🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
نماز میں سینے پر ہاتھ باندھنے والی حدیث صحیح ہے حافظ ابن الجوزی رحمہ اللہ (متوفی 597ھ) نے فرمایا: ’’أخبرنا...
نماز میں سینے پر ہاتھ باندھنے والی حدیث صحیح ہے
حافظ ابن الجوزی رحمہ اللہ (متوفی 597ھ) نے فرمایا:
”أخبرنا ابن الحصین قال: أنبأنا ابن المذہب قال: أنبأنا أحمد بن جعفر قال: حدثنا عبد اللہ بن أحمد قال: حدثني أبي قال: حدثنا یحیی بن سعید قال: حدثنا سفیان قال: حدثني سماک عن قبیصۃ بن ھلب عن أبیہ قال: رأیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یضع ھذہ علٰی ھذہ علٰی صدرہ۔ ووصف یحیی الیمنٰی علی الیسری فوق المفصل۔“
ہُلب (الطائی رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ یہ (دایاں ہاتھ) اس (بائیں ہاتھ) پر سینے پر رکھتے تھے۔
اور یحییٰ (القطان) نے دائیں (ہاتھ) کو بائیں (ہاتھ) پر جوڑ پر رکھ کر بتایا یا دکھایا۔
(التحقیق فی اختلاف الحدیث 1/ 283 ح 477، دوسرا نسخہ 1/ 338 ح 434)
اس حدیث میں ھذہ علٰی ھذہ یعنی دو دفعہ ھذہ آیا ہے جو کہ مسند احمد کے مطبوعہ نسخوں میں دو دفعہ چھپنے سے رہ گیا ہے، لیکن حافظ ابن الجوزی کی امام احمد تک سند بالکل صحیح ہے جیسا کہ راویوں کی درج ذیل تحقیق سے صاف ظاہر ہے:
1: ہبۃ اللہ بن محمد بن عبد الواحد بن احمد بن الحصین الشیبانی ثقہ صحیح السماع ہیں۔ (دیکھئے المنتظم لابن الجوزی 17/ 268، اور میری کتاب: تحقیقی مقالات 1/ 397۔398)

2: ابن المذہب جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ و صدوق ہیں اور مسند احمد کے بنیادی راویوں میں سے ہیں۔ (دیکھئے تحقیقی مقالات 1/ 396۔397، تاریخ بغداد 14/ 36، میزان الاعتدال 1/ 511)

3: احمد بن جعفر القطیعی جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ و صدوق ہیں اور مسند احمد کے بنیادی راویوں میں سے ہیں۔ (دیکھئے تحقیقی مقالات 1/ 393۔396)
ابن المذہب نے اُن کے اختلاط سے پہلے اُن سے سنا تھا۔ (لسان المیزان 1/ 145۔146)
لہٰذا یہاں اختلاط کا اعتراض بھی مردود ہے۔

4: عبد اللہ بن احمد بن حنبل بالاجماع ثقہ ہیں۔ (دیکھئے تحقیقی مقالات 1/ 392۔393)

5: امام احمد بن حنبل بالاجماع ثقہ ہیں۔

6: امام یحییٰ بن سعید القطان بالاجماع ثقہ ہیں۔

7: امام سفیان ثوری بالاجماع ثقہ ہیں اور آپ مدلس بھی تھے لیکن اس روایت میں آپ نے سماع کی تصریح کر دی ہے، لہٰذا یہاں تدلیس کا اعتراض مردودہے۔

8: سماک بن حرب صحیح مسلم کے بنیادی راوی اور جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ و صدوق ہیں۔ (دیکھئے میرا مضمون: نصر الرب فی توثیق سماک بن حرب، اور میری کتاب: نماز میں ہاتھ باندھنے کا حکم اور مقام ص 39۔49)
سماک کے شاگرد امام سفیان ثوری رحمہ اللہ نے فرمایا: ”ما یسقط لسماک بن حرب حدیث“ سماک کی کوئی حدیث ساقط نہیں ہوتی۔ (تاریخ بغداد 9/ 215 وسندہ صحیح)

یاد رہے کہ امام سفیان ثوری کا سماک سے سماع سماک کے اختلاط سے پہلے کا ہے۔ (دیکھئے نماز میں ہاتھ باندھنے کا حکم اور مقام ص 47)

9: قبیصہ بن ہلب الطائی رحمہ اللہ
قبیصہ کو درج ذیل علمائے محدثین نے صراحتاً یا تصحیحِ حدیث کے ذریعے سے ثقہ و صدوق قرار دیا۔
(1) عجلی (قال: تابعي ثقۃ / تاریخ الثقات: 1379)
(2) ابن حبان (ذکرہ فی الثقات 5/ 319)
(3) ترمذی (حسن حدیثہ: 252، 301، 1565)
(4) بغوی (شرح السنۃ 3/ 31 ح 570 وقال فی حدیثہ: ھذا حدیث حسن)
(5) ابن عبد البر (الاستیعاب فی اسماء الاصحاب 2/ 329 وقال فی حدیثہ: وھو حدیث صحیح)
جمہور کی توثیق کے مقابلے میں امام ابن المدینی اور امام نسائی کا قبیصہ بن ہلب کو مجہول کہنا صحیح نہیں، بلکہ یہاں جمہور کی ترجیح کی وجہ سے توثیق ہی مقدم ہے۔

10: ہلب الطائی رضی اللہ عنہ صحابی ہیں۔
تحقیق کا خلاصہ: اس تحقیق کا خلاصہ یہ ہے کہ یہ حدیث اصولِ حدیث اور اصولِ محدثین کی رُو سے بالکل حسن لذاتہ یا صحیح یعنی حجت ہے۔
اصل مضمون کے لئے دیکھئے تحقیقی و علمی مقالات (جلد 6 صفحہ 99 تا 104) للشیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقیقی و علمی مقالات للشیخ زبیر علی زئی 99