🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
باجماعت نماز میں صف کے پیچھے اکیلے آدمی کی نماز
باجماعت نماز میں صف کے پیچھے اکیلے آدمی کی نماز
سوال:
ماہنامہ شہادت میں ایک سوال کے جواب میں آپ نے لکھا کہ صف میں پیچھے رہ جانے والے اکیلے آدمی کی نماز نہیں ہوتی لہٰذا اسے دوبارہ نماز پڑھ لینی چاہئے جبکہ اسی سوال کا جواب دیتے ہوئے مبشر احمد ربانی صاحب نے لکھا کہ یہ اضطراری کیفیت ہے اس صورت میں اکیلے آدمی کی نماز ہو جائے گی اور ساتھ یہ بھی لکھا کہ اگلی صف سے آدمی کو بھی نہ کھینچا جائے کیونکہ حدیث میں آتا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
”جو صف کو ملاتا ہے اللہ اسے ملاتا ہے اور جو صف کو توڑتا ہے اللہ اسے توڑتا ہے“
اس حدیث کی وجہ سے صف سے آدمی کو نہ کھینچا جائے اکیلے نماز پڑھ لی جائے تو نماز ہو جائے گی، کیونکہ یہ اضطراری کیفیت ہے۔
آپ آگاہ فرمائیں کہ کیا جائے علماء کی دو قسم کی آراء ہیں طلباء اور عوام کس رائے پر عمل کریں۔ کتاب و سنت کی رو شنی میں جواب ارشاد فرمائیں۔
الجواب:
وابصہ بن معبد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ:
«ان رسول الله صلى الله عليه وسلم ر أى رجلاً يصلي خلف الصف وحده فأمره أن يعيد .»
بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی دیکھا (جو) صف کے پیچھے اکیلانماز پڑھ رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے (نماز) لوٹانے کا حکم دیا۔
[سنن ابي داود: 682، الترمذي: 230 وقال: ”حسن“ ابن ماجه: 1004، وصححه ابن حبان، الموارد: 403 وللحديث طرق عند ابن خزيمه: 1569 و ابن حبان: 401 وغيرهما]
اس روایت کی سند صحیح ہے۔ [نيل المقصود]
شیخ البانی رحمہ اللہ نے بھی فرمایا: «صحيح» [سنن ابي داود، تحقيق الشيخ الالباني ص 0ا1]
علی بن شیبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«فانه لا صلوة لرجل فرد خلف الصف»
بے شک صف کے پیچھے اکیلے آدمی کی نماز نہیں ہوتی۔
[مسند احمد: 4/ 23ح 16406، ابن ماجه: 1003 وصححه ابن خزيمه: 1569 و ابن حبان: 401]
اس روایت کی سند صحیح ہے۔ [تسهيل الحاجه ص 68]
بوصیری نے کہا: «هذا إسناد صحيح، رجاله ثقات» [زوائد ابن ماجه]
حدیث وابصہ بن معبد رضی اللہ عنہ کے مطابق امام احمد اور امام اسحاق (بن راہویہ) فرماتے ہیں کہ صف کے پیچھے اکیلا آدمی (نماز پڑھنے والا) اپنی نماز دوبارہ پڑھے گا، اور یہی قول حماد بن ابی سلیمان (محمد) ابن ابی لیلی (الفقیہ) اور وکیع کا ہے۔ [الترمذي: 230]
ابن ابی شیبہ نے حفص (بن غیاث) سے «عن عمرو بن مروان (ثقه) عن ابراهيم (النخعي)» کی سند سے نقل کیا ہے کہ: «يعيد» یعنی نماز دہرائے گا۔ [2/ 193 ح 5888]
حفص بن غیاث مدلس ہے، لہٰذا یہ سند ضعیف ہے، مصنف ابن ابی شیبہ میں اس کے برعکس روایات بھی ہیں جو بلحاظ تدلیس وغیرہ ضعیف ہیں۔
ابن حزم کے نزدیک صف کے پیچھے اکیلے مقتدی کی نماز باطل ہے۔ [المحلي: 4/ 52مسئله 415]
وابصہ رضی اللہ عنہ والی حدیث کے بعد عبداللہ بن احمد بن حنبل فرماتے ہیں کہ:
«وكان أبى يقول بهذا الحديث»
اور میرے ابا جان یا والد ماجد اس حدیث کے مطابق فتوی دیتے تھے۔ [مسند احمد: 4/ 228 ح 18170]
ابراہیم النخعی کا قول یہ ہے کہ صف کے پیچھے اکیلا آدمی رکوع نہ کرے۔ [ابن ابي شيبه: 1/ 257 ح 2635]
یہی تحقیق ابن ابی شیبہ کی ہے۔ [ايضاً: 2636]
بلکہ امام ابوبکر بن ابی شیبہ نے اس مسئلہ میں امام ابوحنیفہ پر رد لکھا ہے۔ [مصنف: 14/ 156، 157 ح 3696، 36070]
ابوبکر محمد بن ابراہیم بن المنذر النیسابوری (متوفی 318 ھ) فرماتے ہیں:
«صلوة الفرد خلف الصف باطل لثبوت خبر وابصة» الخ
یعنی صف کے پیچھے اکیلے کی نماز، وابصہ (رضی اللہ عنہ) کی حدیث کی وجہ سے باطل ہے۔
[الاوسط فى السنن والاجماع والاختلاف: 4/ 184 ت 1994]
مولانا عبدالجبار کھنڈیلوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”اگر کوئی شخص «مصلي بعد اتمام صف صلوة» مسجد میں آیا اور صف میں اس نے کوئی جگہ نہیں پائی تو وہ اکیلا صف کے پیچھے نماز نہ پڑھے بلکہ کسی شخص کو اطراف صف سے کھینچ کر اپنے ساتھ ملا لے۔“ الخ [فتاوي علمائے حديث ج 3 ص 77]
اطراف ِ صف کا مطلب یہ ہے کہ: ”صف کے کنارے سے کسی کو کھینچ کر اپنے ساتھ شامل کرے“ [فتاوي علمائے حديث: 3/ 2486]
جمہور علماء کا خیال ہے کہ صف کے پیچھے اکیلے کی نماز، عذر کی صورت میں ہو جاتی ہے۔ [صلوة الجماعة، تاليف: صالح بن غانم السدلان ص 112]
امام عطاء بن ابی رباح فرماتے ہیں کہ: «لا يعيد» وہ اعادہ نہیں کرے گا۔ [مصنف عبدالرزاق 2/ 59 ح 2486]
اسماء الرجال اور حدیث کی تصحیح و تضعیف میں ہمیشہ جمہور محدثین کو ترجیح ہوتی ہے الا یہ کہ جرح مفسر ہو۔ جبکہ فقہی مسائل وغیرھا میں دلیل صریح کے مقابلے میں جمہور کا قول مرجوح ہوتا ہے۔ «والحق أحق أن يتبع»
صف کے پیچھے اکیلے آدمی کی نماز نہ ہونے والا قول راجح ہے اگر چہ اس کے قائلین جمہور کے مقابلے میں کم ہیں۔
صف سے آدمی کھینچنے کی دلیل وہ حدیث ہے جس میں آیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نماز پڑھ رہے تھے، جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ آئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بائیں طرف کھڑے ہو گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں پکڑ کر دائیں طرف کھڑا کر دیا، پھر جبار بن صخر رضی اللہ عنہ آئے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بائیں طرف کھڑے ہو گئے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جابر بن عبداللہ اور جبار بن صخر رضی اللہ عنہما دونوں کو دھکیل کر پیچھے کھڑا کر دیا۔
دیکھئے: [صحيح مسلم 3010، وترقيم دارالسلام: 7516، باب حديث جابر الطويل وقصة أبى اليسر]
اب چند اہم تنبیہات پیش خدمت ہیں:
عورت اگر اکیلی بھی ہو تو اس کی نماز ہو جاتی ہے وہ اس حکم سے مستثنی ہے۔
ایک حدیث میں آیا ہے کہ: «وسطوا الإمام“» امام کو درمیان میں کرو [فتاوي اهل حديث ج 1 ص 617]
یہ روایت بلحاظ سند ضعیف ہے،
اس میں امۃ الواحد: مجہولہ ہے [تقريب: 8534]
یحیی بن بشیر بن خلاد: مستور ہے۔ [ايضاً: 7515]
نیز دیکھئے: [أنوار الصحيفة فى الأحا ديث الضعيفة ص 20، ابوداود: 681]
صف کے پیچھے اکیلے نمازی کے بارے میں علماء کے تین اقوال ہیں۔
نماز نہیں ہوتی۔
نماز ہو جاتی ہے۔
عذر ہو مثلاًً (اگلی صف بھری ہوئی ہو) تو نماز ہو جاتی ہے۔
ان اقوال میں اول قول ہی راجح ہے، جبکہ محترم مبشر احمد ربانی صاحب کی تحقیق و اجتہاد میں ثالث الذکر (ج) قول راجح ہے۔
علماء کے درمیان اگر اجتہادی امور میں اختلاف ہو تو راجح لے کر مرجوح چھوڑ دیں اور علماء کا مکمل احترام کریں۔
. . . اصل مضمون دیکھیں . . .
ماہنامہ الحدیث شمارہ 3 صفحہ 28 تا 30
ماہنامہ الحدیث حضرو 999