🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
دعوائے منسوخیت رفع یدین کا علمی محاسبہ رفع یدین دعوئ منسوخیت کے ابطال کے لئے دس دلیلیں اور حوالے...
دعوائے منسوخیت رفع یدین کا علمی محاسبہ
رفع یدین دعوئ منسوخیت کے ابطال کے لئے دس دلیلیں اور حوالے پیشِ خدمت ہیں:
➊ رفع یدین کا متروک یا منسوخ ہونا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے، آپ کی ساری زندگی میں کسی ایک نماز کی کسی ایک رکعت میں بھی باسند صحیح و مقبول ثابت نہیں ہے۔
تنبیہ: اس سلسلے میں امام سفیان ثوری (مدلس) کی عاصم بن کلیب سے روایت اُن کے «عن» یعنی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہے۔ تفصیل کے لئے دیکھئے [نور العينين اور الحديث حضرو: ص 67]
➋ رفع یدین کا منسوخ یا متروک ہونا کسی ایک صحابی سے بھی با سند صحیح و مقبول ثابت نہیں ہے۔
تنبیہ: سیدنا عمر، سیدنا علی اور سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہم تینوں صحابیوں میں سے کسی ایک سے بھی ترکِ رفع یدین ثابت نہیں ہے۔ دیکھئے میری کتاب: [نور العينين فى اثبات رفع اليدين]
اب آلِ دیوبند کے علماء کے حوالے پیشِ خدمت ہیں:
➌ عبدالحئ لکھنوی نے دعوئ منسوخیت کو بے دلیل قرار دیا ہے۔ دیکھئے: [التعليق الممجد ص 91]
➍ انور شاہ کشمیری دیوبندی نے کہا:
«وليعلم أن الرفع متواتر إسنادًا وعملاً لا يشك فيه ولم ينسخ ولا حرف منه»
اور جان لینا چاہئے کہ رفع یدین بلحاظِ سند و بلحاظِ عمل متواتر ہے، اس میں کوئی شک نہیں، یہ منسوخ نہیں ہوا اور اس کا ایک حرف بھی منسوخ نہیں ہوا۔ [نيل الفرقدين ص 22]
یاد رہے کہ یہ قول بطورِ الزامی دلیل پیش کیا گیا ہے، ترکِ رفع یدین کے سلسلے میں انور شاہ صاحب وغیرہ کے نظریات سے ہم پر رد کرنا غلط ہے۔
➎ ابو الحسن سندھی حنفی نے رفع یدین کے منسوخ ہونے کا انکار کیا ہے۔ دیکھئے: [شرح سنن ابن ماجه ج 1 ص 282 تحت ح 858]
➏ بدر عالم میرٹھی نے بھی یہی کہا کہ رفع یدین منسوخ نہیں ہے۔ [البدر الساري 2/ 255]
➐ شاہ ولی اللہ دہلوی صاحب نے رفع یدین کے بارے میں فرمایا: ”اور جو شخص رفع یدین کرتا ہے میرے نزدیک اس شخص سے جو رفع یدین نہیں کرتا اچھا ہے……“ [حجة الله البالغه اردو ج 1 ص 361، عربي ج 2 ص 10]
معلوم ہوا کہ شاہ ولی اللہ صاحب رفع یدین کو منسوخ نہیں سمجھتے تھے۔
سرفراز خان صفدر صاحب نے ایک بریلوی کو مخاطب کر کے لکھا ہے:
”مفتی صاحب کیا آپ حضرت شاہ ولی اللہ صاحب ؒ کو مسلمان اور عالم دین اور اپنا بزرگ تسلیم کرتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ کو حضرت شاہ صاحبؒ کی بات تسلیم کرنا پڑے گی اور اگر آپ اُن کی بات تسلیم نہیں کرتے تو آپ کو ان کی عبارت کا صحیح محمل بیان کرنا ضروری ہے کیونکہ جیسے وہ ہمارے بزرگ ہیں ویسے ہی وہ آپ کے بھی بزرگ ہیں۔۔۔ “ [بابِ جنت بجواب راهِ جنت ص 49]
➑ صوفی عبدالحمید سواتی صاحب نے کہا: ”رکوع جاتے وقت اور اس سے اٹھتے وقت رفع یدین نہ کرنا زیادہ بہتر اور کر لے تو جائز ہے۔ “ [نمازمسنون ص 349]
معلوم ہوا صوفی عبدالحمید صاحب رفع یدین کو منسوخ نہیں سمجھتے تھے۔
رہا اُن کا ترکِ رفع یدین کو زیادہ بہتر کہنا تو اس پر کوئی صحیح دلیل وارد نہیں ہے، لہٰذا زیادہ بہتر والی بات مردود ہے۔
➒ اشرف علی تھانوی صاحب سے پوچھا گیا: ”رفع الیدین فی الصلوٰۃ جائز ہے یا نہیں؟ “
تو انھوں نے جواب دیا: ”جائز ہے جیسا کہ عدم رفع بھی جائز ہے…“ [امداد الفتاويٰ ج1ص 148، سوال نمبر 208]
معلوم ہوا کہ تھانوی صاحب رفع یدین کو منسوخ نہیں سمجھتے تھے، ورنہ کبھی جواز کا فتویٰ نہ دیتے۔
➓ رفع یدین اور ترک رفع یدین کے بارے میں:
محمد منظور نعمانی دیوبندی نے کہا: ”دونوں طریقوں کے جائز اور ثابت ہونے میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ “ [معارف الحديث ج 3 ص 265]
عرض ہے کہ ترک تو ثابت نہیں، لہٰذا جائز کس طرح ہوا؟ تاہم اس عبارت سے ظاہر ہے کہ نعمانی صاحب کے نزدیک رفع یدین منسوخ نہیں ہے۔
اصل مضمون کے لئے دیکھئے:
فتاویٰ علمیہ المعروف توضیح الاحکام (جلد 3 صفحہ 250 تا 259)
تحقیقی و علمی مقالات (جلد 4 صفحہ 482 تا 488) للشیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام) 250