🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
ماہِ صفر کے بعض مسائل
ماہِ صفر کے بعض مسائل
➊ ایک صحیح حدیث میں آیا ہے کہ: «ولا صفر» اور «صفر» (کچھ) نہیں ہے۔ [صحيح بخاري: 5707 وصحيح مسلم: 3220]
اس حدیث کی تشریح میں محمد بن راشد المکحولی رحمہ اللہ (متوفی بعد 260ھ) فرماتے ہیں:
«سمعناً أن أهل الجاهلے ة يستشئمون بصفر»
ہم نے (اپنے استادوں سے) سنا ہے کہ زمانۂ جاہلیت کے لوگ صفر کو منحوس سمجھتے تھے۔ [سنن ابي داود: 3916 وسنده حسن]
«أيلما يتوهمون أن فيه تكثر الدواهي والفتن»
یعنی انہیں یہ وہم تھا کہ صفر میں مصیبتیں اور فتنے بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ [ارشاد الساري للقسطلاني ج8 ص374]
موجودہ دور میں بھی بعض لوگوں کا یہ عقیدہ ہے کہ صفر میں ”ترہ تیزی“ یعنی تیرہ تیزی ہوتی ہے۔ جس کی وجہ سے برتن وغیرہ ٹوٹتے ہیں اور لوگوں کا نقصان ہوتا ہے۔ حالانکہ یہ باطل عقیدہ بعینہ اہلِ جاہلیت کا عقیدہ ہے۔
➋ صفر کے آخر میں ”چُوری“ کی رسم کا کوئی ثبوت کتاب و سنت میں نہیں ہے۔ ادارہ تحقیقات اسلامی اسلام آباد کی کتاب ”تقویمِ تاریخی“ سے صفر کے بارے میں چند معلومات درج ذیل ہیں:
27 صفر 1ھ ہجرت شروع
12 صفر 2ھ فرضیت جہاد
صفر 32ھ وفات عبد الرحمن بن عوف
صفر 35ھ وفات ابوطلحہ الالقاری
صفر 43ھ وفات محمد بن سلمہ
صفر 50ھ وفات صفیہ بن حي
صفر 52ھ وفات عمران بن حصین
صفر 56ھ وفات عبداللہ بن عمرو
صفر 66ھ وفات جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہم اجمعین
صفر 157ھ وفات امام اوزاعی رحمہ اللہ
تحریر: مولانا ابوعبد الرحمٰن محمد ارشد کمال حفظہ اللہ
شائع ہوا: ماہنامہ الحدیث شمارہ 101 صفحہ نمبر 47
------------------

1: بعض لوگ صفر کے مہینے کو بدشگونیوں والا مہینہ سمجھتے ہیں، اس میں شادی بیاہ نہیں کرتے، طرح طرح کی توہمات میں مبتلا رہتے ہیں اور کاروبار وغیرہ کی ابتدا کرنے سے بھی اجتناب کرتے ہیں، حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «وَ لاَ صَفَرَ» اور صفر (کی کوئی نحوست یا بیماری) نہیں۔ [صحيح بخاري: 5757]
نیز دیکھئے مولانا محترم محمد ارشد کمال حفظہ اللہ کی عظیم ومفید کتاب: اسلامی مہینے اور ان کا تعارف (ص80۔ 82)
➋ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ صفر میں ”تیرہ تیزی“ ہوتی ہے اور سخت مصیبتوں، بلاؤں اور بیماریوں کانزول ہوتا ہے۔
یہ سمجھناسراسر غلط، جہالت اور توہم پرستی کا شاخسانہ ہے۔
➌ بعض لوگ خاص طور پر صفر کے مہینے میں مکڑی کے جالے صاف کرتے ہیں، حالانکہ اس خاص کام کی کوئی دلیل نہیں اور صفائی تو ہر مہینے اور ہر دن رات میں بہتر ہے۔
➍ بعض لوگ صفر کے آخری بدھ میں چُوری پکاتے ہیں اور قصے کہانیاں بیان کرتے ہیں، حا لانکہ شریعت میں اس بات کی کوئی اصل موجود نہیں۔
➎ یاد رہے کہ ماہِ صفر کی خاص فضیلت کے بارے میں کوئی صحیح حدیث موجود نہیں۔
➏ صفر کے مہینے میں مدائن فتح ہوا، جنگِ صفین ہوئی۔
اور درج ذیل ائمہ محدثین فوت ہوئے:
امام اوزاعی، امام یحیٰ بن سعید القطان، امام علی (بن موسیٰ) الرضا، امام طبرانی، امام ابن شاہین، امام نسائی رحمہ اللہ، محدث حاکم نیشاپوری، سلطان صلاح الدین ایوبی وغیرہم رحمہم اللہ
تفصیل کے لئے دیکھئے اسلامی مہینے اور ان کا تعارف (ص91۔ 95)
تحریر: حبیب الرحمن ہزاروی
شائع ہوا: ماہنامہ الحدیث شمارہ 112 صفحہ نمبر 46 تا 47
------------------

ماہِ صفر اسلامی سال کا دوسرا مہینہ ہے۔ اس مہینے کو صفر اس لیے کہتے ہیں کہ اس میں شہر خالی ہو جاتے اور لوگ لڑائیوں کے لئے نکل پڑتے۔
ماہِ صفر اور بدشگونی
بعض کمزور عقیدے کے لوگ اس مہینے سے بدشگونی لیتے ہیں۔ بدشگونی لینے کا مطلب ہے کہ کسی چیز کو خیر و برکت سے خالی سمجھنا، مثلاًً کسی کام کی ابتداء نہ کرنا، کاروبار کا آغاز نہ کرنا، شادی بیاہ کرنے سے گریز کرنا، لڑکیوں کی رخصتی نہ کرنا۔ ان لوگوں کا یہ عقیدہ ہوتا ہے کہ ہر وہ کام جو اس مہینے میں شروع کیا جائے وہ منحوس اور خیر و برکت سے خالی ہوتا ہے۔
بدشگونی لینے کی وجوہات
بدشگونی لینے کی پہلی وجہ یہ ہے کہ ان لوگوں کا یہ عقیدہ ہوتا تھا کہ اس مہینے میں بلاؤں اور دیگر شرور وفتن کا نزول ہوتا ہے اور اس کے بارے میں بعض موضوع احادیث کاسہارا لیتے ہیں۔ مثلاًً دیکھئے: [موضوعات الكبريٰ ح886]
دوسری وجہ یہ ہے کہ دورِ جاہلیت میں ماہِ محر م میں جنگ و جدال کو حرام سمجھا جاتا تھا اور یہ حر مت قتال ماہِ صفر تک برقرار رہتی۔ لیکن جب صفر کا مہینہ آ جاتا تو جنگ و جدال دوبارہ شروع ہو جاتے، لہٰذا یہ مہینہ منحوس سمجھا جاتا ہے۔
ماہِ صفر سے بد شگونی لینے کی تردید
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«لا عدوٰي ولا طيرة ولا هامة ولا صفر»
کوئی بیماری متعدی نہیں، نہ بدشگونی کوئی چیز ہے۔ اُلو کی کوئی حقیقت نہیں اور نہ ہی صفر میں نحوست ہے۔ [صحيح بخاري: 5757]
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«الطيرة شرك، الطيرة شرك ثلاثًا و ما منا الا ولٰكن اللّٰه يذهبه بالتوكل»
بدشگونی لینا شرک ہے، بدشگونی لینا شرک ہے۔ یہ جملہ آپ نے تین مرتبہ فرمایا۔ اور ہم میں سے ہر ایک کو کوئی نہ کوئی وہم ہو ہی جاتا ہے مگر اللہ رب العزت اس کو توکل سے دور کر دیتا ہے۔ [سنن ابي داود: 3910]
ماہنامہ الحدیث حضرو 999