🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
نماز کی طاق رکعت میں کچھ دیر بیٹھنے کے بعد کھڑے ہونا صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ نبی...
نماز کی طاق رکعت میں کچھ دیر بیٹھنے کے بعد کھڑے ہونا
صحیح حدیث سے ثابت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نماز کی طاق رکعت میں ہوتے تو یکدم کھڑے نہ ہوتے بلکہ بیٹھ جاتے تھے۔
دیکھئے: [صحيح بخاري ج1 ص113 ح82و اور هدية المسلمين ص47 ح18]
بلکہ صحیح بخاری میں آیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص (جسے نماز صحیح طور پر نہیں آتی تھی) سے فرمایا: «ثم اسجد حتي تطمئن ساجدا، ثم ارفع حتي تطمئن جالسا، ثم اسجد حتي تطمئن ساجدا، ثم ارفع حتي تطمئن جالسا»
پھر سجدہ کر حتی کہ اطمینان سے سجدہ کرے، پھر اٹھ جا حتی کہ اطمینان سے بیٹھ جائے، پھر (دوسرا) سجدہ کر حتیٰ کہ اطمینان سے سجدہ کرے، پھر (دوسرے سجدے سے) اٹھ جا حتی کہ تو اطمینان سے بیٹھ جائے۔ [صحيح بخاري: 6251]
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسرے سجدے کے بعد بیٹھنے کا حکم دیا تھا۔ اس حدیث کو ظہور احمد دیو بندی نے بحوالہ صحیح بخاری (26511/صحیح 6251 ہے) نقل کیا۔ (دیکھئے چہل حدیث ص78، 79) لیکن تحریف کر کے دوسرے سجدے کے بعد «حتي تطمئن جالسا» حتی کہ تو اطمینان سے بیٹھ جائے، کے الفاظ حذف کر دئیے ہیں۔ یہ بہت بڑی خیانت ہے۔

سیدنا ابوحمید الساعدی رضی اللہ عنہ کی طرف منسو ب ایک روایت میں آیا ہے:
«ثم كبر فسجد، ثم كبر فقام ولم يتورك»
پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر کہی اور سجدہ کیا، پھر سجدہ سے تکبیر کہہ کر کھڑے ہو گئے اور تورک نہیں کیا۔ [سنن ابي داود: 733]
اس روایت کی سند عیسیٰ بن عبداللہ بن مالک (مجہول الحال) کی وجہ سے ضعیف ہے۔ ظہور احمد نے تحریف کر کے اس روایت میں «ولم يتورك» اور تورک نہیں کیا۔
کا ترجمہ: ”بیٹھے نہیں“ کر دیا ہے۔ دیکھئے چہل حدیث [ص80]
یہ بہت بڑی خیانت ہے۔
فائدہ:
سیدنا ابوحمید الساعدی رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب اس ضعیف روایت میں رکوع سے پہلے اور رکوع کے بعد والے رفع یدین کا بھی ذکر ہے، جس سے ان لوگوں کو خاص طور پر چڑ ہے۔
دیکھئے: [شرح معاني آثار للحطاوي ج1 ص260 باب صفة الجلوس فى الصلوة كيف هو؟ / طبع دارالباز مكة المكر مة اور السنن الكبريٰ للبيهقي 2/101۔ 102]
صحیح حدیث (معمول بہ) کو عذر پر محمول کر دینا اور ضعیف حدیث میں تحریف کرنا، کون سی عدالت کا انصاف ہے؟!
۔۔۔ اصل مضمون دیکھیں۔۔۔
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) ج2 ص77
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) 77