🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور بعض غیب کی اطلاع سوال: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو...
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور بعض غیب کی اطلاع
سوال: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دی گئی غیبی خبریں اور علمِ غیب سے متعلق علمائے اہلِ سنت کا موقف کیا ہے؟
الجواب: ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
﴿قُلْ لاَّ يَعْلَمُ مَنْ فِي السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ الْغَيْبَ اِلاَّ اللهُ﴾
کہہ دیجئے کہ آسمانوں اور زمین میں جو کوئی بھی ہے الغیب نہیں جانتا مگر اللہ جانتا ہے۔ [النمل: 65]
اس آیتِ کریمہ کی تشریح میں امام ابن جریر الطبری رحمہ اللہ نے فرمایا:
اللہ تعالیٰ اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے کہ اے محمد! (صلی اللہ علیہ وسلم ) قیامت کے بارے میں پوچھنے والے مشرکین سے جو کہتے ہیں کہ قیامت کب آئے گی؟ کہہ دو! اللہ نے جو علم اپنے پاس رکھا ہے اور مخلوق سے اُسے چھُپا دیا ہے اُس الغیب کو آسمانوں اور زمین میں کوئی نہیں جانتا اور قیامت بھی اسی (الغیب) میں سے ہے۔ [تفسير طبري ج20ص 5]
اس آیتِ کریمہ سے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہانے استدلال کر کے فرمایا:
«وَمَنْ زَعَمَ أَنَّ مُحَمَّدًا صلى الله عليه وسلم يَعْلَمُ مَا فِي غَدٍ فَقَدْ أَعْظَمَ عَلَي اللهِ الْفِرْيَةَ»
اور جس نے دعویٰ کیا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم جانتے تھے جو کل ہو گا تو اس نے اللہ پر بڑا افتراء باندھا، یعنی بہت بڑا جھوٹ بولا:۔
[كتاب التوحيد لابن خزيمه ص 223 ح 324 وسنده صحيح، المستخرج لابي نعيم الاصبهاني 1/ 242 ح 442 وسنده صحيح، صحيح ابي عوانه ج1ص 154ح 304]
معلوم ہوا کہ صرف اللہ تعالیٰ ہی عالم الغیب ہے، نیز اُس کا علم ہر وقت ہر چیز کو محیط ہے، وہ «جميع ماكان و جميع ما يكون» کا علم جانتا ہے اور کوئی چیز بھی اُس کے علم سے باہر نہیں۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«مَفَاتِحُ الغَيْبِ خَمْسٌ لاَ يَعْلَمُهَا إِلَّا اللهُ: لاَ يَعْلَمُ مَا فِيْ غَدٍ إِلَّا اللهُ، وَلاَ يَعْلَمُ مَا تَغِيضُ الأَرْحَامُ إِلَّا اللهُ، وَلاَ يَعْلَمُ مَتَي يَأْتِي المَطَرُ أَحَدٌ إِلَّا اللهُ، وَلاَ تَدْرِي نَفْسٌ بِأَيِّ أَرْضٍ تَمُوتُ، وَلاَ يَعْلَمُ مَتَي تَقُومُ السَّاعَةُ إِلَّا اللهُ»
”غیب کی پانچ چابیاں ہیں جنھیں اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا: کل کیا ہو گا؟ اسے اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا، ارحام میں کیا پو شیدہ ہے؟ اسے اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا اور اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتاکہ بارش کب ہو گی، کسی جاندار کو یہ معلوم نہیں کہ زمین کے کس (حصے پر) اُس کی موت آئے گی اور اللہ کے سوا کوئی بھی نہیں جانتاکہ قیامت کب آئے گی۔“ [صحيح بخاري: 4697]
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«أُوتِيتُ مَفَاتِيحَ كُلِّ شَيْءٍ إِلَّا الْخَمْسَ»
”مجھے ہر چیز کی چابیاں دی گئی ہیں سوائے پانچ کے۔“
پھر آپ نے سورۂ لقمان [آيت: 34] کی تلاوت فرمائی۔
[مسند احمد 2/ 85۔ 86 ح 5579 وسنده صحيح، المعجم الكبير للطبراني 12/ 360۔ 361 ح 13344]
تنبیہ: شیخ محمد ناصر الدین الالبانی رحمہ اللہ کو بڑی غلطی لگی ہے کہ انہوں نے ذکر اور عدمِ ذکر والے فلسفے کی رُو سے اس حدیث کو «شاذ أوله» قرار دے کر اپنے سلسلہ ضعیفہ [7/ 348 ح 3335] میں نقل کر دیا۔ جبکہ اُن کے برعکس شیخ احمد محمد شاکر المصری رحمہ اللہ نے اس حدیث کے بارے میں فرمایا: «إسناده صحيح» اس کی سند صحیح ہے۔ [المسند بتحقيق احمد شاكر 7/ 276]

اس حدیث سے دو باتیں صاف ثابت ہیں:
➊ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو پانچ چیزوں کی چابیاں نہیں دی گئیں۔
➋ ان پانچ چیزوں کے علاوہ ہر چیز کی چابیاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دے دی گئیں۔
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
«أُوتِيَ نَبِيُّكُمْ صلى الله عليه وسلم مَفَاتِيحَ كُلِّ شَيْءٍ غَيْرَ خَمْسٍ»
آپ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو پانچ کے علاوہ سب چابیاں عطاکی گئیں۔ پھر انہوں نے سورۂ لقمان (آیت: 34) کی تلاوت فرمائی۔
[مسند احمد 1/ 386 ح 3659 وسنده حسن، مسند الحميدي بتحقيقي: 125، وقال ابن كثير: ”وهذا إسناد حسن“ إلخ]
اس حدیث کے راوی عبداللہ بن سلمہ جمہور محدثین کے نزدیک موثق ہونے کی وجہ سے صدوق حسن الحدیث ہیں۔ دیکھئے: [مسند الحميدي بتحقيقي كا حاشيه ح 57]
عمرو بن مرہ کی روایت کی وجہ سے یہ حدیث عبداللہ بن سلمہ کے اختلاط سے پہلے کی ہے۔ اس سلسلے میں مفصل دلائل کے لئے کتبِ حدیث کی طرف رجوع فرمائیں۔
ایک آیتِ کریمہ کی تفسیر میں ابن کثیر رحمہ اللہ الدمشقی رحمہ اللہ نے فرمایا:
«إِنَّ اللهَ يَعْلَمُ الْغَيْبَ جَمِيعَهُ . . .»
بے شک اللہ سارا (کُل کا کُل) غیب جانتا ہے۔۔۔
[تفسير ابن كثير 4/ 403، الانبياء: 110]
اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا:
﴿قُلْ لَّآاَمْلِكُ لِنَفْسِيْ نَفْعًا وَّ لاَ ضَرًّا اِلاَّ مَا شَآءَ اللهُ - وَلَوْ كُنْتُ اَعْلَمُ الْغَيْبَ لاَ سْتَكْثَرْتُ مِنَ الْخَيْرِ - وَمَا مَسَّنِيَ السُّوؔءُ﴾
”کہہ دیجئے: میں اپنی جان کے لئے نفع اور نقصان کا مالک نہیں مگر جو اللہ تعالیٰ چاہے اور اگر میں الغیب جانتا تو بہت سی خیر جمع کر لیتا اور مجھے کوئی تکلیف نہ پہنچتی۔“ [الاعراف: 188]
امام ابن جریر رحمہ اللہ نے لکھاہے:
اگر میں وہ جانتا جو ہونے والا ہے اور ابھی تک نہیں ہوا تو خیر کثیر اکٹھی کر لیتا۔ [تفسير طبري 590/5، طبع دارالحديث القاهره]
اب سوال یہ ہے کہ کیا انبیاء اور رسول بھی اللہ تعالیٰ کی اطلاع اور وحی سے بعض غیب جانتے تھے؟ تو اس کے جواب سے پہلے جلیل القدر مفسرین کرام اور علمائے عظام کے دس (10) حوالے پیشِ خدمت ہیں:
حوالہ نمبر 1:
اہلِ سنت کے مشہور ثقہ امام ابوجعفر محمد بن جریر بن یزید الطبری رحمہ اللہ (متوفی 310ھ) نے سورۃ الجن (آیت: 26۔ 27) کی تفسیر میں فرمایا:
«فَلَا يُظْهِرُ عَلَي غَيْبِهِ أَحَدًا، فَيُعْلِمُهُ أَوْ يُرِيهِ إِيَّاهُ ﴿إِلَّا مَنِ ارْتَضَي مِنْ رَسُولٍ﴾ فَإِنَّهُ يُظْهِرُهُ عَلَي مَا شَاءَ مِنْ ذَلِكَ»
پس وہ اپنے غیب پر کسی کو مطلع نہیں کرتا، تاکہ وہ اسے جان لے یا دیکھ لے، ”سوائے رسول کے جس پر وہ راضی ہے“ تو اُسے اس میں سے جو چاہے اطلاع دے دیتا ہے۔ [تفسير طبري ج29ص 76]

حوالہ نمبر 2:
امام ابن جریر سے تقریباًً دو صدیاں پہلے مفسر قرآن امام قتادہ بن دعامہ البصری رحمہ اللہ (متوفی 117ھ) نے فرمایا:
« ﴿إِلَّا مَنِ ارْتَضَي مِنْ رَسُولٍ﴾ فَإِنَّهُ يُظْهِرُهُ مِنَ الْغَيْبِ عَلَي مَا شَاءَ إِذَا ارْتَضَاهُ“»
”سوائے جس رسول پر وہ راضی ہو“، تو اسے غیب میں سے جو چاہتا ہے بتا دیتا ہے۔ اگر اُس (یعنی اللہ تعالیٰ) کی رضا مندی ہو۔
[تفسير ابن جرير الطبري 29/77 وسنده صحيح]

حوالہ نمبر 3:
امام ابومحمد حسین بن مسعود البغوی الفراء رحمہ اللہ (متوفی 516ھ) نے سورۂ آل عمران (آیت: 179) کی تفسیر میں فرمایا:
«فَيُطْلِعُهُ عَلَي بَعْضِ عِلْمِ الْغَيْب»
پس وہ (اللہ) اسے (اپنے رسول کو) بعض علم غیب پر مطلع فرماتا ہے۔
[تفسير بغوي ج1ص 378]
امام بغوی کی اس تفسیر سے صاف ثابت ہو گیا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو غیب (کی خبروں) میں سے بعض کا علم عطا فرمایا تھا۔

حوالہ نمبر 4:
امام ابوالحسن علی بن احمد الواحدی النیسابوری رحمہ اللہ (متوفی 468ھ) نے فرمایا:
«والمعني أن من ارتضاه (للرسالة والنبوة) فإنه يطلعه علٰي ما شاء من غيبه»
اور معنی یہ ہے کہ جسے وہ رسالت اور نبوت کے لیے چُن لے تو اُسے اپنے غیب میں سے جس پر چاہے اطلاع دے دیتا ہے۔
[الوسيط فى تفسير القرآن المجيد 4/ 369، الجن: 26۔ 27]

حوالہ نمبر 5:
حافظ ابن الجوزی (متوفی 597ھ) نے فرمایا:
«والمعني: أن من ارتضاه للرسالة أطلعه علٰي ماشاء من غيبه»
اور معنی یہ ہے: جسے وہ رسالت کے لئے چُن لے تو اپنے غیب میں سے جس پر چاہے اُسے اطلاع دے دیتا ہے۔
[زاد المسير 8/385، الجن: 26۔ 27]

حوالہ نمبر 6:
قاضی ابوبکر محمد بن عبداللہ عرف ابن العربی المالکی (متوفی 543ھ) نے منافقین کا رد کرتے ہوئے فرمایا:
«وأنّ الله يطلعه علٰي ماشاء من غيبه»
اور بے شک اللہ اسے (سیدنا محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو) اپنے غیب میں سے جو چاہے اطلاع دے دیتا ہے۔
[احكام القرآن 2/ 1033، التو به: 127]

حوالہ نمبر 7:
ابوعبداللہ محمد بن احمد القرطبی الانصاری (متوفی 671ھ) نے فرمایا:
«فإنه يظهره علٰي مايشاء من غيبه لأنّ الرسل مؤيدون بالمعجرات و منها الإخبار عن بعض الغائبات»
پس وہ انہیں اپنے غیب میں سے جو چاہے اطلاع دیتا ہے، کیونکہ رسولوں کی معجزات کے ساتھ تائید کی گئی اور ان (معجزات) میں سے بعض غیبوں کی خبر دینا (بھی) ہے۔
[تفسير قرطبي 19/ 27۔ 28، الجن: 26۔ 27]
نیز دیکھئے: [تفسير قرطبي ج8ص 299، التو به: 127]

حوالہ نمبر 8:
امام ابوحیان محمد بن یوسف الاندلسی (متوفی 745ھ) نے فرمایا:
«فَإِنَّهُ يُظْهِرُهُ عَلَي مَا يَشَاءُ مِنَ ذَلِكَ»
پس وہ اس (غیب) میں سے جو چاہے، آپ (صلی اللہ علیہ وسلم ) کو اطلاع دے دیتا ہے۔
[البحر المحيط ج8ص 348، الجن: 26۔ 27]

حوالہ نمبر 9:
حافظ ابن تیمیہ رحمہ اللہ (متوفی 728ھ) نے بعض انبیاء کے بارے میں فرمایا:
«وَمِنْهُمْ مَنْ أَطْلَعَهُ عَلَي مَا شَاءَ مِنْ غَيْبِهِ»
اور اُن میں سے وہ بھی ہیں جنھیں اُس (اللہ) نے اپنے غیب میں سے بعض پر اطلاع فرمائی۔ [مجموع فتاويٰ 28/ 605]

حوالہ نمبر 10:
حافظ ابن القیم رحمہ اللہ (متوفی 751ھ) نے فرمایا:
«اسْتِدْرَاكٌ لِمَانَفَاهُ مِنَ اطِّلَاعِ خَلْقِهِ عَلَي الْغَيْبِ سِوَي الرُّسُلِ، فَإِنَّهُ يُطْلِعُهُمْ عَلَي مَا يَشَاءُ مِنْ غَيْبِهِ……»
”اور لیکن اللہ اپنے رسولوں میں سے جسے چاہتا ہے چُن لیتا ہے“ نفی پر استدراک ہے کہ اللہ اپنی مخلوقات میں سے رسولوں کے سوا کسی کو غیب پر اطلاع نہیں دیتا، پس وہ جو چاہتا ہے اپنے غیب میں سے انہیں اطلاع دے دیتا ہے۔۔۔
[زاد المعاد ج3ص 220 فضل فى ذكر بعض الحكم والغايات المحمودة۔۔۔۔]
مزید تفصیل کے لئے دیکھئے: [تفسير بيضاوي 1/ 195 تفسير ثعلبي 3/ 219 ارشاد القاري للقسطلاني 7/186 الدر المصون فى علوم الكتاب المكنون6/ 399 جلالين ص92 اضواء البيان 2/ 196 اور التفسير الصحيح لحكمت بشير 4/ 548] وغیرہ۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ العسقلانی رحمہ اللہ نے ایک آیت کی تفسیر میں فرمایا:
«فَإِنَّهُ يَقْتَضِي اطِّلَاعَ الرَّسُولِ عَلَي بَعْضِ الْغَيْبِ»
پس اس کا یہ تقاضا ہے کہ رسول کو بعض غیب پر اطلاع دی جائے۔
[فتح الباري 8/ 514 تحت ح 4778]
آثار سلف صالحین، آیاتِ کریمہ اور احادیثِ صحیحہ کا اس مسئلے میں خلاصہ درج ذیل ہے:
1- صرف اللہ ہی عالم الغیب ہے اور یہ اس کی صفتِ خاصہ ہے جس میں کوئی بھی اس کا شریک نہیں۔
2- «جميع ماكان و مايكون» یعنی سارا اور کُلی علمِ غیب صرف اللہ ہی جانتا ہے۔
3- پانچ چیزوں (مثلاًً قیامت وغیرہ) کا علم صرف اللہ کے پاس ہے اور مخلوق میں سے کوئی بھی ان پانچ چیزوں کا علم نہیں جانتا۔
4- رسولوں اور انبیاء کو بعض علمِ غیب کی اطلاع دی گئی تھی۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے علمِ غیب کے بارے میں دو فرقوں کے متضاد نظریات درج ذیل ہیں:
1- رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکمیلِ قرآن کے بعد «جميع ما كان و جميع ما يكون» کا علم باذن اللہ جانتے ہیں۔
اس نظریے کی کوئی صریح دلیل قرآن، حدیث، ا جماع اور آثارِ سلف صالحین سے ثابت نہیں اور نہ تکمیلِ قرآن کی متعین تاریخ کا علم کسی حدیث یا خبر میں موجود ہے۔
اس جواب کے شروع میں گزر چکا ہے کہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہانے فرمایا تھا: اور جس (شخص) نے دعویٰ کیا کہ (سیدنا) محمد صلی اللہ علیہ وسلم جانتے تھے جو کل ہو گا، تو اس نے اللہ پر بڑا افتراء باندھا یعنی بہت بڑا جھوٹ بولا۔ [صحيح ابي عوانه: 304]
ام المؤمنین رضی اللہ عنہا نے یہ بات مسروق تابعی کے سامنے فرمائی تھی، جس سے ثابت ہوا کہ اُن کا یہ قول رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات اور تکمیلِ قرآن کے بعد کا ہے۔
2- بعض لوگ ایک فلسفہ گھڑتے ہیں کہ جو غیب وحی یا اللہ کی طرف سے اطلاع و اخبار کے ذریعے سے معلوم ہو، اسے غیب نہیں کہتے، لہٰذا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کسی قسم کا غیب نہیں جانتے تھے بلکہ ایک شخص نے میرے سامنے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک ذرا برابر غیب بھی نہیں جانتے تھے۔ «أستغفرالله، معاذ الله»
یہ بعض مبتدعہ اور جدید متکلمین کا عقیدہ ہے جس کی کوئی دلیل قرآن، حدیث، اجماع اور آثارِ سلف صالحین میں موجود نہیں، بلکہ یہ عقیدہ سراسر باطل اور صریح گمراہی ہے۔
حافظ ابن عبدالبر الاندلسی رحمہ اللہ (متوفی 463ھ) نے ایک حدیث کی تشریح میں لکھا:
«وفيه أنه كان صلى الله عليه وسلم لا يعلم الغيب و إنما كان يعلم منه ما يظهره الله عليه»
اور اس حدیث میں یہ (فقہ) ہے کہ بےشک آپ صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے تھے اور آپ صرف وہ جانتے تھے جواللہ آپ پر ظاہر فرماتا تھا۔
[التمهيد لما فى الموطأ من المعاني والاسانيد ج6ص 251]
ابوالولید الباجی (متوفی 494ھ) نے ایک حدیث کی تشریح میں فرمایا:
«لأنه لا يعلم من الغيب إلا ما اطلع عليه بالوحي»
کیونکہ بے شک آپ غیب میں سے نہیں جانتے تھے سوائے اُس کے جس کی آپ کو وحی کے ذریعے سے اطلاع دی گئی تھی۔
[المنتقيٰ شرح الموطأ ج7ص 129، كتاب الاقضيه باب 1]
آخر میں بطور فائدہ اور بطور تنبیہ عرض ہے کہ مخلوق میں سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا علم سب سے زیادہ ہے۔
صحابۂ کرام کا یہ تکیۂ کلام تھا اور وہ کثرت سے فرمایا کرتے تھے کہ «اَللّٰهُ وَ رَسُولُهُ أَعلَم» یعنی اللہ اور اس کا رسول سب سے زیادہ جانتے ہیں۔ دیکھئے [صحيح بخاري 53، 87، 425، 7447، صحیح مسلم 8 [93] ، 17 [116] ، 30 [143] ، 2969 [7439] ]
اور [موطأ امام مالك 1/ 192ح 452۔۔۔]
عبید بن عمیر بن قتادہ اللیثی رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ ایک دن (سیدنا) عمر رضی اللہ عنہ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ سے کہا: یہ آیت: تمہارے خیال میں کس کے بارے میں نازل ہوئی ہے؟ تو انہوں نے کہا: «الله أعلم» اللہ سب سے زیادہ جانتا ہے۔ تو عمر (رضی اللہ عنہ) غصے ہوئے اور فرمایا: کہو ہم جانتے ہیں یا نہیں جانتے۔۔۔ الخ [صحيح بخاري ج2ص 651ح 4538، فتح الباري ج8ص 202]
یعنی صاف صاف جواب دو۔ اس سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد «اللهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ» نہیں کہنا چاہیے بلکہ صرف «الله أعلم» کہنا چاہئے۔
مستدرک الحاکم (ج3ص 543ح 6307، مخطوط مصور ج3ص 291) کی ایک روایت میں «اللهُ وَرَسُولُهُ أَعْلَمُ» کے الفاظ آئے ہیں اور حاکم نے اسے ”صحیح علٰی شرط الشیخین“ قرار دیا، لیکن اس کی سند منقطع ہونے کی وجہ ضعیف ہے۔ اس کے راوی عبداللہ بن عبید اللہ بن ابی ملیکہ رحمہ اللہ کی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے ملاقات ثابت نہیں اور نہ روایت میں یہ صراحت ہے کہ انہوں نے اسے سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا تھا۔ «والله اعلم»
مشہور اہل حدیث عالم حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے لکھاہے:
”ہاں البتہ اللہ تعالیٰ اپنے رسولوں میں سے جس کو چاہتا ہے غیب کی باتوں پر مطلع فرماتا ہے جس سے بعض دفعہ ان پر منافقین کا اور ان کے حالات اور ان کی سازشوں کا راز فاش ہو جاتا ہے۔“
[احسن البيان ص 163، حاشيه 3، آل عمران: 179]
ان دلائل سے معلوم ہوا کہ اللہ ہی عالم الغیب ہے اور وہی الغیب جانتا ہے، نیز اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیوں اور رسولوں کو بعض غیب کی اطلاع فرمائی تھی۔
. . . اصل مضمون کے لئے دیکھیں . . .
ماہنامہ الحدیث شمارہ 102 صفحہ 11 اور فتاویٰ علمیہ ”باب: توحید و سنت کے مسائل“ بعنوانہ
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) 999