🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
جلیل القدر محدثین کرام نے ایسی کئی احادیث کو ضعیف وغیر ثابت قرار دیا، جن کی بہت سی سندیں ہیں...
جلیل القدر محدثین کرام نے ایسی کئی احادیث کو ضعیف وغیر ثابت قرار دیا، جن کی بہت سی سندیں ہیں اور ضعیف جمع ضعیف کے اُصول سے بعض علماء انھیں حسن لغیرہ بھی قرار دیتے ہیں، بلکہ بعض ان میں سے ایسی روایات بھی ہیں جو ہماری تحقیق میں حسن لذاتہ ہیں۔
اس مضمون میں ایسی دس روایات پیش خدمت ہیں جن پر اکابر علمائے محدثین نے جرح کی، جو اس بات کی دلیل ہے کہ وہ ضعیف جمع ضعیف والی مروّجہ حسن لغیرہ کو حجت نہیں سمجھتے تھے:
— نمبر 2 —
حدیث: داڑھی کا خلال کر نا یعنی وضو کے دوران میں تخلیل اللحیۃ۔
اس حدیث کی چند سندیں درج ذیل ہیں:
1: عن عمار بن یاسر رضي اللہ عنہ (ترمذی:29۔30، ابن ماجہ:429، الحاکم 1/ 149)
2: عن عثمان بن عفان رضي اللہ عنہ (ترمذی:31، ابن ماجہ:340، حاکم 1/ 149، بیہقی 1/ 54)
3: عن أنس بن مالک رضي اللہ عنہ (ابو داود:145، بیہقی 1/ 54)
امام ابو حاتم الرازی رحمہ اللہ نے فرمایا:
”لا یثبت عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم في تخلیل اللحیۃ حدیث“
نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے داڑھی کے خلال کے بارے میں کوئی حدیث ثابت نہیں ہے۔
(علل الحدیث 1/ 252 ح 101)
ثابت ہواکہ امام حاتم کے نزدیک ضعیف جمع ضعیف والی مروّجہ حسن لغیرہ روایت حجت نہیں ہے۔ نیز دیکھئے تاریخ بغداد (2/ 76 ت 455) اور الحدیث حضرو: 83 ص 25
داڑھی کے خلال والی حدیث کے بارے میں ابن حزم نے کہا:
اور ان تمام روایات میں سے کوئی چیز بھی صحیح نہیں۔
(المحلّی 2/ 36 مسئلہ 190)
تنبیہ: میر ے نزدیک سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ والی حدیث حسن لذاتہ ہے اور ثقہ راوی اسرائیل بن یونس پر ابن حزم کی جرح جمہور کے خلاف ہونے کی وجہ سے مردود ہے۔
تحقیقی و علمی مقالات للشیخ زبیر علی زئی 72