🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ غلام مصطفےٰ ظہیر حفظہ اللہ
فائدہ نمبر 1: شیخ الاسلام، الامام، المجاہد، عبداللہ بن المبارک رحمہ اللہ نماز ِ تسبیح کا طریقہ یوں بیان...
فائدہ نمبر 1: شیخ الاسلام، الامام، المجاہد، عبداللہ بن المبارک رحمہ اللہ نماز ِ تسبیح کا طریقہ یوں بیان کرتے ہیں:
«يكبّر، ثمّ يقول: سبحانك اللّٰهمّ وبحمدك، وتبارك اسمك، وتعالي جدّك، ولا إله غيرك، ثمّ يقول خمس عشرة مرّة: سبحان اللّٰه، والحمد للّٰه، ولا إله إلّا اللّٰه، واللّٰه أكبر، ثمّ يتعوّذ، ويقرأ بسم اللّٰه الرحمن الرحيم، و فاتحة الكتاب، وسورة، ثمّ يقول عشر مرات: سبحان اللّٰه، والحمد للّٰه، ولا إله إلّا اللّٰه، واللّٰه أكبر، ثمّ يركع، فيقولها عشرا، ثمّ يرفع رأسه من الركوع، فيقولها عشرا، ثمّ يسجد، فيقولها عشرا، ثمّ يسجد الثانية، فيقولها عشرا، يصلّي أربع ركعات على هذا، فذلك خمس وسبعون تسبيحة فى كلّ ركعة، يبدأ فى كلّ ركعة بخمس عشر تسبيحة، ثمّ يقرأ، ثمّ يسبّح عشرا، فإن صلّى ليلا، فأحبّ إلى أن يسلّم فى الركعتين، وإن صلّى نهارا، فإن شاء سلّم، وإن شاء لم يسلّم .»
”نمازی تکبیر کہے، پھر «سُبْحَانَكَ اللّٰهُمَّ» پڑھے، پندرہ مرتبہ یہ دعا پڑھے: «سُبْحَانَ اللّٰهِ، وَالْحَمْدُ لِلّٰهِ، وَلاَ إِلٰهَ إِلاَّ اللّٰهُ، وَاللّٰهُ أَكْبَرُ» (اللہ تعالیٰ پاک ہے، تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں، اس کے سوا کوئی الٰہ نہیں اور اللہ سب سے بڑا ہے)، پھر تعوذ وبسم اللہ پڑھ کر سورۃ الفاتحہ اور کوئی ایک سورت پڑھ لے، پھر دس مرتبہ یہی دعا پڑھے، پھر رکوع کرے اور دس مرتبہ یہ دعا پڑھے، پھر رکوع سے سر اٹھائے اور دس مرتبہ یہ دعا پڑھے، پھر سجدہ کرے اور دس مرتبہ یہ دعا پڑھے، پھر دوسرا سجدہ کرے اور دس مرتبہ یہ دعا پڑھے، اسی طرح چار رکعتیں ادا کرلے۔ یہ ہررکعت میں کل پچھتر تسبیحات ہو جائیں گی، ہر رکعت کو پندرہ دفعہ تسبیح کے ساتھ شروع کرے گا، پھر قرائت کرے گا، پھر دس دفعہ تسبیح پڑھے گا، اگر رات کو نماز ِ تسبیح ادا کرے تو زیادہ پسندیدہ بات یہ ہے کہ دو رکعتوں کے بعد سلام پھیرے اور اگر دن کو پڑھے تو سلام پھیرے یا نہ پھیرے، درست ہے۔
تخریج الحدیث: [سنن الترمذي، تحت حديث: 481، المستدرك للحاكم: 1/320، وسنده، صحيحٌ]
فائدہ نمبر 2: علامہ عبدالحئی لکھنوی حنفی لکھتے ہیں:
«اعلم أنّ أكثر أصحابنا الحنفيّة وكثير من المشايخ الصوفيّة، قد ذكروا فى كيفيّة صلاة التسبيح الكيفيّة الّتي حكاها الترمذيّ والحاكم عن عبد اللّٰه ابن المبارك الخالية عن جلسة الاستراحة، والمشتملة على التسبيحات قبل القرائة وبعد القرائة، وذلك لعدم قولهم بجلسة الاستراحة فى غيرها من الصلوات الراتبة، والشافعيّة والمحدثون أكثرهم اختاروا الكيفيّة المشتملة على جلسة الاستراحة، وقد علم ممّا أسلفنا أنّ الأصحّ ثبوتا، هو هذه الكيفيّة، فليأخذ بها من يصلّيها حنفيّا كان أو شافعيّا .»
”جان لیں کہ ہمارے اکثر حنفی اصحاب اور بہت سے صوفی مشایخ نے نماز ِ تسبیح کے طریقے میں اس طریقے کو ذکر کیا ہے، جسے امام ترمذی اورامام حاکم نے امام عبداللہ بن المبارک سے نقل کیا ہے۔ یہ طریقہ جلسہ استراحت سے خالی ہے اور قرائت سے پہلے اور بعد تسبیحات پر مشتمل ہے۔ اکثر احناف نے یہ طریقہ اس لیے اختیار کیا کہ وہ عام نمازوں میں جلسہ استراحت کے قائل نہیں ہیں، جبکہ شوافع اور اکثر محدثین نے نماز ِ تسبیح کے اس طریقے کو پسند کیا ہے، جس میں جلسہ استراحت موجود ہے۔ ہماری گزشتہ بحث سے یہ معلوم ہو گیا ہے کہ زیادہ صحیح ثابت یہی (جلسہ استراحت والا)طریقہ ہے۔ نماز ِ تسبیح پڑھنے والا خواہ حنفی ہو یا شافعی اسے یہی (جلسہ استراحت والا) طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔ ”(الآثار المرفوعۃ فی الاخبار الموضوعۃ لعبد الحی: 141)
فائدہ نمبر 3: امام عبدالعزیز بن ابی رزمہ کہتے ہیں کہ امام عبداللہ ابن المبارک رحمہ اللہ نے فرمایا:
«يبدأ فى الركوع، سبحان ربّي العظيم، وفي السجود، سبحان ربّي الأعلي ثلاثا، ثمّ يسبّح التسبيحات .»
”نماز ِ تسبیح پڑھنے والا رکوع میں پہلے تین دفعہ سبحان ربّی العظیم پڑھے گا اور سجدے میں پہلے تین دفعہ «سبحان ربّي الأعلي» پڑھے گا، پھر نماز ِ تسبیح کی تسبیحات پڑھے گا۔ ”(سنن الترمذی، تحت حدیث: 481، وسندہ، صحیحٌ)
فائدہ نمبر 4: نیز فرماتے ہیں کہ میں نے امام عبداللہ بن المبارک رحمہ اللہ سے کہا کہ نمازی بھول گیا تو کیا سجدہ سہو میں بھی دس مرتبہ تسبیحات پڑھے گا تو آپ رحمہ اللہ نے فرمایا: «لا، إنّما هي ثلاثمائة تسبيحة .»
”نہیں، یہ صرف (چار رکعات میں) تین سو تسبیحات ہیں۔ ”(ایضا، وسندہ، صحیحٌ)
تنبیہ: نماز ِ تسبیح کی جماعت کروانا بدعت ہے، کیونکہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی جماعت ثابت نہیں ہے۔ جن نوافل کی جماعت سنت سے ثابت ہے، انہی کو باجماعت ادا کرنا مشروع ہے، ورنہ تو سننِ رواتب کی بھی جماعت جائز ہونی چاہیے، حالانکہ آج تک کسی مسلمان نے ایسا نہیں کیا۔
ماہنامہ السنہ جہلم 72