🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
سیدنا خضر علیہ السلام نبی تھے سوال: کیا خضر علیہ السلام نبی تھے یا ولی یا فرشتہ؟ ’’شریعت و...
سیدنا خضر علیہ السلام نبی تھے
سوال: کیا خضر علیہ السلام نبی تھے یا ولی یا فرشتہ؟ ”شریعت و طریقت“ میں مولانا عبدالرحمٰن کیلانی رحمہ اللہ نے غیر نبی ہونے کو اقرب الی الحق قرار دیا ہے۔ کیا ان کا موقف صحیح ہے؟ (ایک سائل)
الجواب:
سیدنا خضر علیہ السلام کے بارے میں راجح یہ ہے کہ وہ نبی تھے۔
ثقہ امام ابو حیان محمد بن یوسف اندلسی رحمہ اللہ (متوفی 745ھ) نے فرمایا:
«والجمهور علٰي أن الخضر نبي …… والجمهور علٰي أنه مات»
اور جمہور اس پر ہیں کہ خضر نبی ہیں …… اور جمہور اس پر ہیں کہ وہ فوت ہو گئے۔
[تفسير البحرالمحيط ج 6 ص 139، سورة الكهف: 65]
حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے اس مسئلے پر ایک کتاب: ”الزھر النضر في نبأ الخضر“ لکھی ہے۔ دیکھئے: [مجموعة الرسائل المنيريه 2/ 195۔ 234]
اس کتاب کے آخر میں حافظ ابن حجر نے لکھا ہے:
«والذي لا يتوقف فيه الجزم بنبوته»
اور اُس (خضر) کی نبوت کے اقرار بالجزم میں توقف نہیں کرنا چاہئے۔ [ص 234]
خضر علیہ السلام کے نبی ہونے کے کئی دلائل ہیں مثلاً:
➊: اُن کا قول ﴿وَ مَا فَعَلْتُهٗ عَنْ اَمْرِيْ﴾ اور میں نے اسے اپنی مرضی سے نہیں کیا۔ [سورة الكهف: 82]
یعنی اُن پر وحی آتی تھی۔
➋ ارشادِ باری تعالیٰ کہ ہم نے اُسے (خضر کو) اپنی طرف سے رحمت اور علم عطا فرمایا تھا۔ دیکھئے: [سورة الكهف 65]
➌ خضر علیہ السلام کا (نابالغ) بچے کو قتل کرنا اور یہ ظاہر ہے کہ الہام کی بنیاد پر قتل جائز نہیں ہے۔
➍ خضر نے کہا: بنی اسرائیل والے موسیٰ؟ [صحيح بخاري: 4725، صحيح مسلم: 2380]
معلوم ہوا کہ وہ سیدنا موسیٰ علیہ السلام کے اُمتی نہیں تھے، ورنہ اس طرح نہ کہتے۔
➎ جمہور کا قول جیسا کہ بحوالہ ابو حیان رحمہ اللہ گزر چکا ہے۔
➏ حافظ ابن حزم نے کہا: «والخضر عليه السلام نبي قدمات» اور خضر علیہ السلام نبی تھے، آپ فوت ہو گئے۔ [المحلي ج 1 ص 50 مسئله: 90]
مزید تفصیل کے لئے دیکھئے حافظ ابن القیم کی کتاب: المنار المنیف فی الصحیح والضعیف [ص67۔ 76، فقره: 123۔ 134]
فائدہ: سیدنا خضر علیہ السلام کے بارے میں صحیح عقیدہ یہ ہے کہ وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بہت پہلے فوت ہو گئے تھے اور اب زندہ نہیں ہیں لہٰذا صحابۂ کرام میں اُن کا ذکر غلط ہے۔
نیز دیکھئے: حفظ الرحمن سیو ہاروی تقلیدی کی کتاب: قصص القرآن [ج1ص 433۔ 440]
جناب عبدالرحمٰن کیلانی رحمہ اللہ نے لکھا ہے:
”…… وہ کہتے ہیں کہ حضرت خضر علیہ السلام نہ نبی تھے نہ ولی، بلکہ وہ انسان بھی نہ تھے …… یہ اقرب الی الحق ہے۔ “ [شريعت وطريقت ص 124، 125]
تحقیق مذکور میں کیلانی صاحب نے سیدنا خضر علیہ السلام کے نبی ہونے کا انکار کر کے انھیں فرشتہ قرار دیا ہے۔ ہمارے نزدیک کیلانی صاحب کی یہ ”تحقیق“ دلائلِ صحیحہ اور جمہور کے خلاف ہونے کی وجہ سے غلط اور ابعد عن الحق ہے۔
اصل مضمون کے لئے دیکھئے ماہنامہ الحدیث حضرو (شمارہ 62 صفحہ 7 اور 8) بعنوان ”توضیح الاحکام“
ماہنامہ الحدیث حضرو 7