🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ محفوظ احمد حفظہ اللہ
فوائد: عظیم حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ کلمہ توحید کی وجہ سے شرک سے بری ہونے،...
فوائد:
عظیم حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ کلمہ توحید کی وجہ سے شرک سے بری ہونے، جہنم سے آزاد ہونے اور جنت کا مستحق ہونے کے جو مژدے سنائے گئے ہیں، ان کا یہ مطلب نہیں کوئی بندہ ان خوشخبریوں کو سامنے رکھ کر نیک عمل کرنا ترک کر دے۔ جو آدمی یہ کلمہ ادا کرنے کے بعد نماز، روزے، زکوۃ اور حج وغیرہ کا پابند نہیں بنتا، اس کا مطلب یہ ہو گا کہ اس نے یہ کلمہ صدق دل اور یقین قلب کے ساتھ ادا نہیں کیا۔
جن آیات و احادیث میں بے شمار اجر و ثواب والے اعمال کی نشاندہی کی گئی ہے، ہمیں چاہیے کہ ان کو غنیمت سمجھیں اور ان پر کثرت سے عمل کریں، جو شریعت کا اصل مقصود ہے کہ اجر و ثواب بیان کر کے عمل کرنے کی رغبت دلائی جائے۔
خطباء واعظین کے لیے اس حدیث میں بہت بڑا کلیہ بیان کیا گیا ہے کہ وہ لوگوں کے حالات اور طبائع کو مد نظر رکھ کر خطبہ دیا کریں اور ایسی آیات و احادیث بیان کرنے سے وقتی طور پر گریز کریں کہ لوگ جن کا مقصد نہ سمجھ کر ان سے غلط استدلال کر رہے ہوں۔ ہاں تربیت کرنے کے بعد ہر حدیث بیان کر کے اس کی غرض و غایت سمجھائی جاسکتی ہے۔
سلسله احاديث صحيحه شرح از محمد محفوظ احمد 30