🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ ابو سمیعہ محمود تبسم حفظہ اللہ
فائدہ: اس عبارت سے ایک مفہوم تو یہ نکلتا ہے کہ پگڑی پرمسح درست ہی نہیں، اسے اتارو، پھر...
فائدہ: اس عبارت سے ایک مفہوم تو یہ نکلتا ہے کہ پگڑی پرمسح درست ہی نہیں، اسے اتارو، پھر بالوں کا مسح کرو، چنانچہ امام مالک رحمہ اللہ آئندہ روایات سے یہی مفہوم ثابت کر رہے ہیں۔ دوسرا مفہوم یہ ہے کہ اکیلی پگڑی پر مسح درست نہیں، ہاں اگر کچھ مسح بالوں پر بھی ہو جائے تو پھر درست ہے۔ امام مالک رحمہ اللہ، امام شافعی رحمہ اللہ اور امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ اکیلی پگڑی پر مسح کے قائل نہیں ہیں، اور امام احمد رحمہ اللہ اس کے قائل ہیں، اس مسئلے میں راجح قول یہ ہے کہ صرف سر کا مسح، صرف پگڑی کا مسح یا سر کے چوتھائی حصے (یعنی ناصیہ) پر مسح کر کے باقی مسح پگڑی پر کر لینا سب درست اور جائز ہے۔ [نيل الاوطار: 257/1، تحفة الأحوذي: 358/1، الروضة الندية: 129/1] حضرت مغیرہ رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے: «أَنَّهُ تَوَضَّأَ وَمَسَحَ بِنَاصِيَتِهِ وَعَلَى الْعِمَامَةِ» يعنى رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو فرمایا اور سر کے اگلے حصے کے بالوں پر اور پگڑی پر مسح فرمایا۔ [مسلم: 274/81] جبکہ حضرت عمرو بن اُمیہ ضمری رضی اللہ عنہ [بخاري: 205] اور خود حضرت مغیرہ بن شعبه رضی اللہ عنہ [ترمذي: 100] کی روایات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اکیلی پگڑی پر مسح کرنا ثابت ہے۔
موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم 67