🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
کیا قے (یعنی اُلٹی) آنے سے روزے کی قضا ہے؟
کیا قے (یعنی اُلٹی) آنے سے روزے کی قضا ہے؟
جس شخص کو روزے کی حالت میں خود بخود قے (اُلٹی) آجائے تو اس پر روزے کی قضا نہیں ہے لیکن اگر کوئی شخص روزہ کی حالت میں جان بوجھ کر قے کرے تو اس پر قضا ہے۔
ایک حدیث میں آیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «مَنْ ذَرَعَهُ الْقَيْءُ وَهُوَ صَائِمٌ فَلَيْسَ عَلَيْهِ قَضَاءٌ‘ وَمَنِ اسْتَقَاءَ عَمْدًا فَلْيَقْضِ» جسے خود بخود قے آ جائے اور وہ روزے سے ہو تو اُس پر کوئی قضا نہیں ہے اور اگر جان بوجھ کر قے کرے تو اس پر (روزے کی) قضا ہے۔ [سنن ابي داود: 2380، سنن ابن ماجه: 1676]
اس روایت کو امام بخاری نے ”ضعیف“ لیکن ترمذی (720) ابن خزیمہ (1960، 1961) ابن حبان (الموارد: 907) حاکم (1/426، 427) اور ذہبی نے ”صحیح“ کہا ہے۔
ہماری تحقیق میں یہ روایت ضعیف ہے اور وجۂ ضعف صرف یہ ہے کہ اس میں ہشام بن حسان ”مدلس“ ہیں۔ دیکھئے [الفتح المبين فى تحقيق طبقات المدلسين 110/ 3، ص 65]
اور کسی سند میں سماع کی تصریح موجود نہیں ہے۔
لیکن پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
”جو شخص روزے کی حالت میں جان بوجھ کر قے (اُلٹی) کرے تو اس پر قضا ضروری ہے اور جسے خود بخود قے آ جائے تو اس پر کوئی قضا نہیں ہے۔ “ [موطأ امام مالك ح 1 ص 304 ح 675 وسنده صحيح]
ایک اور روایت میں ہے کہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: «من ذرعه القئ فلا قضاء عليه و من استقاء فعليه القضاء» [السنن الكبريٰ للبيهقي 4/ 219 وسنده حسن]
اس کا مفہوم وہی ہے جو اوپر گزر چکا ہے۔
حافظ ابن المنذر نے اس مسئلے پر بھی سوائے حسن بصری کے ایک قول کے، اجماع نقل کیا ہے۔ [كتاب الاجماع ص 15، فقره: 125]
عرض ہے کہ اس اجماع کے خلاف حسن بصری کا قول اُن سے صحیح سند کے ساتھ ثابت نہیں ہے بلکہ صحیح سند کے ساتھ تو یہ ثابت ہے کہ امام حسن بصری نے فرمایا: جب روزہ دار کو خود بخود قے آ جائے تو روزہ نہ توڑے اور اگر جان بوجھ کر قے کرے تو اس کا روزہ ٹوٹ گیا۔ [مصنف ابن ابي شيبه 3/38ح 9190 وسنده صحيح]
خلاصہ یہ کہ یہ تینوں مسئلے ضعیف روایتوں سے نہیں بلکہ اجماع اور صحیح آثارِ صحابہ ومَن بعدھم سے ثابت ہیں۔ والحمد للہ
اصل مضمون کے لئے دیکھیں:
محدّث العَصر حَافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب ”تحقیقی اور علمی مقالات“ جلد 2 صفحہ 279
اور ماہنامہ الحدیث شمارہ 53 صفحہ 29 مضمون ”ضعیف روایات اور اُن کا حکم“
تحقیقی و علمی مقالات للشیخ زبیر علی زئی 279