجر کا وقت کسی دوسری نماز کے ساتھ متصل نہیں ہے، نہ پہلے اور نہ بعد میں، اس لیے اللہ تعالی نے اس کا تذکرہ بھی الگ فرمایا، اور پھر چونکہ یہ نماز لمبی قراءت کے ساتھ ممتاز ہے اس لیے اس نماز کا نام ہی قرآن (بمعنی قراءت) رکھ دیا اور «صلاة الفجر» کہنے کی بجائے «قرآن الفجر» کے نام سے ذکر فرمایا ہے۔
موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم 18