🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
مسئلہ رفع یدین کے خلاف ایک نئی روایت مسئلہ رفع یدین کے خلاف ایک نئی روایت اخذ کی گئی...
مسئلہ رفع یدین کے خلاف ایک نئی روایت
مسئلہ رفع یدین کے خلاف ایک نئی روایت اخذ کی گئی ہے جسے کچھ عرصہ سے بہت زور وشور سے تحریر وتقریر میں بیان کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں ”ترکِ رفع یدین“ نامی ایک کتاب چھپی ہے جس میں اس روایت کو ”اخبار الفقہاء والمحدثین“ کے حوالے سے لکھا گیاہے لہٰذا اس روایت کی بھی تحقیق پیشِ خدمت ہے:
روایت کا متن
”اخبار الفقہا ء والمحدثین“ میں لکھا ہوا ہے:
«حدّثني عثمان بن محمد قال: قال لي عبيد الله بن يحيي: حدثني عثمان بن سوادة ابن عباد عن حفص بن ميسرة عن زيد بن أسلم عن عبدالله بن عمر قال: كنا مع رسول الله صلى الله عليه وسلم بمكة نرفع أيدينا فى بدء الصلاة وفي داخل الصلاة عندالركوع فلما هاجر النبى صلى الله عليه وسلم إلى المدينة ترك رفع اليدين فى داخل الصلاة عند الركوع وثبت علٰي رفع اليدين فى بدء الصلاة.»
[ص 214 ت 378، تركِ رفع يدين ص 491]
تارکینِ رفع یدین کی پیش کردہ روایت کئی لحاظ سے موضوع اور باطل ہے۔
دلیل نمبر 7:
اس روایت کے متن میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کرنے کے بعد رکوع والا رفع یدین چھوڑ دیا۔ جبکہ صحیح و مستند احادیث سے ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ میں رفع یدین کرتے تھے۔
ابو قلابہ رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ:
مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ جب نماز پڑھتے تو تکبیر کے ساتھ رفع یدین کرتے اور جب رکوع کرتے تورفع یدین کرتے اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو رفع یدین کرتے اور فرماتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اسی طرح کرتے تھے۔
[صحيح مسلم 1/ 168 ح 391 وصحيح بخاري 1/ 102 ح 737]
مالک بن حویرث اللیثی رضی اللہ عنہ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تھے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مدینہ منورہ میں) غزوۂ تبوک کی تیاری کر رہے تھے۔ دیکھئے: [فتح الباري ج 2 ص 110 ح 628]
وائل بن حجر الحضرمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:
انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپ شروع نماز، رکوع سے پہلے اور رکوع کے بعد رفع یدین کرتے تھے۔
[صحيح مسلم ج 1 ص 173 ح 401]
عینی حنفی لکھتے ہیں:
«وائل بن حجر أسلم فى المدينة فى سنة تسع من الهجرة»
اور وائل بن حجر مدینہ میں نو (9) ہجری کو مسلمان ہوئے تھے۔
[عمدة القاري ج 5 ص 274]
9 ہجری میں جو وفود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تھے، حافظ ابن کثیر الدمشقی نے ان میں وائل رضی اللہ عنہ کی آمد کا ذکر کیا ہے۔ [البدايه والنهايه ج 5 ص 71]
اس کے بعد (اگلے سال 10ھ) آپ دوبارہ آئے تھے، اس سال بھی آپ نے رفع یدین کا ہی مشاہدہ فرمایا تھا۔ [سنن ابي داود: 727، صحيح ابن حبان، الاحسان 3/ 169 ح 1857]
معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں رفع یدین نہیں چھوڑا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ میں بھی رکوع سے پہلے اور بعد والا رفع یدین کرتے رہے۔
اس سے معلوم ہوا کہ اخبار الفقہاء والی روایت موضوع ہے۔
اصل مضمون کے لئے دیکھئے نور العینین فی اثبات رفع الیدین (جدید نسخہ، صفحہ 205 تا 211) نیز دیکھئے فتاویٰ علمیہ المعروف توضیح الاحکام (جلد 1 صفحہ 356 تا 362) للحَافِظُ أَبُو طَاھِر زُبَیر عَلي زَئي (رحمۃ اللہ علیہ)
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) 356