🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ ابو سمیعہ محمود تبسم حفظہ اللہ
فائدہ: یعنی نماز کا ایک اہم مقصد گناہوں سے معافی اور پاکی حاصل کرنا ہے اور جب وہ گناہ...
فائدہ: یعنی نماز کا ایک اہم مقصد گناہوں سے معافی اور پاکی حاصل کرنا ہے اور جب وہ گناہ وضو ہی سے ختم ہو گئے تو اب یہ مسجد کو جانا اور نماز پڑھنا محض درجات کی بلندی کے لیے ایک اضافی عمل کی حیثیت اختیار کر لیتا ہے، یہ مطلب قطعاََ نہیں کہ فرض نماز نفل بن جاتی ہے اس حدیث مبارکہ میں معاف ہونے والے گناہوں کی تعیین مذکور نہیں، اس بارے میں راجح بات یہ ہے کہ وضو ہو یا نماز، یا کوئی اور نیک عمل، ان سب سے صرف صغیرہ گناہ معاف ہوتے ہیں، رہے کبیرہ گناہ تو وہ بغیر توبہ کے معاف نہیں ہوتے، چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان مبارک ہے: «الصَّلَوَاتُ الخَمْسُ وَالْجُمُعَةُ إِلَى الْجُمُعَةِ وَرَمَضَانُ إِلَى رَمَضَانَ مُكَفِّرَاتٌ مَا بَينَهُنَّ إِذَا اجْتَتَبَ الْكَبَائِرَ» ”پانچوں نمازیں، ایک جمعہ دوسرے جمعہ تک اور ایک رمضان دوسرے رمضان تک درمیانی گناہوں کے لیے کفارہ بن جاتے ہیں، بشرطیکہ آدمی کبیرہ گناہوں سے اجتناب کرے۔“ [صحيح مسلم: 233] البتہ بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام لانے، ہجرت کرنے اور حج ادا کرنے سے بھی کبیرہ گناہ ختم ہو جاتے ہیں۔ [صحيح مسلم: 121] نیز اللہ اپنی رحمت سے بھی تمام گناہوں کو بخش دینے پر قادر ہے مذکورہ بالا متن والی حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہوا کہ جس طرح آنکھیں چہرے کا حصہ ہیں، انگلیاں اور ناخن ہاتھوں اور پاؤں کا حصہ ہیں، اسی طرح کان بھی سر کا حصہ ہیں، لٰہذا سر کے مسح کے لیے اور کانوں کے مسح کے لیے ایک ہی پانی کفایت کر جاتا ہے، بہر حال جس طرح وضو جسمانی طہارت کا باعث ہے اسی طرح روحانی طہارت و تزکیہ کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔
موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم 59