🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ ابو یحییٰ نورپوری حفظہ اللہ
ضعیف جمع ضعیف = حسن متقدمین محدثین میں سے کسی ایک سے بھی ”ضعیف جمع ضعیف = حسن“ والا...
ضعیف جمع ضعیف = حسن
متقدمین محدثین میں سے کسی ایک سے بھی ”ضعیف جمع ضعیف = حسن“ والا اصول ثابت نہیں، مزید یہ بھی ثابت کر چکے ہیں کہ امام ترمذیکی اصطلاحِ ”حسن“ کو اس ضمن میں پیش کرنا درُست نہیں کیونکہ ان کی اصطلاحِ ”حسن“ کا یہ معنیٰ خود اُن کے نزدیک بھی نہیں۔
اس قسط میں ان شاء اللہ ہم اس حوالے سے متقدمین اور متاخرین کے منہج میں موجود فرق کی نشاندہی کریں گے کہ جن روایات کو متاخرین ”ضعیف جمع ضعیف = حسن“ کے اُصول کے تحت ”حسن“ قرار دیتے ہیں، متقدمین محدثین ان کی تمام تر ”ضعیف“ اسانید کے باوجود ان پر ”ضعیف“ ہی کا حکم لگاتے رہے ہیں۔ انہوں نے متاخرین کی طرح اُن احادیث کو ”حسن“ یا قابلِ حجت قرار نہیں دیا۔
نیا چاند دیکھ کر دُعا:
یہ حدیث بہت سے صحابہ کرام سے مروی ہے اور ہر صحابی سے اس کی کئی کئی سندیں ہیں لیکن ہم بعض احباب کی لگائی ہوئی شرطوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے صرف وہ سندیں پیش کرتے ہیں جو اُن کی شرطوں پر پُور ا اُترتی ہوں گی، پھر بھی پہلے زمانے میں ان سب پر ”ضعیف“ کا حکم لگایا گیا لیکن بعد والے زمانے میں انہیں ”حسن“ قرار دے دیا گیا۔ ملاحظہ فرمائیں:
امام ابوجعفر عقیلی  (م: 322) سلیمان بن سفیان المدینی پر گفتگو کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
«… حدّثناسليمان بن سفيان قال: حدّثني بلال بن يحيى بن طلحة بن عبيد الله، عن أبيه، عن جده: أنّ النبيّ صلّى الله عليه وسلّم كان إذا رأى الهلال قال: اللّهم أهله علينا باليمن والإيمان، والسلامة والإسلام، ربّي وربّك الله، ولا يتابع عليه إلّا من جهة تقاربه فى الضعف، وفي الدعاء لرؤية الهلال أحاديث كأنّ هذا عندي من أصلحها إسنادا، وكلّها ليّنة الأسانيد»
”ہمیں سلیمان بن سفیان نے حدیث بیان کی، کہا: مجھے بلال بن یحییٰ بن طلحہ بن عبید اللہ نے اپنے باپ کے واسطے سے اپنے داداسے حدیث بیان کی کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب پہلی رات کے چاند کو دیکھتے تو یہ دُعا پڑھتے: «اللّهم أهله علينا باليمن والإيمان، والسلامة والإسلام، ربّي وربّك الله» لیکن اس (سلیمان بن سفیان کی) متابعت صرف ان ہی راویوں نے کی ہے جو کمزوری میں اس سے ملتے جلتے ہیں۔ پہلی رات کے چاند کو دیکھ کر دُعا پڑھنے کے حوالے سے بہت سی احادیث ہیں۔ میرے خیال میں سند کے اعتبار سے یہ اُن سب سے اچھی ہے۔ لیکن ان سب احادیث کی سندیں کمزور ہیں۔“ [الضعفاء الكبير للعقيلي: 3/340]
قارئین کرام! دیکھا آپ نے کہ چوتھی صدی کے محدث و ناقد امام عُقَیلی  نے کتنے واضح الفاظ میں یہ بات بتائی ہے کہ پہلی رات کے چاند کو دیکھ کر دُعا پڑھنے کے بارے میں بہت سی احادیث مروی ہیں لیکن وہ سب کی سب سند کے اعتبار سے ”ضعیف“ ہیں اور ملتے جلتے تھوڑے ضعف والی ضعیف روایات مل کر قابلِ حجت نہیں بنتی۔ امام صاحب کی تحقیق سے کسی کو سو مرتبہ اختلاف ہو سکتا ہے لیکن اس عبارت سے اُن کی یہ بات بہرحال نمایاں ہو رہی ہے کہ اُن کی لغت میں ”ضعیف ضعیف = حسن“ نام کی کوئی چیز نہیں تھی ورنہ وہ اس حدیث کو اس اُصول کی بنا پر ”حسن“ قرار دیتے اور اس کی ہر متابعت کے ضعیف ہونے کا خصوصی ذکر نہ فرماتے۔
متقدمین محدثین کے نزدیک «ضعیف ضعیف = حسن» والا اُصول رائج نہیں تھا اور اس حوالے سے متقدمین اور متاخرین کے منہج میں فرق آ گیا ہے، اس پر یہ دلیل کافی ہے کہ محدث العصر علامہ البانی  امام عُقَیلی کی مذکورہ بالا بات نقل کرنے کے بعد لکھتے ہیں:
«لكنّ الحديث حسن لغيره، بل هو صحيح لكثرة شواهده الّتي أشار إليها العقيلي .» لیکن یہ حدیث اُن شواہد کی وجہ سے حسن لغیرہ بلکہ صحیح ہے جن کی طرف امام عُقَیلی نے اشارہ فرمایا ہے۔ [سلسلة الاحاديث الصحيحة للالباني: 4/430]
یاد رہے کہ یہاں بحث کسی خاص دُعا کی نہیں ہو رہی بلکہ پہلی رات کا چاند دیکھ کر مطلق دُعا کے بارے میں امام عُقَیلینے سب سندوں کے ”ضعیف“ ہونے کا حکم لگایا ہے جبکہ علامہ البانی نے ”ضعیف ضعیف = حسن“ والے اُصول کے تحت پہلی رات کا چاند دیکھ کر دُعا پڑھنے کو ”حسن لغیرہ“ بلکہ ”صحیح“ قرار دیا ہے۔ آئیے اس حدیث کی ایسی سندوں کا مطالعہ کریں جو بعض احباب کی مقرر کردہ شرائط پر بھی پوری اُترتی ہیں:
➊ علامہ البانی فرماتے ہیں:
«أخرجه ابن السني (رقم 639) عن الوليد بن مسلم، عن عثمان بن أبى العاتكة، عن شيخ من أشياخهم، عن أبى فروة حدير السلمي، وهذا إسناد ضعيف، لجهالة الشيخ الذى لم يسمّ، و بقية رجاله موثقون .»
ابن السنّی نے اسے ولید بن مسلم سے، عثمان بن ابی العاتکہ، اُن کی شیوخ میں سے کسی شیخ اور ابوفر وہ حُدَیر السلمی کے واسطے سے بیان کیا ہے لیکن یہ سند ضعیف ہے کیونکہ وہ شیخ مجہول ہے جس کاسند میں نام نہیں لیا گیا۔ باقی سب راوی ثقہ ہیں۔ [سلسلة الاحاديث الضعيفة والموضوعة: الرقم: 3504]
➋ اس کی ایک اور سند علامہ البانی کی ہی زبانی ملاحظہ فرمائیں:
«وروى الطبرانيّ في ”الأوسط“ عن عبد الله بن هشام قال: كان أصحاب رسول الله – صلّى الله عليه وسلّم – يتعلّمون هذا الدعاء إذا دخلت السنة أو الشهر: اللّهم! أدخله علينا بالأمن والإيمان، والسلامة والإسلام، ورضوان من الرحمن، وجواز من الشيطان . قال الهيثمي: ”وإسناده حسن“، وعلى هامشه مانصه: ”قلت: فيه رشدين بن سعد، وهو ضعيف . ابن حجر“ .»
”امام طبرانی نے اپنی کتاب الاوسط میں عبداللہ بن ہشام سے بیان کیا ہے کہ سال یا مہینے کے آغاز پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کے صحابہ کرام یہ دُعا سیکھا کرتے تھے: «اللّهم! أدخله علينا بالأمن والإيمان، والسلامة والإسلام، ورضوان من الرحمن، وجواز من الشيطان» علامہ ہیثمی فرماتے ہیں کہ اس کی سند حسن ہے۔ اس کے حاشیے پر ایک عبارت لکھی ہے جس کا مضمون یہ ہے: میں ابنِ حجر کہتا ہوں کہ اس میں رشدین بن سعد راوی ضعیف ہے۔ [سلسلة الاحاديث الضعيفة والموضوعة: الرقم: 3504]
یعنی اس روایت میں وجۂ ضعف صرف صرف رشدین بن سعد راوی ہے جو کہ نیک ہونے کے باوجود حافظے کی کمزوری کی وجہ سے ”ضعیف“ ہے اور اتفاقی طور پر حافظے کی کمزوری ”ضعفِ شدید“ شمار نہیں ہوتی۔
➌ ایک تیسری سند اور اس پر علامہ البانی کا تبصرہ ملاحظہ فرمائیں:
«أخرجه أبو داود (2/ 328) من طريق قتادة: أنّه بلغه: أنّ النبيّ – صلّى الله عليه وسلّم – كان … إلخ، وهذا إسناد مرسل، ورجاله كلّهم ثقات رجال الشيخين .»
”اس حدیث کو امام ابوداود  نے قتادہ کی سند سے بیان کیا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم  یہ دُعا پڑھا کرتے تھے۔۔۔ یہ سند مرسل ہے۔ اس کے تمام راوی ثقہ ہیں اور بخاری و مسلم کے راویوں میں سے ہیں۔“ [السلسلة الضعيفة للالباني: الرقم: 3506]
اس سند میں وجۂ ضعف صرف یہ ہے کہ یہ ”مرسل“ ہے، یعنی تابعی ڈائریکٹ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  سے بیان کر رہا ہے، یوں سند ”منقطع“ ہے۔
➍ اس حدیث کی ایک چوتھی سند بھی پیشِ خدمت ہے:
«أخبرنا حامد بن شعيب: حدثناسريج بن يونس: حدثنا مروان بن معاوية الفزاري: حدثني شيخ، عن حميد بن هلال، عن عبد الله بن مطرف قال: كان رسول الله – صلّى الله عليه وسلّم – من أقلّ الناس غفلة، كان إذا رأى … إلخ»
اس کے بارے میں علامہ البانی لکھتے ہیں:
«أخرجه ابن السني [641] وإسناده ضعيف لجهالة الشيخ الّذى لم يسمّ، و بقيّة رجاله ثقات رجال الشيخين غير حامد بن شعيب ؛ وهو حامد بن محمّد ابن شعيب البلخيّ، وثّقه الدارقطني وغيره .»
اس حدیث کو ابن السنّی نے بیان کیا ہے۔ اس کی سند اس شیخ کی جہالت کی وجہ سے ضعیف ہے جس کا نام سند میں نہیں لیا گیا۔ اس کے باقی تمام راوی ثقہ ہیں اور بخاری و مسلم کے راویوں میں سے ہیں سوائے حامد بن شعیب کے اور وہ حامد بن محمد بن شعیب بلخی ہیں۔ انہیں امام دارقطنی رحمہ اللہ وغیرہ نے ثقہ قرار دیا ہے۔ ”
یعنی اس سند میں بھی وجۂ ضعیف صرف ایک راوی کا مجہول ہونا ہے۔
ان سب اور دیگر کئی سندوں کو بیان کرنے کے بعد شیخ البانی فرماتے ہیں:
«و بالجملة ؛ فهذه طرق كثيرة يثبت بها أنه عليه السلام كان يدعو إذا رأى الهلال .»
”الغرض یہ ایسی بہت سی سندیں ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب پہلی رات کے چاند کو دیکھتے تو دُعا پڑھتے تھے۔“ [السلسلة الضعيفة للالباني: 8/9]
کتنا واضح فرق ہے متقدمین اور متاخرین میں ”ضعیف ضعیف = حسن“ کے حوالے سے کہ اُسی حدیث کو امام عُقَیلی  سب سندوں سے ”ضعیف“ قرار دے رہے ہیں جبکہ علامہ البانی اُن کا قول نقل کرنے کے بعد اُن کے برعکس اس پر ”ضعیف ضعیف = حسن“ کے اُصول کے تحت ”حسن لغیرہ“ بلکہ صحیح تک کا حکم لگا رہے ہیں۔ ہم نے اس سلسلے میں چار ایسی سندیں پیش کی ہیں جن میں ضعف خفیف ہے۔ متقدمین تو سرے سے ”ضعیف ضعیف= حسن“ کے قائل نہ تھے اور جن متاخرین نے اس اُصول کو بیان کیا ہے، ان کے نزدیک بھی اگر دو سندیں ایسی ہوں جن میں کوئی سخت ضعیف راوی نہ ہو تو وہ ”حسن“ بن جاتی ہیں۔ البتہ بعض احباب نے متاخرین کی اس کاوش پر ”بے شمار“ اسباب و شرائط کا اضافہ کر دیا ہے۔
. . . اصل مضمون کے لئے دیکھئے . . .
ضعیف ضعیف = صحیح، شمارہ السنہ جہلم 31
ماہنامہ السنہ جہلم 31