🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
گانے بجانے اور فحاشی کی حرمت
گانے بجانے اور فحاشی کی حرمت
✿ اللہ تبارک وتعالیٰ فرماتے ہیں: ”اور لوگوں میں سے بعض ایسے ہیں جو «لهو الحديث» خریدتے ہیں تاکہ لوگوں کو جہالت کے ساتھ اللہ کے راستے سے گمراہ کر دیں اور (دین اسلام سے) استہزاء کریں۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہیں ذلیل کرنے والا عذاب ہو گا۔“ [سورة لقمان: 6]
اس آیت مبارکہ میں «لهو الحديث» کی تشریح میں سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: «الغناء والذي لا إله الا هو» اس ذات کی قسم جس کے سوا دوسرا کوئی الہ نہیں ہے، اس آیت ميں «لهو الحديث» سے مراد «غناء» (گانا بجانا) ہے۔ [مصنف ابن ابي شيبه: 6/ 309ح21123 وسنده حسن]
اس اثر کو امام حاکم رحمہ اللہ اور ذہبی دونوں نے صحیح کہا ہے۔ [المستدرك: 2/ 411 ح 3546]
عکرمہ (تابعی) فرماتے ہیں: «هو الغناء» یہ غنا (گانا) ہے۔ [مصنف ابن ابي شيبه 2/ 310 ح 21127 وسنده حسن]
✿ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ان لوگوں کی مذمت کرتے ہوئے، جو کہ دین حق کے مخالف ہیں فرماتے ہیں: ﴿وَأَنْتُمْ سَامِدُونَ﴾ ”اور تم غفلت میں پڑے ہو۔“ [53-النجم: 61]
اس آیت کی تشریح میں مفسر قرآن حبر الامت امام عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: «هو الغناء بالحميرية، اسمدي لنا: تغني لنا» «سامدون» سے مراد حمیری زبان میں گانا بجانا ہے۔ «اسمدي» لنا کا مطلب ہے، ”ہمارے لئے گاؤ۔“ [السنن الكبري للبيهقي: 101/ 223 و سند قوي/صحيح، رواه يحيي القطان عن سفيان الثوري به]
❀ سیدنا ابوعامر یا ابومالک الاشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میری امت میں ایسی قومیں ضرور پیدا ہوں گی جو زنا، ریشم، شراب اور باجوں کو حلال سمجھیں گی اور بعض قومیں پہاڑ کے پاس رہتی ہوں گی اور جب شام کو اپنا ریوڑ لے کر واپس ہوں گی۔ اس وقت ان کے پاس کوئی ضرورت مند (فقیر) آئے گا تو کہیں گے: کل صبح ہمارے پاس آؤ، اللہ تعالیٰ انہیں رات کو ہی ہلاک کر دے گا اور پہاڑ کو گرا دے گا اور باقیوں کو بندروں اور سوروں کی شکل میں مسخ کر دے گا اور قیامت تک اسی حال میں رہیں گے۔“ [صحيح بخاري: 2/ 837ح5590، صحيح ابن حبان ح 6719]
اس حدیث کے بارے میں شیخ ابن الصلاح فرماتے ہیں: «و الحديث صحيح معروف الاتصال بشرط الصحيح» یہ حدیث صحیح کی شرط کے ساتھ صحیح متصل مشہور ہے۔ [مقدمه ابن الصلاح ص 90 مع شرح العراقي]
اس حدیث پر حافظ ابن حزم وغیرہ کی جرح مردود ہے۔
صحیحین (صحيح بخاري، و صحيح مسلم) کی تمام مرفوع باسند متصل روایات یقیناًً صحیح اور قطعی الثبوت ہیں۔
❀ سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ: «قال رسول الله صلى الله عليه وسلم إن الله حر م عليكم الخمر و الميسر و الكوبة . . كل مسكر حرام» رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بےشک اللہ نے تمہارے اوپر شراب، جوا اور کُوبہ حرام کیا ہے اور فرمایا: ہر نشہ دینے والی چیز حرام ہے۔ [مسند احمد 2691، 350 ح 3274 وإسناده صحيح ح 3274 وسنن أبى داود: 3696]
اس کے ایک راوی علی بن بذیمہ فرماتے ہیں کہ «الكوبة» سے مراد «الطبل» یعنی ڈھول ہے۔ [سنن ابي داؤد: 2/ 164 و إسناده صحيح]
❀ سیدنا عبداللہ بن عمرو العاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «إن الله عزوجل حر م الخمر و الميسر و الكو بة والغبيراء و كل مسكر حرام» بے شک اللہ عزوجل نے خمر (شراب) جوا، ڈھولکی بجانا اور مکی کی شراب حرام قرار دیا ہے اور ہر نشہ دینے والی چیز حرام ہے۔ [مسند احمد 2/ 171 ح 6591م، و سنده حسن]
اس روایت کا راوی عمر و بن الولید بن عبدہ جمہور کے نزدیک ثقہ و موثق ہے لہٰذا اس کی حدیث حسن کے درجے سے نہیں گرتی۔
❀ محمود بن خالد الدمشقی نے صحیح سند کے ساتھ امام نافع سے نقل کیا ہے کہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما نے ایک دفعہ بانسری کی آواز سنی تو اپنے کانوں میں انگلیاں دے دیں اور فرمایا: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا ہی کیا تھا۔ [سنن ابي داؤد: 2/ 326 ح 4924 و إسناده حسن و المعجم الكبير للطبراني: 1/ 13 و تحريم النرود الشطرنج و الملاهي للآجري ح 65، مسند احمد 2/ 38ح 4965، السنن الكبري للبيهقي: 1/ 222]
اس حدیث کے بارے میں علامہ ابن الوزیر الیمانی نے ”توضیح الافکار“ [ج 1 ص 150] میں لکھا ہے کہ: «صحيح على الأصح» سب سے صحیح یہ ہے کہ یہ حدیث صحیح ہے۔
❀ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «صوتان معلونان فى الدنيا وال آخرة، مزمار عند نعمة ورنة عند مصيبة» دو آوازوں پر دنیا اور آخرت (دونوں) میں لعنت ہے۔ خو شی کے وقت باجے کی آواز اور غم کے وقت شور مچانا اور پیٹنا۔ [كشف الاستار عن زوائد: 1/ 377]
اس حدیث کی سند حسن ہے۔
◈ حافظ منذری فرماتے ہیں: «ورواته ثقات» اور اس کے راوی ثقہ اور (قابل اعتماد) ہیں۔
◈ حافظ ہثمی نے فرمایا: «ورجاله ثقات» یعنی اس کے راوی ثقہ ہیں۔ [مجمع الزوائد: 3/ 13]
ان آیات کریمہ اور احادیث مبارکہ وغیرہ کی روشنی میں محقق علماء نے فیصلہ کیا ہے کہ گانے بجانے کے آلات اور ان کا استعمال بالقصد (جان بوجھ کر سننا) حرام ہے۔
ماہنامہ الحدیث حضرو 999