حافظ ابو سمیعہ محمود تبسم حفظہ اللہ
فائدہ: حضرت انس رضی اللہ عنہ نے چونکہ مستقل طور پر تو اُن کو شمار نہ کیا تھا، اس...
فائدہ:
حضرت انس رضی اللہ عنہ نے چونکہ مستقل طور پر تو اُن کو شمار نہ کیا تھا، اس لیے وہ اندازے سے تعداد بیان کیا کرتے تھے، ایک موقع پر تو صحابہ رضی اللہ عنہم کی تعداد تین سو یا اس کے لگ بھگ تھی اور یہ واقعہ زوراء مقام پر پیش آیا جو مسجد نبوی اور مدینہ منورہ کے بازار کے قریب ایک جگہ کا نام تھا۔ [صحيح بخاري: 3572، صحيح مسلم: 2279/6] دوسرے موقع پر صحابہ رضی اللہ عنہم کی تعداد ستر کے لگ بھگ تھی جسے حضرت انس رضی اللہ عنہ کبھی یوں بیان کرتے: ”ستر یا اس کے لگ بھگ۔“ [صحيح بخاري: 3574] کبھی کہتے: ”ساٹھ سے اسّی کے درمیان۔“ [صحيح مسلم: 2279/4] ، کبھی کہتے: ”ستر سے اسّی کے درمیان۔“ [صحيح بخاري: 200] .... بعض قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ستر اور اسّی کی تعداد والے بھی دراصل دو واقعات تھے کیونکہ جس قصے میں ”ستر یا اس کے لگ بھگ“ تعداد کی وضاحت ہے اُس کی ایک روایت میں اِس بات کی صراحت و وضاحت ہے کہ یہ واقعہ سفر میں پیش آیا، نیز اس موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیالے کے اوپر اپنی چار انگلیاں رکھی تھیں۔ [صحيح بخاري: 3574] اور جس روایت میں اسّی یا اسّی سے زائدہ کی تعداد منقول ہے اس میں انگلیوں کو برتن کے اندر رکھنے کا ذکر ہے اور اُس میں مدینہ کے اندر یہ واقعہ پیش آنے کی بھی وضاحت ہے، چنانچہ اس روایت میں ہے:
«حَضَرَتِ الصَّلاةُ فَقَامَ مَنْ كَانَ قَرِيْبَ الدَّارِ مِنَ الْمَسْجِدِ (الى أَهْلِهِ) يَتَوَضَّأُ وَبَفِى قَوم»
”نماز کا وقت ہو گیا تو جن لوگوں کے گھر مسجد کے قریب تھے وہ اپنے گھر والوں کی طرف وضو کرنے کے لیے چلے گئے اور کچھ لوگ باقی رہ گئے (جن کی تعداد اسّی یا کچھ زائد تھی)۔“ [بخاري: 195، 3575] الغرض یہ تین واقعات ہیں: زوراء کے مقام پر 300 صحابہ رضی اللہ عنہم والا، مسجد میں 80 افراد والا اور سفر میں 70 صحابہ رضی اللہ عنہم والا اور ان تمام واقعات و معجزات کے ظہور کے وقت حضرت انس رضی اللہ عنہ موجود تھے اور بعض روایات میں ہے کہ برتن میں پانی اس قدر تھوڑا تھا کہ اس میں بمشکل انگلیاں ڈوبتی تھیں۔ [صحيح مسلم: 7/ 2279] اور برتن بھی اس قدر چھوٹا تھا کہ اس میں ہاتھ پھیلا کر نہیں رکھا جا سکتا تھا۔ [بخاري: 3575، 195]
موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم 61