🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
17: وضو کے بعد درج ذیل دعائیں پڑھیں: ٭ «اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ، وَاَشْهَدُ...
17: وضو کے بعد درج ذیل دعائیں پڑھیں:
٭ «اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَحْدَهٗ لَا شَرِيْكَ لَهٗ، وَاَشْهَدُ اَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهٗ وَرَسُوْلُهٗ»
میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی اِلٰہ (معبود برحق) نہیں، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور میں گواہی دیتا ہوں کہ بے شک محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) اس (اللہ) کے بندے اور رسول ہیں۔
[مسلم: ب 17/ 234 وترقيم دار السلام: 554]
جو شخص پورا (مسنون) وضو کر کے یہ دعا پڑھتا ہے (پھر دو رکعتیں پڑھتا ہے) اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیئے جاتے ہیں، جس میں سے چاہے گا وہ داخل ہو گا۔ [مسلم: 234]
تنبیہ:
سنن الترمذی (55) کی ضعیف روایت میں «اللهم اجعلني من التوابين واجعلني من المتطهرين» کا اضافہ موجود ہے لیکن یہ روایت، سند منقطع ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔ ابو ادریس الخولانی اور ابو عثمان (سعید بن ہانئ/ مسند الفاروق لابن کثیر 1/ 111) دونوں نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے کچھ بھی نہیں سنا، نیز دیکھئے میری کتاب ”انوار الصحیفۃ فی الاحادیث الضعیفۃ“ (ت: 55)

٭ «سُبْحَانَكَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِكَ، اَشْهَدُ اَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اَنْتَ، اَسْتَغْفِرُكَ وَاَتُوْبُ اِلَيْكَ»
اے اللہ! تُو پاک ہے اور حمد و ثنا تیری (ہی) ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی الٰہ (معبود برحق) نہیں، تجھی سے میں اپنے گناہوں کی معافی مانگتا ہوں اور میں نے تیری طرف ہی لوٹ کر آنا ہے۔
(النسائی فی الکبریٰ: 9909 وسندہ صحیح، عمل الیوم واللیلۃ: 81 وقال النسائی: ”ھٰذا خطأ والصواب موقوف“ والموقوف رواہ النسائی فی الکبریٰ: 9910 وسندہ صحیح، والموقوف والمرفوع صحیحان والحمدللہ)
تنبیہ:
وضو کے بعد، آسمان کی طرف نظر اٹھا کر شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے دعائے وضو کا پڑھنا ثابت نہیں ہے۔ سنن ابی داود (170) کی جس روایت میں آسمان کی طرف نظر اٹھانے کا ذکر آیا ہے اس کی سند ابن عم زہرہ (مجہول) کی جہالت کی وجہ سے ضعیف ہے۔ ابن عم زہرہ کو حافظ منذری نے مجہول کہا ہے۔ (دیکھئے عون المعبود 1/ 66 مطبوعہ فاروقی کتب خانہ ملتان)
……………… اصل مضمون ………………
اصل مضمون کے لئے دیکھئے تحقیقی و علمی مقالات للشیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ (جلد 2 صفحہ 200 تا 204)
تحقیقی و علمی مقالات للشیخ زبیر علی زئی 200